واٹس ایپ کا نیا فیچر، ایک ایپ میں کئی اکاؤنٹس لاگ ان کرنے کی سہولت
اشاعت کی تاریخ: 26th, January 2025 GMT
واٹس ایپ نے آئی او ایس ڈیوائسز کے بیٹا ورژن میں ملٹی اکاؤنٹ فیچر متعارف کرایا ہے، جس سے صارفین ایک ہی ایپ کے ذریعے کئی اکاؤنٹس لاگ ان کر سکیں گے۔
WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق، اس فیچر کے ذریعے مختلف اکاؤنٹس استعمال کرنے کے لیے اضافی ڈیوائسز کی ضرورت ختم ہو جائے گی۔ صارفین واٹس ایپ کی سیٹنگز میں جا کر اس فیچر کو فعال یا مینیج کر سکتے ہیں۔
یہ خصوصیت ان افراد کے لیے زیادہ کارآمد ہے جو ایک سے زیادہ فون نمبر رکھتے ہیں۔ اس سے واٹس ایپ اور واٹس ایپ بزنس دونوں میں متعدد اکاؤنٹس کو ایک ساتھ استعمال کرنا ممکن ہوگا۔
اکاؤنٹس شامل کرنے کے لیے دو طریقے دستیاب ہیں: یا تو نیا پرائمری اکاؤنٹ سیٹ کیا جا سکتا ہے یا کیو آر کوڈ کے ذریعے پہلے سے موجود اکاؤنٹ شامل کیا جا سکتا ہے۔ ہر اکاؤنٹ الگ نوٹیفکیشنز، چیٹ ہسٹریز اور سیٹنگز کے ساتھ آزادانہ طور پر کام کرے گا۔
یہ فیچر بیٹا ورژن میں دستیاب ہے اور عام صارفین کو فراہم کیے جانے کا وقت ابھی واضح نہیں، تاہم توقع ہے کہ آئندہ چند ماہ میں یہ آئی او ایس اور اینڈرائیڈ صارفین کے لیے جاری کر دیا جائے گا۔
.ذریعہ: Nai Baat
پڑھیں:
میٹا کا انسٹاگرام صارفین کی عمر کی تصدیق کیلئے اے آئی ٹیکنالوجی استعمال کرنے کا اعلان
میٹا نے انسٹاگرام پر صارفین کی عمر کی تصدیق کے لیے مصنوعی ذہانت (اے آئی) ٹیکنالوجی متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، یہ اے آئی ٹول صارفین کی اصل عمر کا تعین کرے گا خواہ وہ غلط معلومات ہی کیوں نہ فراہم کریں۔اگر کوئی صارف اپنی عمر کے بارے میں غلط بیانی کرتا ہے تو اے آئی ٹیکنالوجی اس کی اصلی عمر معلوم کر کے 18 سال سے کم عمر صارفین کو خودکار طور پر “ٹین” اکاؤنٹس میں منتقل کر دے گی۔
یہ ٹین اکاؤنٹس جو ستمبر 2024 میں متعارف کرائے گئے 13 سے 17 سال کے نوجوانوں کے لیے ہیں اور ان پر نوجوانوں کے تحفظ کے لیے مخصوص پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔میٹا نے اپنی بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ اگر کسی اکاؤنٹ کے کم عمر ہونے کا شبہ ہو تو فوری طور پر عمر کی تصدیق کی جائے گی اور اسے محدود سیٹنگز والے اکاؤنٹ میں منتقل کر دیا جائے گا۔
کمپنی نے تسلیم کیا کہ یہ سسٹم غلطیاں کر سکتا ہے لیکن صارفین ضرورت پڑنے پر سیٹنگز کو ایڈجسٹ کر سکتے ہیں۔میٹا کے مطابق کمپنی کچھ عرصے سے عمر کی تصدیق کے لیے اے آئی ٹیکنالوجی استعمال کر رہی ہے لیکن اب اس میں نمایاں بہتری لا رہی ہے۔پہلے کوئی ایسا طریقہ موجود نہیں تھا جس سے صارفین کی اصل عمر کا درست تعین کیا جا سکے۔
کمپنی نے کہا کہ آن لائن صارفین کی عمر جاننا ایک بڑا چیلنج ہے اور وہ نوجوانوں کے تحفظ اور ان کے لیے بہتر تجربہ یقینی بنانے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔اس فیچر کی ابتدائی آزمائش سب سے پہلے امریکا میں کی جائے گی۔