جوڈیشل کمیشن کی لاہور ہائیکورٹ کیلئے 9 ایڈیشنل ججز کی منظوری
اشاعت کی تاریخ: 6th, February 2025 GMT
اسلام آباد: چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں لاہور ہائی کورٹ کے لیے 9 ایڈیشنل ججز کی تقرری کی منظوری دی گئی۔
میڈیا رپورٹس کےمطابق منظور شدہ ناموں میں خالد اسحاق، چوہدری سلطان محمود، جواد ظفر، سردار اکبر علی ڈوگر، اویس خالد، ملک جاوید اقبال، حسن نواز مخدوم، احسن رضا کاظمی، اور ملک وقار حیدر اعوان شامل ہیں۔
لاہور ہائی کورٹ میں ججز کی منظور شدہ تعداد 60 ہے جبکہ اس وقت 35 ججز فرائض انجام دے رہے ہیں، جس کے باعث 25 نشستیں خالی تھیں، ان تقرریوں سے عدالت میں زیر التواء مقدمات کے بروقت فیصلوں میں مدد ملے گی اور انصاف کی فراہمی میں تیزی آئے گی۔
خیال رہےکہ ان تقرریوں کے بعد لاہور ہائی کورٹ میں ججز کی تعداد 44 ہو جائے گی، جو عدالت کی کارکردگی میں بہتری کا باعث بنے گی۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: ججز کی
پڑھیں:
لندن، ہائی کمیشن میں یوم دفاع کی تقریب، سیلاب متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی
لندن:برطانیہ میں پاکستان ہائی کمیشن میں یوم دفاع کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں سیلاب متاثرین کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کیا گیا۔
برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے قومی ترانے کی دھن پر پاکستان کا جھنڈا لہرایا اور اس تقریب کے دوران ہائی کمیشن کے افسران اور عملہ بھی موجود تھا۔
ڈاکٹر محمد فیصل نے خطاب میں کہا کہ یوم دفاع کے موقع پر ہر پاکستانی مادر وطن کے لیے اپنی وفاداری اور خدمت کے جذبے کو تازہ دم کرتا ہے۔
انہوں نے وطن عزیز کے شہدا اور بہادر بیٹوں کو شان دار خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں پاکستان کو مزید مضبوط اور مستحکم بناتی ہیں۔
ڈاکٹر فیصل نے پاکستان کے دفاع اور سلامتی کے تحفظ میں مسلح افواج کے اہم کردار پر زور دیا اور کہا کے ان کی پیشہ ورانہ مہارت کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے، خاص طور پر کامیاب آپریشن بنیان مرصوص کے بعد جس کا اختتام معرکہ حق پر ہوا۔
ہائی کمشنر نے کہا کہ دنیا نے دیکھا کہ پاکستان نے اپنے سے حجم اور وسائل کے اعتبار سے بڑے دشمن کو شکست دی۔
تقریب میں یہ عہد کیا گیا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ مل کر وطن عزیز کے خلاف کسی بھی مذموم عزائم کو ناکام بنانے اور پاکستان کی خودمختاری کو ہر قیمت پر تحفظ فراہم کرنے کے لیے متحد ہے۔
اس موقع پر پاکستان کے امن اور خوش حالی، شہدا اور ہیروز اور پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
واضح رہے کہ ہر سال پاکستان کے بیرون ممالک میں سفارتخانے یوم دفاع جوش و خروش کے ساتھ مناتے ہیں جہاں ڈیفنس اینڈ ڈپلومیٹک کور اور کمیونٹی ممبران کو مدعو کیا جاتا ہے تاہم، اس سال سیلاب سے متاثرہ افراد کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے تقریبات کا انتہائی سادگی سے انعقاد کیا گیا۔