القادر ٹرسٹ فیصلے کے بعد مذاکرات پر کیا اثر پڑے گا؟
اشاعت کی تاریخ: 17th, January 2025 GMT
پاکستان تحریک انصاف 26 نومبر کے ناکام احتجاج کے بعد سے قدرے کمزور پوزیشن میں نظر آتی ہے، اور دسمبر کے وسط میں پاکستان تحریک انصاف نے حکومت کے ساتھ مذاکرات پر مشروط آمادگی ظاہر کی۔
اس ہفتے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے حکومت کو تحریری صورت میں جو مطالبات پیش کیے گئے اُن میں اوّلین بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کا مطالبہ تھا،القادر ٹرسٹ کے فیصلے کے بعد جس میں عمران خان صاحب کو 14 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
9 مئی اور 26 نومبر کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے عدالتی کمیشن بنانے کے مطالبات بھی بظاہر پورے ہوتے نظرنہیں آتے کیونکہ حکومتی مؤقف یہ ہے کہ ان واقعات کے حوالے سے مقدمات عدالتوں میں زیر التوا ہیں، اس لیے عدالتی تحقیقاتی کمیشن نہیں بنایا جاسکتا۔
اگر دیکھا جائے تو 26 نومبر کی ناکامی کے بعد القادر ٹرسٹ مقدمے میں عمران خان کو سزا سنائے جانے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کو خاصا دھچکا پہنچا ہے۔
اس ساری صورتحال میں کیا حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کا جاری رہنا ممکن ہے؟ اور پاکستان تحریک انصاف کا مؤقف کیا ہے؟
پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اور معروف قانون دان بیرسٹرعلی ظفر نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس مقدمے کے فیصلے سے مذاکرات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، مذاکرات چلتے رہیں گے اور ہم اپنی عدالتی جنگ بھی لڑتے رہیں گے۔
اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ اس فیصلے کے خلاف ہائیکورٹ میں اپیل دائر کریں گے اور اگلے 10 دن میں یہ فیصلہ ختم ہو جائے گا، عمران خان بھی یہی کہتے ہیں کہ مذاکرات میں انہوں نے اپنے لیے کچھ نہیں مانگا، وہ اپنے مقدمات لڑتے رہیں گے اور انصاف کے لیے کوشش کریں گے۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہرعلی خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت کے مطابق مذاکرات جاری رہیں گے لیکن اگر ایک ہفتے میں ہمارے مطالبات پر پیشرفت نہیں ہوتی تو یہ مذاکرات ختم بھی ہوسکتے ہیں۔
مذاکرات کا جاری رہنا مشکل نظر آتا ہے، ابصار عالممعروف صحافی اور تجزیہ نگار ابصار عالم نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات جاری رہنے کا امکان بہت کم ہے کیونکہ حکومت نے پی ٹی آئی کا تجویز کردہ عدالتی کمیشن بنانے سے تو انکار کر دیا ہے، حکومت کا کہنا ہے کہ کیونکہ مقدمات عدالتوں میں چل رہے ہیں اس لیے کمیشن نہیں بن سکتا، دوسری طرف پی ٹی آئی کی جانب سے ایک ہفتے کی ڈیڈلائن دی گئی ہے تو بظاہر مذاکرات کا جاری رہنا مشکل نظر آتا ہے۔
ابصار عالم نے کہا کہ مذاکرات کے ساتھ ساتھ ٹریک ٹو یا بیک گراؤنڈ میں جو ڈپلومیسی چل رہی ہے اُس میں چیزیں کتنی کامیابی حاصل کرپاتی ہیں یہ دیکھنا پڑے گا، لیکن اِس کے لیے عمران خان کو اپنی احتجاج اور پروپیگنڈا کے طریقوں سے پیچھے ہٹنا پڑے گا کیونکہ اس وقت مخالفین کا پلڑا بھاری نظر آرہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ القادر ٹرسٹ ایسا مقدمہ ہے جس کا تناظر بین الاقوامی ہے اور جس مقدمے میں برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی تحقیقات کر چُکی ہے تو باقی مقدمات کے برعکس، اس مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف کے پاس پروپیگنڈا کرنے کا مارجن کم ہے، جیسے دیگر مقدمات کے بارے میں وہ ہمیشہ سے یہ تاثر دیتے رہے ہیں کہ یہ یہ مقدمات غلط قائم کئے گئے ہیں لیکن اِس مقدمے کے بارے میں وہ یہ نہیں کہہ سکتے۔
