غزہ ترکیہ کا خودمختار حصہ ہے‘ سابق وزیراعظم داؤد اولو
اشاعت کی تاریخ: 14th, February 2025 GMT
انقرہ (انٹرنیشنل ڈیسک) سابق ترک وزیر اعظم داؤد اولو نے مطالبہ کیا ہے کہ غزہ کو ترکیہ کا خودمختار حصہ قرار دیا جائے۔ انہوںنے کہا کہ برطانوی مینڈیٹ سے پہلے غزہ پر حکمرانی کرنے والی سلطنت عثمانیہ آخری آئینی ریاست تھی۔ نیو پاتھ پارٹی کے پارلیمانی بلاک کے اجلاس سے خطاب میں داؤد اولو نے غزہ کی پٹی کو ایک خودمختار علاقے کے طور پر جمہوریہ ترکیہ سے دوبارہ جوڑنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے جرات مندانہ بیان دیا۔ انہوںنے کہا کہ غزہ کی ترکیہ کے ساتھ مشترکہ تاریخ ہے۔ غزہ کے عوام کو خودمختار علاقے کے طور پر ترکیہ سے منسلک ہونے کے لیے عام ریفرنڈم کا اختیار دیا جانا چاہیے۔ فلسطینی اب بھی اپنے ضمیر اور تاریخ میں عثمانی شناخت کو برقرار رکھتے ہیں۔ اس لیے جب تک کہ فلسطین کی ریاست قائم نہیں ہو جاتی انہیں اپنے مستقبل کے فیصلے کا اختیار ہونا چاہیے۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
انسداد دہشت گردی کےلیے ترکیہ کے تعاون کے مشکور ہیں، شہباز شریف
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ غزہ میں ہونے والی بربریت کی پاکستان نے بھرپور مذمت کی ہے جبکہ ترکیہ کے صدر کا کہنا ہے کہ دونوں ملک آزاد خود مختار فلسطینی ریاست کی حمایت کرتے ہیں۔
انقرہ میں ترک صدر رجب طیب اردوان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ شاندار استقبال پر ترک صدر کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ترک صدر سے ملاقات پر خوشی ہوئی۔ رجب طیب اردوان کی قیادت میں ترکیہ نے مثالی ترقی کی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انسداد دہشت گردی کےلیے ترکیہ کے تعاون کے مشکور ہیں۔
دونوں ملکوں نے معدنیات، آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں تعاون پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ غزہ میں ہونے والی بربریت کی پاکستان نے بھرپور مذمت کی ہے۔
اس موقع پر ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کو ترکیہ آمد پرخوش آمدید کہتے ہیں۔ باہمی رابطے مضبوط دوستی کی علامت ہیں۔
رجب طیب اردوان نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کےلیے پُرعزم ہے، دہشت گردی کے خاتمے کےلیے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دفاعی شعبے میں مشترکہ منصوبے شروع کرنا چاہتے ہیں، عالمی امور پر دونوں ملکوں کے خیالات میں ہم آہنگی ہے۔
ترکیہ کے صدر کا کہنا تھا کہ دونوں ملک آزاد خود مختار فلسطینی ریاست کی حمایت کرتے ہیں۔