سکھر: یو اے ای کا ڈسٹرکٹ کونسل کے ممبران کو مفت ویزا فراہم کرنے کا اعلان
اشاعت کی تاریخ: 19th, January 2025 GMT
سکھر (نمائندہ جسارت) متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل ڈاکٹر بخیت عتیق الرومیثی نے ڈسٹرکٹ کونسل کے تمام ممبران کو متحدہ عرب امارات کا مفت ویزا فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ضلع کونسل میں اجلاس سے خطاب اور بعد ازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور یو اے ای کے تعلقات محبت اور احترام پر مبنی ہیں، سکھر میں یو اے ای کے قومی دن کے شاندار چراغاں پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی ہمارے ملک کے بزرگ لوگ پاکستان کا ذکر کرتے ہیں، فوراً ان کے زبان پر سکھر کا نام آتا ہے، جب سے یو اے ای وجود میں آیا، پاکستان نے ہمارا بہت ساتھ دیا ہے۔ پاکستانی ذہین قوم ہے، یو اے ای میں 20 لاکھ پاکستانی رہائش پذیر ہیں، متحدہ عرب امارات میں صحت کے شعبے میں اعلیٰ عہدے پر پاکستانی خاتون کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ کونسل سکھر کے تمام اراکین کو یو اے ای کا ویزا دینے کا اعلان کرتا ہوں، سکھر میں وومن اور چلڈرن اسپتال کے قیام کے منصوبے پر عمل کریں گے، وومن ایمپاورمنٹ پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، متحدہ عرب امارات میں خواتین آگے نکل چکی ہیں، خواتین کا ملک کو آگے لے جانے میں اہم کردار ہے، خواتین کو با اختیار بنانے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: متحدہ عرب امارات یو اے ای
پڑھیں:
اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا قطر حملے پر اسرائیل کے احتساب کا مطالبہ
جنیوا: اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں پاکستان سمیت کئی ممالک نے قطر پر اسرائیلی فضائی حملے کے بعد اسرائیل کے کڑے احتساب کا مطالبہ کیا ہے۔
رائٹرز کے مطابق 9 ستمبر کو دوحہ میں اسرائیلی طیاروں نے ان مقامات کو نشانہ بنایا جہاں حماس رہنما غزہ کے لیے امریکی جنگ بندی منصوبے پر غور کر رہے تھے۔ اس حملے میں حماس کے پانچ رہنما اور ایک قطری سیکیورٹی اہلکار جاں بحق ہوئے۔
اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ فولکر ترک نے اس حملے کو بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی اور علاقائی امن پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی ہلاکتوں پر احتساب ضروری ہے۔ قطر اور کئی ممالک نے ان کے مؤقف کی حمایت کی۔
قطری وزیر مریم المیسند نے حملے کو غدارانہ قرار دے کر عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ اسرائیل کو سزا دی جا سکے۔ پاکستانی سفیر بلال احمد نے خبردار کیا کہ یہ حملہ خطے میں خطرناک بگاڑ پیدا کرے گا۔
دوسری جانب اسرائیل اور امریکا نے اجلاس میں شرکت نہیں کی۔ جنیوا میں اسرائیلی سفیر نے اس بحث کو انسانی حقوق کونسل کی زیادتیوں کا حصہ قرار دیا اور الزام لگایا کہ یہ فورم اسرائیل مخالف پروپیگنڈے کے لیے استعمال ہو رہا ہے۔
یورپی یونین، چین اور جنوبی افریقہ نے بھی اسرائیل کے اقدام کی سخت مذمت کرتے ہوئے قطر کی خودمختاری اور علاقائی استحکام کی حمایت کی۔ جنوبی افریقہ کے نمائندے نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری اسرائیل کو استثنا دینے کے بجائے اس کا احتساب یقینی بنائے۔