حکومتی اقدامات اور پروپیگنڈہ نوجوانوں کو مایوس کررہے ہیں،حافظ نعیم الرحمن
اشاعت کی تاریخ: 17th, February 2025 GMT
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن لاہور میں ’’ بنوقابل‘‘ کے تحت انٹری ٹیسٹ کے موقع پر ہزاروں طلبہ و طالبات سے خطاب کررہے ہیں
لاہو ر ( نمائندہ جسارت ) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات اور بعض عناصر کے پروپیگنڈے سے نوجوان مایوس ہو رہا ہے، آئی ٹی و دیگر کمپنیوں کے ساتھ مل کر نوجوانوں کا مستقبل محفوظ کریں گے، جماعت اسلامی اور الخدمت کا مقصد بنوقابل کے تحت صرف کورسز کرانا نہیں بلکہ ایک تعلیمی انقلاب برپا کرنا ہے جو پاکستان کے ہر نوجوان کو روشن مستقبل دے سکے، ملک معدنیات سے مالا مال صرف لیڈرشپ کی کمی ہے، اگر وسائل کا رخ عوام کی طرف موڑا جائے تو پاکستان چند برسوں میں ترقی کر جائے گا، آئی ٹی سیکٹر میں دو سے پانچ سال مواقع دے دیے جائیں، فری تعلیم دی جائے تو پانچ سال میں 25بلین ڈالر تک سرمایہ بڑھ سکتی ہے جو اب صرف آٹھ ارب ڈالر ہے، حکومت عوام کو کچھ دینے کے لیے تیار نہیں، ملک پر 77برسوں سے مافیا مسلط ہے، دنیا گلوبل ویلج بن چکی، نوجوانوں وعدہ کریں، تعلیم سے محروم افرادکے لیے آواز بلند کریں، تعلیم
بنیادی حق خیرات نہیں ہے۔ ہم طلبہ کو پاکستان کی شان بنانا چاہتے ہیں۔حکومت سکولوں کو پرائیویٹ این جی اوز کے حوالے کر کے اپنی ذمہ داری سر سے اتار رہی ہے، ان کی ذمہ داری ہے ہر نوجوان کو مفت تعلیم فراہم کرے۔پچاس کیمپسز بنانے پڑے تو بنائیں گے، نوجوانوں کو فری آئی ٹی کورسز کرائیں گے، طلبہ بنو قابل پاکستان کے سفارت کار بنیں، اس کے لیے فنڈنگ کریں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے الخدمت بنو قابل پروگرام کے تحت انٹری ٹیسٹ کے ہزاروں طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ’’بنوقابل‘‘ انٹری ٹیسٹ یونیورسٹی گراؤنڈ، اولڈ کیمپس لاہور میں منعقد ہوا، جس میں ہزاروں طلباء و طالبات نے شرکت کی۔ یہ ٹیسٹ 28 فری آئی ٹی کورسز میں داخلے کے لیے لیا گیا، جس کے تحت نوجوانوں کو ویب ڈویلپمنٹ، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، گرافک ڈیزائننگ، ویڈیو ایڈیٹنگ سمیت جدید آئی ٹی اسکلز مفت فراہم کی جائیں گی۔اس موقع پر چیئرمین بنوقابل پروگرام نوید علی بیگ، سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف، امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری، امیر لاہور ضیا الدین انصاری، ایگزیکٹو ڈائریکٹر بنو قابل سلمان شیخ، ڈائریکٹر کوآرڈی نیشن بنوقابل عمیر ادریس، صدر الخدمت لاہور احمد حماد رشید، وائس چیئرمین چیمبر آف کامرس خالد عثمان، اظہر بلال، چودھری محمد شوکت، خالد بٹ، ملک شاہد اسلم، حسان بٹ، عثمان افضل، ناظمہ لاہور جماعت اسلامی حلقہ خواتین عظمیٰ عمران، نائب ناظمہ لاہور شازیہ عبدالقادر سمیت معروف سماجی شخصیات، انفلوئنسرز اور دیگر شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔امیر جماعت نے کہا کہ ملکی حالات یہ ہیں غریب کے لیے تعلیم اور روزگار کے دروازے بند ہیں، مڈل کلاس طبقہ سروائیول کے لیے جنگ لڑ رہا ہے، ہمارے ٹیکسوں کا پیسہ اشتہارات میں استعمال اور تاثر دیا جا رہا ہے کہ پنجاب میں بہت کام ہو رہا ہے، پانچ سے پندرہ سال کے ایک کروڑ بچے سکول نہیں جا رہے ہیں، یہ حکومتی کارکردگی ہے۔ آئین میں لکھا ہے ریاست کی ذمہ داری ہے پاکستان کے ہر نوجوان کو مفت اور کوالٹی تعلیم فراہم کرے۔ طبقاتی نظام کے شکار لوگوں کو بتائیں گے تعلیم ہمارا حق ہے، معیاری تعلیم کے حصول کے لیے تحریک شروع کریں گے، ہم اپنے حصے کا کام کریں گے، مزدور اور کسان کے بچوں کو بھی بڑھائیں گے۔ پرائیویٹ سیکٹر میں زیادہ فیسیں لینے والے بہتر تعلیم اور کم فیس والے نارمل تعلیم دے رہے ہیں، آئی ٹی ایجوکیشن جسے عام کردینا چاہیے تھا اس سے نوجوان فائدے حاصل کر سکتے ہیں، نوجوان الخدمت بنو قابل پروگرام کے ایمبیسڈر بنیں، لاہور میں مفت آئی ٹی کورسز کے دوسرے فیز کا آغاز ہو چکا، چاہتے ہیں آئندہ چند سالوں میں پنجاب میں دس لاکھ بچوں کو کمپیوٹر کورسز کروائیں۔ کورسز کروانا ہی اہم نہیں ہے بلکہ کمپنیوں کے ساتھ مل کر نوجوانوں کا مستقبل مضبوط کریں گے، نہ صرف طلبہ کو پڑھائیں گے بلکہ بنو قابل جاب سے روزگار بھی دیں گے، ایسے پورٹل بنائیں گے جس سے بین الاقوامی دنیا سے کاروبار کریں گے، سو فیصد آئی ٹی یونیورسٹی فری بنا کر دکھائیں گے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی یکساں نظام اور یکساں نصاب کی بات کرتی ہے۔ حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ عوام کے لیے معیاری اور مفت تعلیم کا بندوبست کریں، حکومت عوام کو سہولت دیتی ہے تو یہ احسان نہیں ان کا حق ہے، جماعت اسلامی نے فیصلہ کیا کہ عوام اور خصوصی طور پر نوجوانوں میں ان کے حقوق سے متعلق آگاہی پیدا کرنی ہے، اس کے لیے ملک کے طول و عرض میں جدوجہد جاری ہے، اس جدوجہد کے ساتھ ہمارا یہ بھی فیصلہ ہے کہ اپنے تئیں بہتری کے لیے کوششیں بھی کریں گے، انہی کوششوں میں سے ایک بنو قابل پروگرام ہے، اس پروگرام کا آغاز کراچی سے کیا اور شہر میں پچاس سے زائد کیمپسز کے ذریعے طلبا و طالبات کو مفت آئی ٹی کورسز کروائے، کراچی کے بعد یہ سلسلہ چاروں صوبوں میں شروع کر دیا گیا ہے، اب بنوقابل کے نام سے لاہور میں تعلیمی انقلاب کا آغاز ہو چکا ہے
ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: حافظ نعیم الرحمن قابل پروگرام جماعت اسلامی ا ئی ٹی کورسز لاہور میں کریں گے کے لیے کے تحت رہا ہے
پڑھیں:
لبنان: اسرائیلی ڈرون حملے میں جماعت اسلامی کے رہنما شہید
بیروت: جنوبی لبنان میں اسرائیلی ڈرون حملے میں جماعت اسلامی کے رہنما سمیت دو افراد جاں بحق اور دو زخمی ہو گئے۔
اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں کار پر کیے گئے ایک اور حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اس حملے میں جماعت اسلامی لبنان کے رہنما حسین عطوی کو نشانہ بنایا گیا۔
اسرائیلی فوج کے مطابق حسین عطوی لبنان سے اسرائیلی علاقوں میں حملوں کی منصوبہ بندی اور عمل درآمد میں ملوث تھے اور وہ حماس کے ساتھ بھی ہم آہنگی رکھتے تھے۔
لبنانی وزارت صحت کے مطابق ایک شخص کفریاچت میں ڈرون حملے میں جاں بحق ہوا جبکہ دوسرا ہولا کے علاقے میں ایک مکان پر حملے میں جان سے گیا۔
اسرائیلی ڈرونز صبح سے ہی ان علاقوں میں پرواز کرتے رہے، جس کے بعد حملے کیے گئے۔
جماعت اسلامی لبنان نے اپنے بیان میں تصدیق کی ہے کہ ان کے رہنما حسین عطوی جو کہ تنظیم کے مسلح ونگ "فجر فورسز" کے کمانڈر بھی تھے، اس حملے میں جاں بحق ہوئے۔
بیان میں کہا گیا کہ وہ اپنے گھر سے دفتر جا رہے تھے کہ اسرائیلی ڈرون حملے میں نشانہ بنے۔ گروپ نے اسرائیل کو اس قتل کا ذمے دار ٹھہراتے ہوئے اسے بزدلانہ کارروائی قرار دیا۔
واضح رہے کہ نومبر سے لبنان میں ایک جنگ بندی معاہدہ نافذ ہے جس کی اسرائیل کی جانب سے مسلسل خلاف ورزی کی جارہی ہے۔
لبنانی حکام کے مطابق سرائیل اب تک 2,763 سے زائد خلاف ورزیاں کرچکا ہے جن میں 193 افراد جاں بحق اور 485 زخمی ہو چکے ہیں۔
معاہدے کے تحت اسرائیل کو 26 جنوری تک جنوبی لبنان سے مکمل انخلا کرنا تھا جو تاحال مکمل نہیں ہو سکا۔
اسرائیلی افواج اب بھی پانچ سرحدی چوکیوں پر قابض ہیں جسے لبنان اور دیگر مزاحمتی گروپ اپنی خودمختاری کی خلاف ورزی قرار دے رہے ہیں۔