چیمپئنز ٹرافی سے قبل بھارتی ٹیم کو بڑا دھچکا، جسپرت بمراہ ایونٹ سے باہر
اشاعت کی تاریخ: 11th, February 2025 GMT
دبئی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے اہم فاسٹ بولر جسپرت بمراہ انجری کے باعث چیمپئنز ٹرافی کے ایونٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔
بھارتی کرکٹ بورڈ نے فاسٹ بولر جسپرت بمراہ کی آئی سی سی مینز چیمپئنز ٹرافی 2025 میں عدم شرکت کی تصدیق کردی۔ بمراہ کو گزشتہ مہینے سڈنی میں آسٹریلیا کے خلاف آخری ٹیسٹ میچ کے دوران کمر کے نچلے حصے میں انجری ہوئی تھی، جس کی وجہ سے وہ ٹورنامنٹ میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ (BCCI) کے ایک بیان کے مطابق، سلیکشن کمیٹی نے بمراہ کی جگہ تیز گیند باز ہرشیت رانا کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔ یہ دوسرا آئی سی سی ٹورنامنٹ ہے جس سے بمراہ انجری کی وجہ سے محروم ہوں گے۔
اس سے قبل وہ 2022 کے T20 ورلڈ کپ سے بھی باہر ہو گئے تھے، جس کے بعد انہیں سرجری کروانی پڑی تھی۔
اس کے علاوہ بھارتی ٹیم میں اسپنر ورون چکرورتی کو یشسوی جیسوال کی جگہ شامل کیا گیا ہے۔ جیسوال اصل میں عارضی ٹیم کا حصہ تھے۔
چیمپئنز ٹرافی کیلیے بھارتی ٹیم
روہت شرما (کپتان)، شوبمن گل (نائب کپتان)، ویرات کوہلی، شریاس آئیر، کے ایل راہول (وکٹ کیپر)، رشبھ پنت (وکٹ کیپر)، ہاردیک پانڈیا، اکشر پٹیل، واشنگٹن سنڈر، کلدیپ یادو، ہرشیت رانا، محمد شامی، ارشدپ سنگھ، رویندر جڈیجا، ورون چکرورتی۔
اسکواڈ میں یشسوی جیسوال، محمد سراج اور شیوام دوبے کو متبادل کھلاڑیوں کے طور پر شامل کیا گیا ہے اور وہ بوقت ضرورت دبئی روانہ ہوجائیں گے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: چیمپئنز ٹرافی
پڑھیں:
بی سی سی آئی کا ورلڈ کپ فاتح ویمنز ٹیم سے شرمناک صنفی امتیاز سامنے آگیا
کراچی:بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کا ورلڈ کپ فاتح خواتین کرکٹ ٹیم کے ساتھ شرمناک صنفی امتیاز سامنے آگیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بورڈ نے ورلڈ کپ جیتنے والی قومی خواتین ٹیم کے لیے 51 کروڑ بھارتی روپے انعام کا اعلان کیا ہے جو 2024 میں ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے والی مردوں کی ٹیم کو دیے گئے 125 کروڑ بھارتی روپے کے مقابلے میں تقریباً 59 فیصد کم ہے۔
کرکٹ شائقین اور مبصرین نے بی سی سی آئی کے اس فیصلے کو ’’شرمناک صنفی امتیاز‘‘ قرار دیا ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ جس ملک میں خواتین نے پہلی بار عالمی سطح پر کرکٹ کا سب سے بڑا اعزاز جیتا وہاں انہیں مردوں کے مقابلے میں آدھا انعام دینا واضح ناانصافی ہے۔
سوشل میڈیا پر بھارتی بورڈ کے خلاف سخت ردعمل سامنے آیا ہے جہاں صارفین کا کہنا ہے کہ بی سی سی آئی نے خواتین کرکٹ کی تاریخی فتح کی اہمیت گھٹا دی۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ فیصلہ اس تاثر کو مزید مضبوط کرتا ہے کہ بی سی سی آئی خواتین کرکٹ کو اب بھی ثانوی حیثیت دیتا ہے۔ بھارتی میڈیا کے بعض حلقوں نے اسے ’’ڈبل اسٹینڈرڈ‘‘ اور ’’خواتین کے ساتھ کھلی ناانصافی‘‘ قرار دیا ہے۔
بھارتی ویمنز ٹیم نے گزشتہ روز ممبئی میں جنوبی افریقہ کو 52 رنز سے شکست دے کر پہلی مرتبہ ورلڈ کپ جیت کر تاریخ رقم کی تھی۔