اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کی حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کا عمل شروع ہونے کا کوئی مثبت اشارہ سامنے نہ آسکا۔ پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کے ارکان شرکت کیلئے نہ پہنچے اور جمعہ کے روز پی ٹی آئی کی جانب سے کوئی سرگرمی سامنے نہ آئی جس سے مذاکراتی عمل کے شروع ہونے کا عندیہ ملتا۔ پاکستان تحریک انصاف کے مذاکراتی عمل سے باہر نکلنے اور وزیراعظم کی جانب سے دوبارہ بات چیت کی پیشکش کو مسترد کئے جانے پر حکومت نے بھی مذاکراتی عمل ختم کر دیا ہے۔ حکومتی کمیٹی کے ترجمان  سینیٹر عرفان صدیقی نے تصدیق کی کہ پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ ختم ہو چکا ہے، تحریک انصاف کا واحد اور حقیقی مطالبہ عمران خان اور دیگر رہنماؤں کی فوری رہائی تھی۔ سعودی عرب کے اخبار  کے ساتھ خصوصی انٹرویو میں سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا  وزیراعظم کی پیشکش کے باوجود ان کی طرف سے جو جوابات آئے ہیں وہ آپ کے سامنے ہیں، آج 31 جنوری ہے، ان کی جانب سے جو ڈیڈ لائن دی گئی تھی وہ بھی آ چکی ہے۔ انہوں نے اپنی کمیٹی بھی تحلیل کر دی ہے تو اب یہ ختم ہو چکے ہیں۔ جوڈیشل کمیشن بنانے کے مطالبے پر 'ریڈ کراس' نہیں لگایا تھا، ہمارے وکلاء کا مشورہ تھا کہ جب معاملات عدالتوں میں ہوں تو اس پر جوڈیشل کمیشن نہیں بن سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی طور پر پی ٹی آئی کے ڈی این اے اور خمیر میں مذاکرات، بات چیت اور لین دین شامل ہی نہیں،  وہ سڑکوں، چوراہوں، ڈنڈوں، غلیلوں، 9 مئی، 26 نومبر اور تشدد کے لئے بنی ہے۔ جب جب بھی مذاکرات کئے وہاں سے ایسے ہی نکلے۔  سینیٹر عرفان صدیقی نے بتایا کہ کمیٹی میں پی ٹی آئی نے عمران خان، شاہ محمود قریشی، عمر چیمہ، اعجاز چوہدری، یاسمین راشد اور محمود الرشید کا نام لے کر رہائی کا مطالبہ کیا، یہ نام لکھے نہیں لیکن بول کر کہا کہ آپ ان کی رہائی میں سہولت کاری کریں۔ اس کے علاوہ انہوں نے دیگر قیدیوں کی رہائی کا بھی کہا۔ یہ ان کا واحد مطالبہ تھا، جوڈیشل کمیشن اور دیگر باتیں بے معنی اور ثانوی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف پاکستان کی تاریخ کا ایک منفرد عجوبہ ہے۔ یہ 'خان نہیں تو پاکستان نہیں' کے نعرے کی عملی تصویر ہے جو افسوسناک ہے۔ پیکا ایکٹ کے حوالے سے سوال پر عرفان صدیقی نے کہا کہ  صحافیوں کے تحفظات دور کرنے چاہئیں ۔ میں ذاتی طور پر اس قانون کی روح سے متفق ہوں کیونکہ صحافت اور فیک نیوز پھیلانے والوں میں فرق کرنا چاہئے۔  حقیقی صحافت کرنے والے لوگ اس قانون کی زد میں نہیں آئیں گے۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ میں نے وزیراعظم سے بات کی ہے کہ صحافیوں کی بات سن کر ان کے تحفظات ختم کرتے ہوئے قانون میں ترمیم کرنی چاہئے۔

.

ذریعہ: Nawaiwaqt

کلیدی لفظ: سینیٹر عرفان صدیقی نے پی ٹی ا ئی نے کہا کہ انہوں نے

پڑھیں:

پہلگام واقعہ بھارت کی سازش ہے، امریکی نائب صدر کے دورے پر ڈرامہ رچایا گیا: عرفان صدیقی

مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ پہلگام واقعہ بھارت کی سوچی سمجھی سازش ہے.بھارت پاکستان کے خلاف پروپیگنڈے کیلئے ڈرامے رچاتا ہے. سفارتی دوروں پرفالس فلیگ آپریشنزبھارت کا وطیرہ ہے. امریکی نائب صدرکے دورے کے موقع پر بھارت نے ڈرامہ رچایا۔لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سینیٹر عرفان صدیقی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلگام واقعہ بھارت کی سوچی سمجھی سازش ہے. جسے پاکستان کے خلاف بین الاقوامی سطح پر پروپیگنڈے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔انھوں نے کہا کہ بھارت ماضی کی طرح ایک بار پھر جھوٹے اور من گھڑت واقعات کے ذریعے پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔عرفان صدیقی نے کہا کہ سفارتی دوروں پر فالس فلیگ آپریشنز بھارت کا وطیرہ ہے، اور یہ کوئی نئی بات نہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی نائب صدر کے دورہ بھارت کے موقع پر بھی اسی نوعیت کا ڈرامہ رچایا گیا تاکہ پاکستان کو عالمی سطح پر تنقید کا نشانہ بنایا جا سکے۔مرکزی رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرکا واقعہ فالس فلیگ ہے، بھارت پاکستان میں دہشت گردی کرتا چلا آ رہا ہے، یہی اس کا ٹریک ریکارڈ ہے، بھارت نے کشمیریوں کی زمینوں پر قبضہ کیا اور انہیں قتل کیا۔سینیٹرعرفان صدیقی کا کہنا تھا نہروں کے ایشو پر پیپلز پارٹی اور ن لیگ کا اتحاد متاثر نہیں ہوگا۔پی ٹی آئی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے عرفان صدیقی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے مقدمات عدالتوں میں زیرِ سماعت ہیں اور ان کے ساتھ انصاف ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والے بارہا نظام عدل پر تنقید کرتے ہیں. مگر عدالتیں ان کے ساتھ قانون کے مطابق سلوک کر رہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی اندرونی اختلافات اور قیادت کی کشمکش کا شکار ہے۔ عہدوں کی بندربانٹ پر پارٹی میں جھگڑے ہو رہے ہیں. پی ٹی آئی والے آپس میں گتھم گتھا ہیں۔

متعلقہ مضامین

  • ٹریڈوار، مذاکرات واحد اچھا راستہ
  • نہروں کے ایشو پر پی پی ن لیگ کا اتحاد متاثر نہیں ہوگا، عرفان صدیقی
  • پہلگام واقعہ بھارتی حکومت، ایجنسیز کا منصوبہ ہے، عرفان صدیقی
  • پہلگام واقعہ بھارت کی سازش ہے، امریکی نائب صدر کے دورے پر ڈرامہ رچایا گیا: عرفان صدیقی
  • امریکہ کی اہم شخصیت نے عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کر دیا
  • پاکستان کا دورہ کرکے جانیوالے امریکی رکن کانگریس کا عمران خان کی رہائی کا مطالبہ
  • امریکی کانگریس مین کا ایک بار پھر عمران خان کی رہائی کا مطالبہ
  • امریکی رکن کانگریس جیک برگ مین نے بھی عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کردیا
  • امریکی کانگریس مین جیک برگمین کا عمران خان کی رہائی کا مطالبہ
  • امریکی رکن کانگریس جیک برگمین کا عمران خان کی رہائی کا مطالبہ