تبدیلی اور کرپشن کے خاتمے کے دعویدار سے بشریٰ بی بی حلال کرپشن کرواتی رہیں: عظمیٰ بخاری
اشاعت کی تاریخ: 15th, November 2025 GMT
---فائل فوٹو
وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ چار سال تک کوچ اور پیرنی نے بانیٔ پی ٹی آئی کو بیوقوف بنایا، تبدیلی اور کرپشن کے خاتمے کے دعویدار سے بشری بی بی حلال کرپشن کرواتی رہیں۔
عالمی جریدے کی بشریٰ بی بی سے متعلق خصوصی رپورٹ پر عظمیٰ بخاری نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جریدے کی بشریٰ بی بی پر رپورٹ 100 فیصد درست اور حقائق کے مطابق ہے۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے بعد بشریٰ بی بی کے کارناموں کے چرچے عالمی میڈیا میں ہو رہے ہیں، رپورٹ نے جعلی پیرخانے اور روحانیت میں چھپی شیطانیت سے پردہ اٹھایا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنکی، گوگی، کوچ اور بزدار نے مل کر بانی پی ٹی آئی کو چار سال ڈگڈی پر نچایا، جادو ٹونے سے جعلی پیرخانے چلتے ہیں، ملک اور معیشت نہیں چلتے۔
برطانوی جریدے ’The Economist‘ نے سابق وزیرِاعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر خصوصی رپورٹ تیار کی ہے جس میں تہلہ خیر انکشافات کیے گئے ہیں۔’دی اکنامسٹ‘ نے لکھا ہے کہ سابق وزیراعظم کی بشریٰ بی بی سے تیسری شادی نے اِن کی صرف ذاتی زندگی نہیں بلکہ اِن کے اندازِ حکمرانی پر بھی سوالات کھڑے کیے۔
عظمیٰ بخاری کا یہ بھی کہنا تھا کہ مخالفین کو دیوار میں چنوانے والوں کی روحانیت تین سال سے دفن ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز اور رانا ثناءاللّٰہ کو بشریٰ بی بی کی فرمائش پر مینٹل ٹارچر کیا جاتا تھا، آج مریم نواز کی حکومت میں بشریٰ بی بی کو جیل میں بی کلاس کی سہولتیں مہیا کی جا رہی ہیں، یہ اپنا اپنا ظرف ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: کی بشری
پڑھیں:
مانجھی خیل چیک پوسٹ حملہ، گورنر خیبرپختونخوا نے رپورٹ طلب کر لی
پشاور:گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ضلع ٹانک کے علاقے مانجھی خیل میں قائم چیک پوسٹ پر ہونے والے حملے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اعلیٰ حکام سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
اپنے بیان میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ہندوستان کے پروردہ خوارج کی مذموم کارروائی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس بزدلانہ حملے میں ہونے والی شہادتوں پر پوری قوم غمزدہ ہے اور شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
گورنر خیبرپختونخوا نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ حملے میں زخمی ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کو ہر ممکن اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ ان کے علاج میں کسی قسم کی کوتاہی نہ ہو۔
فیصل کریم کنڈی نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس دکھ کی گھڑی میں غمزدہ خاندانوں اور شہید اہلکاروں کے ساتھیوں کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحت یابی اور ملک میں امن و استحکام کے لیے دعا بھی کی۔