انہوں نے کہا کہ ملک ریاض اور علی ریاض اس مقدمے کی وجہ سے برطانیہ نہیں جاسکتے۔
ایک سوال کے جواب کہ گزشتہ روز آرمی چیف سے ملاقات کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی قیادت بڑی پرجوش نظر آرہی تھی، ابصار عالم نےکہا کہ ایسا حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان غلط فہمیاں پھیلانے کے لیے دانستہ کیا جاتا ہے، کیونکہ حکومت اور اپوزیشن دونوں چاہتے ہیں کہ اسٹیبلشمنٹ ان کی سائیڈ پر ہو۔ اور پی ٹی آئی قیادت کا ملاقات کے بعد پرجوش ردعمل حکومتی حلقوں میں پریشانی پھیلانے کے لیے بھی ہوسکتا ہے، اسی لیے اسٹیبلشمنٹ کو ذرائع کے ذریعے سے خبر جاری کروانا پڑی کہ ملاقات میں صرف سیکیورٹی معاملات پر بات ہوئی۔
مذاکرات پی ٹی آئی کا دانشمندانہ فیصلہ ہے، احمد بلال محبوبپاکستان انسٹی ٹیوٹ آف لیجسلیٹو ڈویلپمنٹ اینڈ ٹرانسپیرنسی کے صدر احمد بلال محبوب نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو سزا سنائے جانے سے پاکستان تحریک انصاف اور حکومت کے درمیان جاری مذاکرات پر کوئی فرق نہیں پڑے گا، یہ بات حکومت بھی کہہ چُکی ہے اور پی ٹی آئی بھی۔دوسری بات یہ ہے کہ سزا کا فیصلہ عدالت سے آیا ہے اور عدالت ہی کے ذریعے اِس فیصلے کو بدلا جا سکتا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں کہ عدالتی فیصلوں میں حکومت کس طرح سے پاکستان تحریک انصاف کی مدد کر سکتی ہے، احمد بلال محبوب نے کہا کہ حکومت کا اگر ارادہ ہو کہ وہ عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کو سہولیات دینا چاہتی ہے تو وہ بنی گالا کو سب جیل قرار دے سکتی ہے جہاں عمران خان آرام سے رہ سکتے ہیں، دوسرے یہ کہ جب یہ مقدمے ہائی کورٹ کے سطح پر آئیں تو حکومتی پراسیکیوشن اِن کی سختی سے مخالفت نہ کرے۔
اُنہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے بہت سارے طریقے آزما کے دیکھ لیا، اُنہوں نے ہنگامے کرلیے، احتجاج کرلیا لیکن جب انہیں محسوس ہوا کہ حکومت اور اسٹیبلشمنٹ دباؤ میں آنے کو تیار نہیں اور اس سب سے انہیں کچھ حاصل نہیں ہوا تو اس کے بعد انہوں نے اپنا لائحہ عمل بدلنے کے بارے میں سوچا۔
’کوئی کھڑکی دروازہ تلاش کرنے کی کوشش اچھی چیز ہے‘پی ٹی آئی کی مذاکرات پر آمادگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے اںہوں نے کہا کہ انہیں لگتا ہے یہ ان کا اندازہ ہے کہ پی ٹی آئی کی سوچ میں تبدیلی ایک تو 26 نومبر کے ناکام احتجاج سے آئی دوسرے جنرل فیض حمید کی گرفتاری اور تفتیش کے بعد جو چیزیں سامنے آئیں، ہوسکتا ہے اُنہیں وہ چیزیں دکھائی گئی ہوں اور وہ اتنی نقصان دہ ہوں کہ پی ٹی آئی نے بیک ڈور ڈپلومیسی اختیار کرلی ہو۔ لیکن جو بھی ہے مذاکرات ایک خوش آئند فیصلہ ہے، دیوار کو ٹکر مارنے کی بجائے کوئی کھڑکی دروازہ تلاش کرنے کی کوشش اچھی چیز ہے۔
پی ٹی آئی قیادت اور اسٹیبلشمنٹ ملاقات؛ ایسی ملاقاتوں کے نتائج دو چار مہینے بعد سامنے آتے ہیں؛ ندیم افضل چنوی نیوز کے سوال کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی قیادت، اسٹیبلشمنٹ سے ملاقات کے بعد بہت پُراُمید اور پرجوش نظر آرہی تھی تو کیا یہ خوشی بے معنی تھی، سابق وفاقی وزیر ندیم افضل چن نے کہا ایسی ملاقاتوں کے نتائج دو چار مہینوں بعد سامنے آتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ جو کوئی بھی اِس وقت ملک کے لئے نہیں سوچ رہا وہ قومی مجرم ہے۔ حکومت اور اپوزیشن دونوں کو اپنی انا چھوڑ کر مذاکرات کرنے چاہیئں، مذاکرات کے مستقبل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ سیاست میں مذاکرات تو ہمیشہ چلتے رہتے ہیں اور یہ چلتے رہنے چاہئیں۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
.
