سونو نگم کنسرٹ میں بھڑک اُٹھے، مداحوں کو باہر نکلنے کا کہہ دیا
اشاعت کی تاریخ: 11th, February 2025 GMT
بھارتی گلوکار سونو نگم کولکتہ میں اپنے کنسرٹ کے دوران مداحوں کے رویے پر ناراض ہوگئے اور شور مچانے والوں کو شو چھوڑ کر جانے کا کہہ دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سونو نگم کی پرفارمنس کے دوران غیر متوقع صورتحال پیش آئی، جس کے باعث انہیں خود سامعین کو کنٹرول کرنا پڑا۔
کچھ افراد کے کھڑے ہونے پر انہوں نے انہیں بیٹھنے کی ہدایت دی اور کہا، ’اگر کھڑے ہونے کا اتنا شوق ہے تو الیکشن میں کھڑے ہو جاؤ، براہ کرم بیٹھ جاؤ، وقت ضائع ہو رہا ہے، یا تو بیٹھ جاؤ یا جگہ خالی کر دو۔‘
سوشل میڈیا پر اس واقعے کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جبکہ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اس پر ملا جلا ردعمل دیکھنے میں آیا ہے، کچھ صارفین نے سونو نگم کے رویے کی حمایت کی، جبکہ کچھ نے انتظامیہ پر تنقید کی۔
ایک صارف نے کہا کہ انتظامیہ کی نااہلی کی وجہ سے سونو نگم کو خود معاملات سنبھالنے پڑے، جبکہ ایک اور صارف کے مطابق، وہ اس واقعے کے عینی شاہد تھے اور سونو نگم غصے میں نہیں تھے بلکہ سامعین کو نظم و ضبط قائم رکھنے کا کہہ رہے تھے، جبکہ کولکتہ پولیس بے حس تماشائی بنی رہی۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ ملک کے چند علاقوں میں بارش جبکہ شمالی پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق، آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور پہاڑی مقامات پر صبح و رات کے اوقات میں سرد رہنے کی توقع ہے۔ تاہم، مسلسل خشک موسم اور فضائی آلودگی کے باعث پنجاب کے مختلف اضلاع میں اسموگ برقرار رہنے کا امکان ہے۔ شہریوں کو سانس اور آنکھوں کی حفاظت کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اسلام آباد میں موسم خشک اور سرد رہے گا، جبکہ مری، گلیات اور قریبی علاقوں میں بھی خشک موسم کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ پنجاب کے شہروں لاہور، گوجرانوالہ، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، خانیوال، ساہیوال، رحیم یار خان، بہاولپور اور ملتان میں اسموگ کے اثرات نمایاں رہنے کا امکان ہے۔ سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک اور سرد رہے گا، تاہم چترال، دیر، باجوڑ اور کرم میں چند مقامات پر ہلکی بارش کی توقع ہے۔ اسی طرح، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، کل سے موسم میں تبدیلی کا امکان ہے اور کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے شمالی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ، راولپنڈی، اسلام آباد اور خطہ پوٹھوہار میں ہلکی بارش جبکہ مری میں بادل برسنے کا امکان ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں سرد رہا، جب کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں اسموگ چھائی رہی۔