ممبئی کی عدالت نے کنگنا رناوت کو آخری وارننگ جاری کردی
اشاعت کی تاریخ: 5th, February 2025 GMT
ممبئی کی عدالت نے اداکارہ اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی رکن پارلیمنٹ کنگنا رناوت کو ہدایت دی ہے کہ وہ ہتک عزت کے مقدمے میں حاضری یقینی بنائیں، بصورت دیگر ان کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیا جا سکتا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ مقدمہ معروف شاعر اور نغمہ نگار جاوید اختر کی جانب سے دائر کیا گیا تھا۔ کنگنا کے وکیل رضوان صدیقی نے عدالت کو آگاہ کیا کہ وہ پارلیمنٹ کے اجلاس میں مصروف ہونے کی وجہ سے پیش نہیں ہو سکیں۔
تاہم جاوید اختر کے وکیل جے کے بھاردواج نے درخواست دائر کی کہ کنگنا کو بار بار غیر حاضر رہنے پر ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیا جائے۔ ان کے مطابق اداکارہ تقریباً 40 مواقع پر عدالت میں پیش نہیں ہوئیں۔
عدالت نے کنگنا کے وکیل کو درخواست پر جواب داخل کرنے کی ہدایت دی اور ان کے اعتراض کے باوجود انہیں حاضری کے لیے آخری موقع دیا ہے تاہم اس مرتبہ پیش نہ ہونے پر اداکارہ کیخلاف ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیا جاسکتا ہے۔
یاد رہے کہ یہ تنازع 2016 میں اس وقت شروع ہوا جب جاوید اختر نے کنگنا رناوت کو اپنے گھر بلا کر اداکار ہریتھک روشن سے معافی مانگنے کے لیے کہا۔ 2020 میں ایک ٹی وی انٹرویو کے دوران کنگنا نے اس ملاقات کا ذکر کیا، جس پر اختر نے انہیں بدنام کرنے کا الزام لگا کر ان کیخلاف قانونی کارروائی شروع کی۔
دسمبر 2024 میں دونوں فریقین نے ثالثی پر اتفاق کیا تھا، تاہم یہ عمل ابھی مکمل نہیں ہو سکا ہے اور کارروائی جاری ہے۔
.
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
عائشہ عمر کا نازیبا ریئلٹی شو؛ پیمرا نے وضاحت جاری کردی
خوبصورت اداکارہ عائشہ عمر کے ریئلٹی شو ’’لازوال عشق‘‘ کے ٹیزر پر سوشل میڈیا پر کہرام مچ گیا اور ہرکوئی اس پروگرام کی بندش کا مطالبہ کرنے لگا۔
گو اس شو کے بارے میں زیادہ معلومات دستیاب نہیں تاہم ٹیزر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چار مرد اور چار خواتین بگ باس کی طرح ایک گھر میں مقیم ہیں۔
یہ ایک پُرتعیش ولا ہے جس میں موجود ان تمام افراد کی دن بھر کی سرگرمیاں ریکارڈ ہوں گی گویا یہ بگ باس ٹائپ کا شو ہے۔
تاہم عائشہ عمر نے ٹیزر میں بتایا کہ شو کا مقصد جیون ساتھی کے تلاش اور اس سفر میں پیش آنے والی جذباتی آزمائشوں کو دکھانا ہے۔
یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ عائشہ عمر کی میزبانی میں پیش کیا جانے والا لازوال عشق نامی یہ شو دراصل ترکی کے مقبول ریئلٹی شو عشق آداسی (Love Island) کا چربہ یا اس سے متاثر ہوکر بنایا گیا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ لازوال عشق کو کو اردو ناظرین کے لیے پہلا ’’ ڈیٹنگ ریئلٹی شو‘‘ کہا جا رہا ہے اور یہ یوٹیوب پر نشر ہوگا۔
سوشل میڈیا صارفین نے اس پروگرام پر شدید تنقید کرتے ہوئے فوری طور پر اسے بند کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس شو کی تقریباً 100 اقساط ہوں گی۔
صارفین نے پیمرا سے بھی مطالبہ کیا اس غیر اخلاقی پروگرام کو آن ایئر جانے سے روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
جس پر پیمرا کی جانب سے جاری بیان میں وضاحت دی گئی ہے کہ لازوال عشق کسی ٹی وی چینل پر نہیں بلکہ صرف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر دکھایا جائے گا۔
پیمرا کے بقول سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر دکھائے جانے کی وجہ سے یہ ہمارے دائرہ اختیار میں نہیں آتا اور نہ ہمارے قواعد و ضوابط کا اس پر اطلاق ہوسکتا ہے۔