آسٹریلیا نے چیمپئنز ٹرافی کیلئے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا
اشاعت کی تاریخ: 13th, January 2025 GMT
میلبرن:
آسٹریلیا نے چیمپئنز ٹرافی کیلئے اپنے ابتدائی 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔
آسٹریلوی بورڈ کے مطابق 19 فروری سے پاکستان میں شروع ہونے والے ٹورنامنٹ میں پیٹ کمنز آسٹریلوی ٹیم کی قیادت کریں گے۔
سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ میں ٹیم سے ڈراپ ہونے والے جوش ہیزل ووڈ اور آل راؤنڈر مچل مارش کی ٹیم میں واپس ہوئی ہے جبکہ میٹ شارٹ اور ایرون ہارڈی بھی اسکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔
اسکواڈ میں شمولیت کے باوجود ٹیسٹ اور ون ڈے کپتان پیٹ کمنز کی ٹورنامنٹ میں شرکت پر غیریقینی کے بادل منڈلا رہے ہیں۔ پیٹ کمنز حال ہی میں بھارت کیخلاف بارڈر گاوسکر ٹرافی کے دوران ٹخنے کی تکلیف کا شکار ہوگئے تھے، جبکہ انکی اہلیہ کے ہاں عنقریب دوسرے بچے کی پیدائش بھی متوقع ہے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی نے لازمی قرار دیا ہے کہ آٹھ شریک ممالک کو 19 فروری کو ٹورنامنٹ کے آغاز سے پانچ ہفتے قبل اپنے ابتدائی 15 رکنی اسکواڈ کا نام دینا ہے۔
ٹیموں کو پہلے میچ سے ایک ہفتہ قبل تک اسکواڈ میں تبدیلیاں کرنے کی اجازت ہوگی۔ اس تاریخ کے بعد کسی بھی تبدیلی کے لیے آئی سی سی کی منظوری درکار ہوتی ہے۔
چیمپئنز ٹرافی میں آسٹریلیا اپنا پہلا میچ 22 فروری کو انگلینڈ کیخلاف کھیلے گا۔ آسٹریلیا کو گروپ بی میں افغانستان، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے ساتھ رکھا گیا ہے، ان کے تمام گروپ میچز پاکستان میں لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔
یہی اسکواڈ ہمبنٹوٹا میں سری لنکا کیخلاف ایک واحد ون ڈے میچ بھی کھیلے گا چیمپئنز ٹرافی سے قبل ٹیم کا واحد وارم اپ میچ ہوگا۔
چیمپئنز ٹرافی کے لیے آسٹریلیا کا اسکواڈ: پیٹ کمنز، ایلکس کیری، ناتھن ایلس، آرون ہارڈی، جوش ہیزل ووڈ، ٹریوس ہیڈ، جوش انگلس، مارنس لیبوشین، مچل مارش، گلین میکسویل، میٹ شارٹ، اسٹیو اسمتھ، مچل اسٹارک، مارکس اسٹوئنس، ایڈم زمپا
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: چیمپئنز ٹرافی پیٹ کمنز
پڑھیں:
حکومت نے پی آئی اے کی نجکاری کیلئے اشتہار جاری کردیا
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ایک بار پھر پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن پی آئی کی نجکاری کیلئے کوششیں تیز کر تے ہوئے اشتہار جاری کردیا۔وفاقی حکومت نے پی آئی اے کی نجکاری کیلئے اشتہار جاری کرتے ہوئے بولیاں طلب کرلیں، اظہار دلچسپی کی درخواستیں آج طلب کی جائیں گی۔نجکاری کمیشن کے مطابق نجکاری میں دلچسپی کی درخواستیں 3 جون تک جمع کرائی جاسکتی ہیں، ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو کم از کم ایک ماہ کی مہلت دی جائے گی۔نجکاری کمیشن کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت پی آئی اے کے 51 سے 100 فیصد تک شیئرز فروخت کرنا چاہتی ہے، پی آئی اے ایک ہفتے میں 268 پروازیں آپریٹ کرتی ہے، جبکہ نجکاری کے نتیجے میں مینجمنٹ کنٹرول بھی نجی شعبے کو منتقل کیا جائے گا۔نجکاری کمیشن کے مطابق حکومت پاکستان پی آئی اے میں اکثریتی شیئر ہولڈر ہے، جبکہ پی آئی اے کا منافع بخش روٹس پر کامیاب آپریشن جاری ہے. نجکاری کے ذریعے پی آئی اے کی ترقی کا امکان ہے۔