کرک میں سکیورٹی فورسز کا مشترکہ ٹارگٹڈ آپریشن، کالعدم تنظیم کا انتہائی مطلوب کمانڈر مارا گیا
اشاعت کی تاریخ: 6th, November 2025 GMT
کرک میں سکیورٹی فورسز کے ایک مشترکہ ٹارگٹڈ آپریشن میں کالعدم تنظیم کا انتہائی مطلوب کمانڈر ہلاک ہوگیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا، ضلعی پولیس اور سویلین انٹیلیجنس ادارے نے کرک کے علاقے امبیری کلہ میں مشترکہ ٹارگٹڈ آپریشن کیا، جس میں کالعدم تنظیم کا انتہائی مطلوب کمانڈر جہنم واصل ہوگیا۔
4 گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے مقابلے میں فتنۃ الخوارج کا خطرناک کمانڈر نثار حکیم انجام کو پہنچا جب کہ مقابلے کے دوران 4 پولیس اہل کار معمولی زخمی ہوئے۔ ہلاک دہشتگرد کمانڈر بین الصوبائی دہشتگردی کی سرگرمیوں میں ملوث تھا، جس کے قبضے سے اسلحہ ایمونیشن برآمد ہوا ہے۔
آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے سی ٹی ڈی، کرک پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کامیاب آپریشن پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی جان جوکھوں میں ڈال کر دہشتگردوں کے عزائم خاک میں ملانے والے دلیر سپوت قابل فخر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کی حفاظت اور وطن میں امن کیے لیے خیبرپختونخوا پولیس کے جوان دہشتگردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ثابت ہو رہے ہیں۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
مانجھی خیل چیک پوسٹ حملہ، گورنر خیبرپختونخوا نے رپورٹ طلب کر لی
پشاور:گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ضلع ٹانک کے علاقے مانجھی خیل میں قائم چیک پوسٹ پر ہونے والے حملے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اعلیٰ حکام سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
اپنے بیان میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ہندوستان کے پروردہ خوارج کی مذموم کارروائی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس بزدلانہ حملے میں ہونے والی شہادتوں پر پوری قوم غمزدہ ہے اور شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
گورنر خیبرپختونخوا نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ حملے میں زخمی ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کو ہر ممکن اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ ان کے علاج میں کسی قسم کی کوتاہی نہ ہو۔
فیصل کریم کنڈی نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس دکھ کی گھڑی میں غمزدہ خاندانوں اور شہید اہلکاروں کے ساتھیوں کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحت یابی اور ملک میں امن و استحکام کے لیے دعا بھی کی۔