امریکا: جنوبی کیلیفورنیا میں 5 مزید مقامات پر آگ بھڑک اٹھی
اشاعت کی تاریخ: 24th, January 2025 GMT
امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس کے مختلف علاقوں میں لگی آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں تاہم اس دوران جنوبی کیلیفورنیا میں 5 مزید مقامات پر آگ بھڑک اٹھی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جمعرات کو لاس اینجلس، سان ڈیاگو، وینچورا اور ریوَر سائیڈ کاؤنٹیز میں 5 مقامات پر لگنے والی آگ کو لاگونا، سیپولویدا، گبل، گلمن اور بارڈر 2 فائر کے نام دیے گئے ہیں۔
مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ فائر فائٹرز نے لاس اینجلس میں 10 ہزار ایکڑ پر پھیلی ہوئی ہیوز فائر پر قابو پانے میں پیش رفت کی ہے اور بدھ کو شروع ہونے والی اس آگ پر 36 فیصد تک قابو پالیا گیا ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر ٹرمپ آج لاس اینجلس کا دورہ کریں گے اور آگ سے ہونے والے نقصان کا جائزہ لیں گے۔
ٹرمپ نے لاس اینجلس میں لگی آگ پر ردعمل دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر کیلیفورنیا کی حکومت پانی کی سپلائی کے انتظامات تبدیل نہیں کرتی تو وہ وفاقی امداد روک سکتے ہیں۔
انہوں نے کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوسم پر الزام عائد کیا ہے کہ ریاستی حکومت نے دریاؤں میں مچھلی کی ایک نسل کوبچانے کے لیے پانی کی فراہمی میں رکاوٹ ڈالی جس کی وجہ سے آگ بجھانے کے لیے پانی کی فراہمی میں مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔
خیال رہے کہ لا اینجلس کے مختلف مقامات پر 7 جنوری سے لگی آگ اب تک 40 ہزار ایکڑ سے زائد کے رقبے کو جلاکر خاکستر کرچکی ہے جبکہ اس آگ کے نتیجے میں 28 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: لاس اینجلس مقامات پر
پڑھیں:
کراچی: مہران ٹاؤن میں گتہ فیکٹری کے گودام میں آتشزدگی، بھاری مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا
کراچی:کورنگی مہران ٹاؤن لائسنس برانچ جلال چوک کے قریب گتہ فیکٹری کے گودام میں آگ بھڑک اٹھی جس کی اطلاع پر کے ایم سی فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 کا عملہ موقع پر پہنچ گیا اور آگ پر قابو پانے کی کوششیں شروع کر دیں۔
اس حوالے سے فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ لگنے کی اطلاع ساڑھے آٹھ بجے کے قریب ملی تھی جبکہ فائر بریگیڈ کا عملہ 5 گاڑیوں کے ہمراہ موقع پر پہنچ گیا اور ڈیڑھ گھنٹے سے زائد کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا کر کولنگ کا عمل شروع کر دیا۔
آگ گتہ فیکٹری کے گوادم کی دوسری اور تیسری منزل پر لگی تھی تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم آتشزدگی کے باعث بھاری مالیت کا گتہ اور دیگر سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔
فوری طور پر آگ لگنے کی وجہ اور نقصان کی مالیت کا اندازہ نہیں لگایا جا سکا ، آگ پر مکمل قابو پانے کے بعد ہی مزید تفصیلات حاصل کی جائے گی۔