کراچی کی باصلاحیت طالبہ کا کارنامہ: مصنوعی ذہانت سے پہلا سندھی کیلکولیٹر تیار
اشاعت کی تاریخ: 10th, February 2025 GMT
کراچی:شہر قائد سے تعلق رکھنے والی 16سالہ طالبہ ماہ روز نے مصنوعی ذہانت کا استعمال کرتے ہوئے سندھی زبان میں پہلا کیلکولیٹر بنا کر سب کو حیران کر دیا۔
نجی ٹیو ی کی رپورٹ کے مطابق یہ منفرد کیلکولیٹر صرف 3دن میں تیار کیا گیا ہے، جس سے سندھی بولنے والے کاروباری افراد کو بڑا فائدہ ہوگا۔ اس حوالے سے طالبہ ماہ روز کا کہنا ہے کہ آج کے دور میں ڈگری سے زیادہ ہنر اور مہارت کی اہمیت ہے اور نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں پر کام کر کے خود مختار بننا چاہیے۔
واضح رہے کہ ماہ روز کا تعلق ایک نجی اے آئی اسکول سے ہے، جہاں جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے بچوں کو تعلیم دی جا رہی ہے۔ یہاں روایتی کتابوں اور کاپیوں کے بجائے آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور اسمارٹ ڈیوائسز کے ذریعے سیکھنے کا عمل جاری ہے۔ ماہ روز نے چیٹ جی پی ٹی اور دیگر جدید ٹیکنالوجیز کی مدد سے سندھی کیلکولیٹر ڈیزائن کیا ہے، جس سے وہ لوگ بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں جو صرف سندھی زبان سمجھتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں لڑکیوں کی بڑی تعداد سائنسی تعلیم حاصل کر رہی ہے، مگر عملی سائنس اور تحقیق میں ان کی شمولیت کم دیکھی گئی ہے۔ ماہ روز جیسی طالبات ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے اختراعی کام کرکے مستقبل میں اس خلا کو پر کر سکتی ہیں۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: ماہ روز
پڑھیں:
کراچی، آصفہ بھٹو سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات، تعلیم، صحت اور خواتین کی فلاح پر تبادلہ خیال
کراچی:خاتونِ اول اور رکنِ قومی اسمبلی بی بی آصفہ بھٹو زرداری سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے بلاول ہاؤس کراچی میں ملاقات کی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی و عالمی حالات اور سماجی ترقی کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
ملاقات میں تعلیم، صحت، خواتین کو بااختیار بنانے اور نوجوانوں کی ترقی کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی گئی، جبکہ فریقین نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا۔
اس موقع پر بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے غزہ کی صورتحال پر برطانوی وزیرِاعظم کے مؤقف کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا میں قیامِ امن وقت کی اہم ضرورت ہے اور بین الاقوامی برادری کو مظلوموں کے حق میں مؤثر آواز بلند کرنی چاہیے۔
ملاقات میں برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر لینس ڈوم اور ہائی کمشنر کی سیاسی مشیر ہدیٰ اکرام بھی شریک تھیں، جبکہ سندھ کی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو، رکن قومی اسمبلی شازیہ مری اور رکن صوبائی اسمبلی قاسم سومرو نے بھی گفتگو میں حصہ لیا۔
بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے مہمانوں کو سندھ حکومت کی سماجی ترقی کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ پیپلز پارٹی عوامی خدمت کے سفر کو مزید تیز کرنے کے لیے پرعزم ہے۔