ذریعہ
ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: پاکستان تحریک انصاف کے پی ٹی ا ئی کی القادر ٹرسٹ کے بارے میں مذاکرات پر ابصار عالم کرتے ہوئے حکومت اور نے کہا کہ کہ حکومت انہوں نے رہیں گے کے لیے ہیں کہ اور اس کے بعد
پڑھیں:
ایران، امریکا مذاکرات: یورپی یونین بھی پاکستان کے کردار کی معترف لیکن مسئلے کا حل تاحال تاخیر کا شکار کیوں؟
ایران امریکا مذاکرات میں دُنیا پاکستان کے ثالثی کردار کی تعریف کر رہی ہے۔ یورپی یونین کی نائب صدر کاجا کالاس نے گزشتہ روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے کردار کی زبردست تعریف کی۔
اس سے قبل پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے دورہ واشنگٹن کے دوران جب امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات کی تو انہوں نے بھی پاکستان کے کردار کی کھل کر تعریف کی۔
لیکن اِس سب کے باوجود امریکا ایران تنازعے کا پائیدار حل نظر نہیں آ رہا جس کی بُنیادی وجہ دونوں فریقین کے درمیان اعتماد کا فقدان اور اسرائیل کی جانب سے غزہ اور اب لبنان میں نہ رُکنے والی جنگی جارحیت ہے، حالاں کہ ایرانی وزیرِخارجہ عباس عراقچی نے اس بات کو کھل کر دُہرایا کہ جنگ بندی معاہدے میں لبنان بھی شامل ہے۔
گزشتہ 10 روز میں کیا پیش رفت ہوئی؟مختلف سفارتی ذرائع کے مطابق حالیہ دنوں میں تہران اور واشنگٹن کے درمیان متعدد بالواسطہ رابطے اور مذاکرات ہوئے جن کے بنیادی نکات میں جنگ بندی پر عملدرآمد، آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کا تحفظ، پابندیوں میں ممکنہ نرمی، منجمد ایرانی اثاثوں کا معاملہ اور ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق اختلافات کو دور کرنا شامل تھا۔
مغربی میڈیا کے مطابق فریقین ایک عبوری معاہدے کے قریب پہنچ گئے تھے تاہم ایرانی حُکام ایسی خبروں کی تردید کر رہے ہیں۔ ایرانی حُکام اپنا مؤقف کھل کر بیان کر رہے ہیں کہ کسی بھی حتمی معاہدے کے اعلان سے قبل عملی اقدامات اور قابلِ تصدیق ضمانتیں ضروری ہیں، یہی وجہ ہے کہ مذاکرات جاری ہونے کے باوجود حتمی پیش رفت کا اعلان ابھی تک سامنے نہیں آیا۔
لبنان پر اسرائیلی جارحیت اور ایرانی وزیرِ خارجہ کا بیانتازہ ترین اور شاید سب سے اہم پیش رفت ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کے اس بیان کی صورت میں سامنے آئی جس میں انہوں نے واضح کیا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والی کسی بھی جنگ بندی کا اطلاق پورے خطے پر ہوگا۔
عباس عراقچی نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان سیز فائر کا اطلاق ’تمام محاذوں پر مکمل جنگ بندی‘ سے تعبیر ہے، جس میں لبنان بھی شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’اگر کسی ایک محاذ پر جنگ بندی کی خلاف ورزی ہوئی تو اسے تمام محاذوں پر جنگ بندی کی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا اور اس کے نتائج کی ذمہ داری امریکا اور اسرائیل پر عائد ہوگی‘۔
پاکستان کی تازہ سفارتکاری کوششیںگزشتہ 10 روز کے دوران پاکستان کی سفارتی سرگرمیوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے تہران کے دورے، ایرانی قیادت سے ملاقاتیں اور پاکستانی حکام کی مسلسل رابطہ کاری نے یہ تاثر مضبوط کیا کہ اسلام آباد تہران اور واشنگٹن کے درمیان ایک اہم سفارتی چینل کے طور پر کام کر رہا ہے۔
