Jasarat News:
2025-09-18@20:56:30 GMT

قال اللہ تعالیٰ وقال رسول اللہﷺ

اشاعت کی تاریخ: 26th, January 2025 GMT

قال اللہ تعالیٰ وقال رسول اللہﷺ

اور (اے نبیؐ) یاد رکھو اْس عہد و پیمان کو جو ہم نے سب پیغمبروں سے لیا ہے، تم سے بھی اور نوحؑ اور ابراہیمؑ اور موسیٰؑ اور عیسیٰؑ ابن مریم سے بھی سب سے ہم پختہ عہد لے چکے ہیں۔ تاکہ سچے لوگوں سے (ان کا رب) ان کی سچائی کے بارے میں سوال کرے، اور کافروں کے لیے تو اس نے درد ناک عذاب مہیا کر ہی رکھا ہے۔ اے لوگو، جو ایمان لائے ہو، یاد کرو اللہ کے احسان کو جو (ابھی ابھی) اْس نے تم پر کیا ہے جب لشکر تم پر چڑھ آئے تو ہم نے اْن پر ایک سخت آندھی بھیج دی اور ایسی فوجیں روانہ کیں جو تم کو نظر نہ آتی تھیں اللہ وہ سب کچھ دیکھ رہا تھا جو تم لوگ اس وقت کر رہے تھے۔ (سورۃ الاحزاب:7تا9)

سیدہ خولہ انصاریہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ ؐ نے فرمایا: ’’بلاشبہ کچھ لوگ اللہ کے مال میں ناحق تصرف کرتے ہیں۔ چنانچہ ایسے لوگوں کے لیے قیامت کے دن جہنم ہے‘‘۔ (صحیح بخاری)
تشریح: نبی کریمؐ نے خبر دی ہے کہ کچھ لوگ مسلمانوں کے اموال میں ناجائز طور پر تصرف کرتے ہیں اور اسے ناحق لیتے ہیں۔ اسی میں کسی غیر حق دار شخص کا یتیموں کے مالوں اور وقف شدہ اموال کو کھانا، امانتوں کا انکار کرنا اور عوامی دولت (پبلک فنڈز) سے بغیر استحقاق یا اجازت کے لینا شامل ہے۔ نیز آپؐ نے باخبر کیا ہے کہ ایسے لوگوں کی جزا قیامت کے دن جہنم ہے۔

.

ذریعہ: Jasarat News

پڑھیں:

مدد کے کلچر کا فقدان

پاکستان میں سیلاب ابھی جاری ہے۔ لیکن وسطی پنجاب سے پانی نکل کر اب سندھ پہنچنا شروع ہو گیا ہے۔ بلکہ وسطیٰ پنجاب کے علاقوں سے پانی اترنا شروع ہو گیا ہے۔ آیندہ چند دنوں میں لوگ اپنے گھروں میں واپس جانا شروع ہو جائیں گے۔ بلکہ کچھ علاقوں میں لوگ واپس اپنے گھروں میں جانا شروع ہو گئے ہیں، جہاں تباہی ہو چکی ہے۔

اس سے پہلے کہ ہم اس تباہی پر بات کریں۔ میں یہ بھی بتانا چاہتا ہوں کہ سیلاب صرف پاکستان میں نہیں آیا۔ سیلاب بھارتی پنجاب میں بھی آیا ہے۔ بھارت نے کوئی پانی پاکستان کی سرحد پر لاکر نہیں چھوڑ دیا۔ پانی نے بھارتی پنجاب میں بھی خوب تباہی مچائی ہے۔ ایک محتاط اعداد و شمار کے مطابق بھارتی پنجاب کے 23اضلاع سیلاب سے شدید متاثر ہوئے ہیں۔ ان 23اضلاع میں بیس لاکھ سے زائد لو گ سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔

2050گاؤں بھارتی پنجاب میں سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔ چار لاکھ سے زائد لوگوں کو گھروں سے نکال کر محفوظ پناہ گاہوں میں پہنچایا گیا ہے۔ پونے دو لاکھ ایکڑ سے زائد زیر کاشت رقبہ تباہ ہوا ہے۔ جہاں کھڑی فصلیں بھی تباہ ہوئی ہیں اور پانی کھڑا ہے۔ اڑھائی لاکھ جانور مر گئے ہیں۔ چھ لاکھ پولٹری کی مرغیاں مر گئی ہیں۔ یہ سب لکھنے کا مقصد یہ ہے کہ بھارتی پنجاب میں کم تباہی نہیں ہوئی ہے، وہاں سیلاب نے خوب تباہی مچائی ہے۔

