قومی ٹیم میں بڑی تبدیلی، حارث کی جگہ اہم کھلاڑی شامل
اشاعت کی تاریخ: 10th, February 2025 GMT
تین ملکی سیریز کے تیسرے میچ کیلئے قومی ٹیم میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے حارث رؤف کی جگہ عاکف جاوید کو سکواڈ میں شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیاہے ۔ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کے فاسٹ باولر حارث رؤف کی انجری کے بعد سلیکشن کمیٹی نے سر جوڑ لئے ہیں، ٹرائی نیشن سیریز میں حارث رؤف کے متبادل کھلاڑیوں کو سکواڈ میں شامل کئے جانے کا امکان ہے ، سلیکشن کمیٹی نے حارث رؤف کے متبادل کھلاڑی کے طور پر وسیم جونیئر ، عاکف جاوید اور محمد علی پر بحث کی تاہم قومی سلیکشن کمیٹی نے عاکف جاوید کو حارث رؤف کے متبادل کے طور پر شامل کرنے کی حامی بھر لی ۔ ذرائع کا کہناہے کہ عاکف جاوید کے نام کا اعلان جلد ہونے کا امکان ہے تاہم حارث رؤف کو بھی قومی سکواڈ کے ہمراہ ہی رکھنے کا فیصلہ ہواہے ۔ چیمپئنز ٹرافی کے سکواڈ میں تاحال کوئی تبدیلی کا امکان نہیں ہے ، حارث رؤف نیوزی لینڈ کیخلاف میچ میں سائیڈ سٹرین کا شکار ہو گئے تھے۔پاکستان ٹرائی نیشن سیریز کا تیسرا میچ جنوبی افریقہ کے خلاف 12 فروری کو کھیلا جائے گا ۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
ٹی 20 رینکنگ میں بابر اور رضوان کو دھچکا، نئے کھلاڑی ابھر کر سامنے آگئے
آئی سی سی نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تازہ ترین پلیئرز رینکنگ جاری کر دی ہے، جس میں پاکستانی کرکٹرز بابر اعظم اور محمد رضوان کو تنزلی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ بیٹرز کی فہرست میں آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں، جبکہ بھارت کے یشوی جیسوال ایک درجہ بہتری کے ساتھ نویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے شائے ہوپ چار درجے اوپر آ کر دسویں نمبر پر آ گئے ہیں۔
اس کے برعکس پاکستان کے بابراعظم ایک درجہ نیچے آکر 13ویں نمبر پر چلے گئے ہیں، جبکہ محمد رضوان بھی ایک درجہ تنزلی کے بعد 14ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔ بنگلا دیش کے تنزید حسن نے 18 درجے بہتری کے بعد 37 ویں نمبر پر جگہ بنائی ہے۔
بولرز کی رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی نے پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے، جبکہ بنگلا دیش کے مستفیض الرحمان نے 17 درجے لمبی چھلانگ لگا کر 9 ویں نمبر پر قبضہ جما لیا ہے۔ بھارت کے ارشدیپ سنگھ ایک درجہ اوپر آکر 10ویں نمبر پر آ گئے ہیں، جبکہ بنگلا دیش کے مہدی حسن 9 درجے ترقی پا کر 16ویں پوزیشن تک پہنچ گئے ہیں۔
آل راؤنڈرز کی کیٹیگری میں بھارت کے ہاردک پانڈیا بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں، جبکہ ویسٹ انڈیز کے روسٹن چیز نے سات درجے ترقی کے بعد دوسری پوزیشن حاصل کر لی ہے۔