وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس، مسابقتی کمیشن آف پاکستان کی کارکردگی اور مارکیٹوں میں استحکام اور شفافیت کے لئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا
اشاعت کی تاریخ: 4th, February 2025 GMT
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 فروری2025ء) وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں مسابقتی کمیشن آف پاکستان کی کارکردگی اور مارکیٹوں میں استحکام اور شفافیت کے لئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔مسابقتی کمیشن کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اجلاس میں چیئرمین سی سی پی ڈاکٹر کبیر سدھو اور ممبران سعید احمد نواز، بشریٰ ناز ملک، سلمان امین اور عبدالرشید شیخ نے شرکت کی۔
اس کے علاوہ سپیشل سیکرٹری فنانس اور فنانس ڈویژن کے دیگر سینئر حکام بھی موجود تھے۔ اجلاس وزیر خزانہ کے دسمبر 2024ء کے پہلے ہفتے میں کمپٹیشن کمیشن کے دورے کے تسلسل میں منعقد ہوا۔وزیر خزانہ نے کمپٹیشن کمیشن کے مختلف محکموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا ۔(جاری ہے)
کمیشن کے ممبران نے اپنے اپنے شعبے کی کارکردگی پر وزیر خزانہ کو بریفنگ دی۔ وزیر خزانہ نے حکومت کی جانب سے کمپٹیشن کمیشن کو مضبوط اور مستحکم کرنے کے لئے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
چیئرمین کمپٹیشن کمیشن ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے وزیر خزانہ کو مارکیٹ کی موثر مانیٹرنگ اور کمیشن کی انفورسمنٹ کی سرگرمیوں بشمول کارٹلائزیشن اور تجارتی گٹھ جوڑ کی نشاندہی اور تدارک کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی۔ ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے نئے فیصلوں کے نتیجے میں عائد کئے گئے جرمانوں، وصولیوں اور عدالتوں میں زیر التواء مقدمات پر بھی اپ ڈیٹ فراہم کی۔ حالیہ کمیشن کے تقرر کے بعد موثر پیروی کے نتیجے میں اب تک عدالتوں سے تقریباً 79 مقدمات کامیابی سے نمٹائے جا چکے ہیں جبکہ دیگر مقدمات پر کارروائی جاری ہے۔اجلاس میں کمپٹیشن اپیلٹ ٹربیونل (سی اے ٹی) کے چیئرمین اور ممبران کی تقرری پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ٹربیونل کا فعال ہونا کمپٹیشن قوانین کے موثر نفاذ اور کمپٹیشن سے متعلقہ مقدمات کے تیز تر حل کے لیے نہایت ضروری ہے۔ وزیر خزانہ پہلے بھی ٹربیونل کے چیئرمین اور دو اراکین کی تقرری میں معاونت فراہم کر چکے ہیں۔ انہوں نے اس سلسلے میں کمیشن کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔.ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے کمپٹیشن کمیشن کی کارکردگی کمیشن کے
پڑھیں:
سہیل آفریدی کے سیاسی قائدین سے رابطے‘ قیام امن کیلئے مل کر چلنے کی پیشکش
پشاور (بیورو رپورٹ) خیبر پی کے میں بڑی مثبت سیاسی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین سے ٹیلیفونک رابطے کئے اور صوبائی اسمبلی کی اِن ہاؤس کمیٹی کے تحت تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین پر مشتمل جرگہ بلانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے بتایا کہ انہوں نے صوبے کے دیگر سیاسی رہنماؤں، جن میں مولانا فضل الرحمن، سراج الحق، امیر مقام، آفتاب شیرپاؤ اور محمد علی شاہ باچا شامل ہیں، سے بھی رابطے کیے ہیں۔ ان تمام رہنماؤں سے صوبے کی امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبے میں امن کے قیام پر کوئی دو رائے نہیں، امن و استحکام حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اختلافِ رائے جمہوریت کا حسن ہے مگر امن سب کا مشترکہ ہدف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سپیکر صوبائی اسمبلی کی جانب سے تمام سیاسی رہنماؤں کو باضابطہ طور پر اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام فریقین کو ساتھ لے کر صوبے میں پائیدار امن اور استحکام یقینی بنایا جائے گا۔