لیکن ایک فرق کھل کر سامنے آیا ہے۔ بھارت میں لوگ دوسروں کی مدد کے لیے سامنے آئے ہیں۔ وہاں کے اسٹارز مدد کے لیے سامنے آئے ہیں، کاروباری لوگ مدد کے لیے سامنے آئے ہیں۔ لو گ دیہاتوں کے دیہات اپنے ذمے لے رہے ہیں کہ ان کا نقصان پورا کرنا ہماری ذمے داری ہے۔ لوگ ایک دوسرے کی مدد کے لیے سامنے آرہے ہیں۔ ہم شائد اب پابندیوں کی وجہ سے یہاں بھارت کی خبریں کم دیکھتے ہیں۔ لیکن اگر آپ کو بھارتی پنجاب کے ریلیف کے کام دیکھنے کا موقع ملے تو وہاں لوگ متاثرین کی بہت مدد کر رہے ہیں۔ بڑے کاروباری ادارے مدد کے لیے سامنے آئے ہیں۔

افسوس کی بات ہے کہ مجھے پاکستان میں یہ کلچر بہت کم نظر آیا ہے۔ یہاں لوگ حکومتوں سے گلہ کر رہے ہیں لیکن خود کچھ نہیں کر رہے ۔ پاکستان میں بھی بہت بڑے بڑے گلوکار ہیں جو ایک ایک کنسرٹ کا کروڑوں روپے چارج کرتے ہیں لیکن وہ سیلاب زدگان کی مدد کے لیے کچھ نہیں کر رہے۔ ہمارے کھلاڑی ارب پتی ہیں لیکن وہ بھی کچھ نہیں کر رہے۔ پاکستان میں بھی کوئی کم امیر لوگ نہیں ہیں۔

یہاں بھی بھارت سے زیادہ امیر لوگ موجود ہیں لیکن وہ سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی مدد کے لیے سامنے نہیں آئے۔ پاکستان کا کارپوریٹ کلچر بھی سامنے نہیں آیا۔ وہ پاکستان سے اربوں روپے کماتا تو ہے لیکن پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی مدد کرنے کے لیے تیار نہیں۔ مجھے افسوس کے ساتھ یہ لکھنا پڑ رہا ہے کہ مجھے پاکستان میں لوگوں کی مدد کا کلچر کمزور پڑتا دکھائی دیتا ہے۔

یہ تو بہت سننے کو ملتا ہے کہ ہمیں عالمی دنیا سے مدد مانگنی چاہیے۔ ایسے مشورے تو بہت سننے کو ملتے ہیں کہ ہمیں عالمی دنیا سے چندہ مانگنا چاہیے، اپنی مظلومیت کا رونا رونا چاہیے، اقوام عالم سے مدد مانگنی چاہیے، سیلاب کے لیے بڑے پیمانے پر دنیا میں فنڈ ریزنگ کرنی چاہیے۔ لیکن میرا سوال ہے کہ پاکستان میں تو لوگ ایک دوسرے کی مدد کے لیے نکلیں پھر دنیا سے بھی مدد مانگ لیں گے۔ چندہ مانگنے چلے جائیں، اپنی جیب سے ایک روپیہ نہ نکالیں۔

سب سے پہلے پاکستانیوں کو پاکستانیوں کی مدد کے لیے نکلنا چاہیے، اگر ہر کوشش کے بعد ہم نقصان پورا نہ کر سکیں تو باہر سے مدد مانگنی چاہیے۔ کیا پاکستان میں ایسے لوگوں کی کمی ہے جو دس دس دیہات اپنے ذمے نہیں لے سکتے۔ کیا پاکستان میں ایسے کاروباری اداروں کی کمی ہے جو ایک نہیں درجنوں دیہات کی بحالی کا کام اپنے ذمے لے سکتے ہیں۔ پاکستان میں تو ایسے امیر لوگوں کی کمی نہیں ہیے جو لوگوں کا نقصان پورا کر سکتے ہیں۔ لیکن وہ بھی چندہ مانگنے کی بات کرتے ہیں۔ جن کو خود سب کچھ کرنا چاہیے وہ بھی باہر سے مانگنے کی بات کرتے ہیں۔ یہ ایک افسوسناک صورتحال ہے ۔

