ایف سی دہشت گردی کیخلاف آپریشنز، قومی منصوبوں کی سکیورٹی میں ہمیشہ صف اول میں: محسن نقوی
اشاعت کی تاریخ: 3rd, December 2025 GMT
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے ) وزیر داخلہ محسن نقوی نے چارسدہ میں فیڈرل کانسٹیبلری ٹریننگ سینٹر شب قدر میں فیڈرل کانسٹیبلری کے قیام کے بعد پہلے بیج کی پاسنگ آوٹ پریڈ میں شرکت کی۔ کمانڈنٹ فیڈرل کانسٹیبلری نذیر گاڑا اور اعلیٰ حکام نے محسن نقوی کا خیر مقدم کیا۔ وزیر داخلہ نے پریڈ کا معائنہ کیا۔ محسن نقوی نے پیشہ ورانہ مہارت کے شاندار مظاہروں کو سراہا اور جوانوں کی عملی تربیت کی تعریف کی اور جوانوں میں انعامات تقسیم کئے۔ محسن نقوی نے خطاب میں کہا کہ شاندار پریڈ دیکھ کر مجھے خوشی ہوئی۔ آپ سب مستعد اور منظم ہیں اور اپنے مشن کے لئے پوری تیار ہیں۔ آپ کی یہ کارکردگی نہ صرف جسمانی تربیت کو ظاہر کرتی ہے۔ بلکہ آپ کے حوصلے، عزم اور اس ملک کے خدمت کے جذبے کو بھی ظاہر کرتی ہے۔ فرنٹئر کانسٹیبلری اب فیڈرل کانسٹیبلری بن چکی ہے اور اس فورس کی تاریخ ایک صدی سے بھی زیادہ پرانی ہے۔ یہ فورس دہشتگردی کے خلاف آپریشنز، سرکاری تنصیبات کی حفاظت، قومی منصوبوں کی سکیورٹی اور امن و امان کی ذمہ داریوں میں ہمیشہ صف اول رہی ہے۔ بڑھتے ہوئے کردار کیلئے ضروری تھا کہ اس فورس کا قانونی ڈھانچہ بھی جدید تقاضوں کے مطابق ہو۔ اس تبدیلی کیلئے قانونی اصلاحات ناگزیر تھیں اور مجھے فخر ہے کہ فیڈرل حکومت اور ہماری وزارت نے اس مقصد کے لیے مسلسل کوششیں کیں اور نئے آرڈیننس کی صورت میں تاریخی فورس کو جدید، مضبوط اور مؤثر قانونی بنیاد فراہم کی گئی ہے۔ وزارت نے یہ بھی یقینی بنایا کہ ایف سی کے شہداء کے خاندانوں کو بہترین سہولتیں ملیں۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
آزاد کشمیر کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 54 ارب روپے سے زائد فنڈز تجویز
اسلام آباد: پی ایس ڈی پی 2026-27 کے تحت وفاقی حکومت نے آزاد جموں و کشمیر میں ترقیاتی، تعلیمی، صحت، توانائی، مواصلات اور بنیادی ڈھانچے کے مختلف منصوبوں کے لیے 54 ارب 17 کروڑ 37 لاکھ روپے سے زائد فنڈز مختص کرنے کی تجویز پیش کر دی ہے۔
بجٹ دستاویزات کے مطابق جاری ترقیاتی منصوبوں کے لیے 43 ارب 10 کروڑ 54 لاکھ روپے جبکہ نئے منصوبوں کے لیے 3 ارب 94 کروڑ 45 لاکھ روپے سے زائد فنڈز رکھنے کی سفارش کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ آزاد کشمیر بلاک ایلوکیشن کے لیے 33 ارب روپے اور وزیراعظم کے خصوصی ترقیاتی پیکج کے لیے 5 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
پی ایس ڈی پی 2026-27 میں تعلیمی شعبے کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔ آزاد کشمیر کے چار اضلاع میں دانش سکولوں کے قیام اور توسیع کے منصوبوں کے لیے 6 ارب 27 کروڑ روپے سے زائد فنڈز تجویز کیے گئے ہیں۔ ضلع باغ کے ہاڑی گہل میں دانش سکول کے لیے 2 ارب 14 کروڑ روپے، بھمبر میں 60 کروڑ روپے، وادی نیلم کے شاردا میں ایک ارب 55 کروڑ روپے جبکہ حویلی کہوٹہ میں دانش سکول کے قیام کے لیے 2 ارب 9 کروڑ روپے مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
توانائی کے شعبے میں جگراں-II ہائیڈرو پاور منصوبے کے لیے ایک ارب 14 کروڑ 94 لاکھ روپے، شاردا-II منصوبے کے لیے 10 کروڑ روپے اور نگدر ہائیڈرو پاور منصوبے کے لیے 30 کروڑ روپے تجویز کیے گئے ہیں۔ دواریاں ہائیڈرو پاور منصوبہ بھی ترقیاتی پروگرام میں شامل ہے۔
بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کمپلیکس، رٹھوعہ ہریام پل اور نوسیری لیسوا بائی پاس روڈ سمیت متعدد منصوبوں کے لیے فنڈز رکھنے کی سفارش کی گئی ہے۔
صحت کے شعبے میں میرپور، مظفرآباد اور راولاکوٹ کے میڈیکل کالجوں کے انفراسٹرکچر اور سہولیات کی بہتری کے لیے کروڑوں روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ میرپور واٹر سپلائی و سیوریج اسکیم، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور ایل او سی متاثرین کی بحالی کے منصوبوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
دستاویزات کے مطابق آزاد کشمیر میں لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزیشن، آسان خدمت مرکز مظفرآباد، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی استعداد کار میں اضافے اور گورنمنٹ کالجز آف ٹیکنالوجی کے قیام کے منصوبوں کے لیے بھی فنڈز تجویز کیے گئے ہیں۔
حکومت نے آئندہ مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں تعلیم، صحت، توانائی، سڑکوں کے انفراسٹرکچر اور شہری سہولیات کے منصوبوں کو خصوصی ترجیح دی ہے۔