اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہ دینے کا معاملہ؛ لاہور ہائیکورٹ کا الیکشن کمیشن سے جواب طلب
اشاعت کی تاریخ: 23rd, January 2025 GMT
لاہور:
اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہ دینے کے خلاف درخواست پر لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن سمیت دیگر فریقین کو جواب جمع کروانے کا حکم دے دے دیا۔
جسٹس شاہد کریم نے انٹرنیشنل لائرز ایسوسی ایشن کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
وکیل درخواست گزار نے کہا کہ الیکشن کمیشن سمیت کسی فریق نے جواب داخل نہیں کروایا، جس پر عدالت نے فریقین کو جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
ہائیکورٹ نے سماعت فروری کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے درخواست پر وفاقی حکومت سمیت فریقین سے جواب طلب کر رکھا تھا۔
درخواست میں موقف تھا کہ سمندر پار پاکستانیوں کی دنیا بھر میں تقریباً تعداد ایک کروڑ ہے، سمندر پار پاکستانی سالانہ اربوں ڈالر کا زرمبادلہ بھجواتے ہیں، دنیا بھر میں اوورسیز پاکستان کا مثبت چہرہ ہیں اس لیے سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہ دینا بنیادی حقوق کے خلاف ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت حکومت پاکستان کو اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے لیے قانون سازی کا حکم دے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
اسلام آباد ہائیکورٹ کا چیئرمین پی ٹی اے کو ہٹانے کا حکم، فیصلہ چیلنج
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے چیئرمین کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ چیئرمین پی ٹی اے کی تعیناتی قانونی طور پر درست نہیں ہوئی لہٰذا چیئرمین پی ٹی اے کو فوری طور پر عہدے سے ہٹایا جائے۔ عدالت نے حکم دیا کہ پی ٹی اے میں سینیئر ممبر کو چیئرمین پی ٹی اے عارضی طور پر تعینات کیا جائے۔ جسٹس بابر ستار نے 99 صفحات پر تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔ دریں اثناء چیئرمین پی ٹی اے نے عہدے سے ہٹائے جانے کے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کو چلینج کردیا۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی اے حفیظ الرحمن قوانین اور ضوابط کے مطابق اپنے کام انجام دے رہے ہیں اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اس اپیل کو تقرری قانونی ثابت کرنے کیلئے دائر کیا ہے۔ چیئرمین پی ٹی اے نے عدالت سے اپیل کو فوری سماعت کیلئے مقرر کرنے کی استدعا بھی کی ہے۔