بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ سے چوڑی کی صنعت متاثر ہے،عبدالجبار
اشاعت کی تاریخ: 14th, January 2025 GMT
حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے خوراک و سابق ایم پی اے عبدالجبار خان نے کہا ہے کہ حیدرآباد میں بجلی اور سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ کا فوری خاتمہ اور گھریلو و کمرشل صارفین کو ریلیف فراہم کیا جائے۔ انہو ں نے کہا کہ بدقسمتی سے سندھ کا دوسرا بڑا شہر حیدرآباد اس وقت بجلی اور گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ کا شکار ہے، لوڈشیڈنگ کی وجہ سے گھروں میں خواتین کی پریشانی کے ساتھ ساتھ دکاندار اور کاروباری طبقہ بھی بری طرح پریشان ہے، گیس کی قیمتوں میں اضافے اور لوڈشیڈنگ کی وجہ سے سب سے زیادہ حیدرآباد میں چوڑی کی صنعت متاثر ہوئی ہے جس سے وابستہ 2 لاکھ سے زائد افراد معاشی بدحالی کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی اور گیس ہر گھر کی ضرورت ہے، اس کے بغیر گزارہ ممکن نہیں جس میں خاص طورپر سوئی گیس کی اہمیت بہت زیادہ ہے، گیس کی لوڈشیڈنگ کی و جہ سے زیادہ تر افراد ایل پی جی استعمال کر رہے ہیں جو اضافی بوجھ ہے اور اس کے سبب مہنگائی کے اس دور میں عام آدمی معاشی پریشانی کا بھی شکار ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی جو غریب عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کر رہی ہے، اس صورتحال پر خاموش نہیں رہ سکتی، وفاقی حکومت اس کا نوٹس لے اور مسئلہ حل کرے۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
جہلم ویلی، امتحانی نتائج میں فیل ہونے پر طالب علم کی خودکشی
جہلم ویلی کی تحصیل ہٹیاں بالا کے نواحی علاقے مکنیٹ میں انٹرمیڈیٹ کے 17 سالہ طالب علم نے مبینہ طور پر امتحانی نتائج میں فیل ہونے پر خودکشی کر لی۔
پولیس کے مطابق حبیب ولد صابر شاہ نے گھر کے قریب درخت سے لٹک کر اپنی زندگی کا خاتمہ کیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق وہ کمپیوٹر کے مضمون میں فیل ہونے کے بعد شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھا۔
یہ بھی پڑھیں:بھارت: بیٹی کو قتل کرکے خود کشی کا رنگ دینے والا باپ گرفتار
ذرائع کے مطابق حبیب گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول شاریاں کا سابق ٹاپر تھا اور انتہائی ذہین و محنتی طالب علم کے طور پر جانا جاتا تھا۔ امتحانی نتائج کے بعد اس کی ذہنی کیفیت متاثر ہوئی، جس کے نتیجے میں اس نے افسوسناک قدم اٹھایا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور تمام پہلوؤں سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔ لاش کو ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
اہلِ علاقہ نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی دباؤ اور نتائج کے خوف سے نوجوانوں کی ذہنی صحت پر توجہ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
تحصیل ہٹیاں بالا جہلم ویلی خود کشی