راولپنڈی: ریلویز پولیس نے جنگلی چیتے کی کھال اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی
اشاعت کی تاریخ: 3rd, February 2025 GMT
راولپنڈی:
ریلویز پولیس اسپیشل برانچ راولپنڈی نے کراچی بذریعہ ٹرین جنگلی چیتے کی کھال اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر ایک قلی نے ایک کارٹن سرسید ایکسپریس کے پلانٹ آپریٹر کے حوالے کیا، جس پر اسپیشل برانچ کے اہلکاروں کی گہری نظر تھی۔ مشکوک جان کر کارٹن کی تلاشی لی گئی تو اس میں سے جنگلی چیتے کی کھال برآمد ہوئی جس کو کراچی اسمگل کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔ یہ کارروائی وائلڈ لائف ایکٹ پنجاب کی کھلی خلاف ورزی تھی۔
ریلوے پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو حراست میں لے لیا اور معاملہ وائلڈ لائف رینجرز راولپنڈی کے حوالے کر دیا۔ حکام کے مطابق، وائلڈ لائف قوانین کی خلاف ورزی پر دونوں ملزمان کو 50، 50 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔
ترجمان ریلویز پولیس، سی پی او لاہور کے مطابق، غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھی جائے گی اور کسی کو بھی جنگلی حیات کی غیرقانونی تجارت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
دہشتگردی کے خاتمے تک فتنۃ الخوارج و فتنۃ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، فیلڈ مارشل
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے خطاب کیا اور کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے تک فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل کوششیں، عوام کی غیرمتزلزل حمایت کے ساتھ بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کو یقینی بنائیں گی۔
فیلڈ مارشل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی، پاکستان میں جہاں بھی دہشت گردوں کا انفرا اسٹرکچر ملکی سلامتی کے لیے خطرہ بنے گا، اسے ختم کرنے کے لیے اپنے غیرمتزلزل عزم پر قائم ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں کام کرنے والے پراکسی عناصر مسلسل بلوچستان میں بدامنی، عدم استحکام اور امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم مسلح افواج عوام کی یک جہتی اور ثابت قدمی کے ساتھ ان مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان کو پاکستان کا فخر قرار دیا اور کہا کہ یہ صوبہ بے پناہ قدرتی وسائل، محب وطن، باصلاحیت اور باہمت عوام سے مالا مال ہے، جو بلوچستان کی اصل طاقت ہیں۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے عوام دوست اور جامع منصوبوں پر عمل پیرا ہیں، جن کا مقصد صوبے کی تقدیر بدلنا ہے۔
انہوں نے قومی یک جہتی کے فروغ میں سول سوسائٹی، جامعات، میڈیا اور نوجوانوں کے مثبت کردار کو سراہا اور کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور روشن مستقبل کی بنیاد رکھنے کے لیے قومی اتحاد، استقلال اور مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو میں تقریب کے اختتام پر شرکا کے ساتھ تفصیلی سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا، جس میں شرکا نے پاکستان کے استحکام، ترقی، امن اور خودمختاری کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