اسی دوران پاکستان کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے دورہ تہران نے سفارتی حلقوں کی خصوصی توجہ حاصل کی۔ متعدد مبصرین کے مطابق پاکستان صرف پیغامات منتقل نہیں کر رہا بلکہ اعتماد سازی اور مذاکراتی عمل کو برقرار رکھنے میں بھی کردار ادا کر رہا ہے۔
واشنگٹن میں اسحاق ڈار اور مارکو روبیو کی ملاقاتپاکستان کی سفارت کاری کی اہمیت اس وقت مزید نمایاں ہوئی جب نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات ہوئی۔اس ملاقات میں ایران، امریکا مذاکرات، علاقائی سلامتی، آبنائے ہرمز اور پاکستان کی سفارتی کوششوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
امریکی قیادت کی جانب سے پاکستان کے کردار کو سراہا جانا اس بات کا اشارہ تھا کہ واشنگٹن اسلام آباد کو ایک مؤثر رابطہ کار کے طور پر دیکھ رہا ہے۔
یورپی یونین کی غیر معمولی تائیدیکم جون 2026 کو اسلام آباد میں ہونے والے 8 ویں پاکستان، یورپی یونین اسٹریٹجک ڈائیلاگ نے پاکستان کی سفارتی حیثیت کو مزید تقویت دی۔
اجلاس کی صدارت پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ کاجا کلاس نے مشترکہ طور پر کی جس کے بعد جاری مشترکہ اعلامیے کا سب سے اہم پہلو یہ تھا کہ کاجا کالاس نے ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی کی پاکستانی کوششوں کو تعمیری اور بامعنی قرار دیا۔
اعلامیے میں خاص طور پر امریکا اور ایران کے درمیان پاکستان کی ثالثی اور اسلام آباد مذاکرات کا ذکر کیا گیا ہے۔ یورپی یونین نے نہ صرف پاکستان کے کردار کو سراہا بلکہ آبنائے ہرمز میں آزاد اور محفوظ بحری آمدورفت کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
یہ ایک غیر معمولی سفارتی پیش رفت ہے کیونکہ اس سے قبل پاکستان کی ثالثی کو زیادہ تر علاقائی تناظر میں دیکھا جا رہا تھا، جبکہ اب یورپی یونین بھی اسے باضابطہ طور پر تسلیم کر رہی ہے۔
’آبنائے ہرمز ‘ مذاکرات کا اصل مرکزموجودہ بحران میں ’آبنائے ہرمز‘ صرف ایک بحری گزرگاہ نہیں بلکہ عالمی سیاست اور معیشت کا مرکزی نقطہ بن چکی ہے۔ دنیا کے بیشتر ممالک کو توانائی سپلائی کا ایک بڑا حصہ اسی راستے سے گزرتا ہے۔اسی لیے ایران، امریکا، یورپی یونین اور پاکستان سب اس بات پر متفق دکھائی دیتے ہیں کہ ’آبنائے ہرمز‘ میں کشیدگی کم کرنا اور محفوظ جہاز رانی کو یقینی بنانا ضروری ہے۔
اگرچہ جنگ بندی برقرار ہے، سفارتی رابطے بھی جاری ہیں لیکن اختلافی مسائل اب بھی باقی ہیں۔تاہم ایک حقیقت واضح ہے کہ ’ مذاکرات ٹوٹے نہیں بلکہ آگے بڑھے ہیں‘۔
امریکا، ایران، پاکستان اور یورپی یونین سب سفارتی راستے کو زندہ رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اگر آنے والے ہفتوں میں کوئی عبوری معاہدہ، توسیع شدہ جنگ بندی یا وسیع علاقائی سلامتی فریم ورک وجود میں آتا ہے تو پاکستان کو صرف ایک سہولت کار نہیں بلکہ اس پورے سفارتی عمل کے اہم معماروں میں شمار کیا جائے گا۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
اسرائیل امریکا ایران پاکستان تہران سفارت کاری کاجا کالاس مذاکرات واشنگٹن یورپی یونین