پاکستان میں کس شہر کے چیمبر نے سیلاب زدگان کی مدد کے لیے کام شروع کیا ہے۔ کسی نے نہیں۔ آپ ان کے عہدیداروں سے سیاسی پریس کانفرنسیں کروا لیں، ٹیکس کے خلاف اتحاد بنوا لیں، حکومت کے خلاف اتحاد بنوا لیں۔ لیکن پاکستانیوں کی مدد کے لیے نہ کہیں۔ اگر ہر چیمبر اپنے ایک ایک رکن پر ایک گاؤں کی بحالی کی ذمے داری بھی ڈالے تو کیا ہمیں کسی سے مدد مانگنے کی ضرورت رہے، ہرگز نہ رہے۔ لیکن ایسا ہوتا نہیں ہے۔ وہ عوام سے چندہ مانگنا شروع کر دیتے ہیں۔

بڑے کاروباری ادارے دیکھ لیں۔ سب کی ایک جیسی صورتحال ہے۔ ان کو دیکھ کر لگتا ہے کہ پاکستان میں کوئی سیلاب آیا ہی نہیں ہے۔ یہ لوگ اپنے ٹیکس کے خلاف تو متحد ہو جاتے ہیں لیکن لوگوں کی مدد کے لیے اکٹھے نہیں ہوتے۔ میں بھی کیا گلہ کر رہا ہوں جو ملک کو ٹیکس دینے کے لیے تیار نہیں، وہ سیلاب ز دگان کی کیا مدد کریں گے۔ شائد ان میں اب یہ جذبہ ہی ختم ہو گیا ہے۔

میں یہ نہیں کہہ رہا کہ آپ حکومت کو چندہ دیں، بھائی خود جاکر مدد کریں، اپنے پیسوں سے خود مدد کریں۔ جائیں لوگوں کے گھر بنانے شروع کریں۔ جائیں لوگوں میں جانور تقسیم کریں۔ جائیں لوگوں کو ان کے کھیت دوبارہ قابل کاشت بنانے میں مدد کریں۔ لوگوں کے گھروں کی تمام اشیا بہہ گئی ہیں۔ لوگوں کو نئی اشیا کی ضرورت ہے، جائیں لوگوں کی براہ را ست مدد کریں۔ ایک ایسا کلچر بنائیں کہ لوگ کہیں کہ ہمیں اب مدد کی ضرورت نہیں۔ ہمارا نقصان پورا ہو گیا ہے۔ ہر شہر کا چیمبر اپنے علاقے کا ذمے لے۔ یہ کوئی ناممکن کام نہیں، صرف ایک جذبہ کی ضروت ہے جو نظر نہیں آرہا۔

یہ حقیقت ہے کہ لوگوں میں ایک دوسرے کی مدد کرنے کے جذبہ کی کمی ہورہی ہے۔ امیر کو غریب کی کوئی فکر نہیں، امیر کو اپنی دولت کی فکر ہے۔ یہ کسی بھی قوم کی کوئی اچھی پہچان نہیں۔ دنیا میں کیا یہ حقیقت نہیں کہ ہماری پہچان بھکاریوں کی ہوتی جا رہی ہے۔ لوگ ہمارے ملک کے لوگوں پر ویزہ اس لیے بند کر رہے ہیں کہ ہمارے بھکاری وہاں پہنچ جاتے ہیں۔ اس لیے پاکستان سے مانگنے کا کلچر ختم کرنا ہوگا۔ اپنی مدد آپ کے کلچر کو فروغ دینا ہوگا۔ مدد مانگنے کا کلچر کوئی اچھی پہچان نہیں۔

متعلقہ مضامین

  • محبّت رسول کریم ﷺ کا ثمر
  • کلاسیکی غلاموں کی تشویش
  • پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تاریخی دفاعی معاہدہ، سوشل میڈیا پر لوگوں کی خوشی دیدنی
  • ایک کیخلاف جارحیت دوسرے پر بھی تصور، پاک فوج حرم شریف، روضہ رسولؐ کی محافظ: پاکستان، سعودی عرب میں تاریخی دفاعی معاہدہ
  • صوابی: ٹک ٹاک پر غیراخلاقی ویڈیو وائرل کرنے والا لڑکا  گرفتار
  • خلیفۃ الارض کی ذمہ داریاں ادا کرنے کےلئے ہمیں خود کو قرآن وسنت سے جوڑنا ہوگا،معرفت کا راستہ علم کےذریعے طے کیا جاسکتا ہے،وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال
  • قال اللہ تعالیٰ  و  قال رسول اللہ ﷺ
  • ’شروع ہونے سے پہلے ہی بائیکاٹ کیا جائے‘، عائشہ عمر کے ڈیٹنگ ریئلٹی شو ‘لازوال عشق’ پر صارفین پھٹ پڑے
  • مدد کے کلچر کا فقدان