یوٹیلیٹی اسٹورز ملازمین کی جبری برطرفی قابل مذمت ہے،جاوید قصوری
اشاعت کی تاریخ: 17th, February 2025 GMT
لاہور (وقائع نگارخصوصی)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے حکومت کی جانب سے ملک بھر میں یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے 2600 سے زائد ڈیلی ویجز ملازمین کو نکالنے کے فیصلے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یو ایس سی بورڈ آف ڈائریکٹرز نے پہلے ہی ان ملازمین کو نکالنے کی منظوری دے دی تھی اور اب متعلقہ زونز کو اس پر عملدرآمد کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ شہباز حکومت کا پہلا سال ملک و قوم پر بہت بھاری رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف اسمبلیوں میں اپنی مراعات اور تنخواہوں میں ہزار فیصد سے زائد اضافہ کر لیتے ہیں جبکہ دوسری جانب حکمران اپنے اللوں تللوں کو ختم کرنے کے بجائے لوگوں سے ان کا روزگار چھین رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت غریب عوام کو روزگار فراہم نہیں کر سکتی تو اس کو کوئی حق حاصل نہیں کہ وہ ملازمین کو نوکریوں سے برخاست کرے۔چھوٹا طبقہ پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس کر رہ گیا ہے۔ مزدور فاقہ کشی پر مجبور ہیں اور سفید پوش طبقہ بڑی مشکل سے روح کا جان سے رشتہ قائم رکھے ہوئے ہے۔گزشتہ دس سال میں پاکستان میں بے روزگاری کی شرح ڈیڑھ فیصد سے بڑھ کر سات فیصد پر پہنچ گئی، جو بھارت اور بنگلہ دیش سے بھی زیادہ ہے۔ حکمرانوں نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ تاریخ کے نا اہل ترین ہیں اس کے پاس عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے کوئی ایجنڈا ہی نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف پنجاب میں چھ ماہ کے دوران 33فیصد صنعتی یونٹس بند ہو گئے ہیں، دو کروڑ سے زائد افراد سطح غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔قرضہ ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکا ہے جبکہ رہی سہی کسر حکومت نے یوٹیلٹی اسٹورز کے ملازمین کو نوکریوں سے نکال کر پوری کر دی ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ پلاننگ کمیشن کی رپورٹ کے مطابق ملک میں بیروز گاری کی شرح 7 فیصد تک پہنچ گئی ہے جبکہ بیروزگاری ختم کرنے کیلیے پاکستان کو سالانہ 15 لاکھ نوکریوں کی ضرورت ہے۔مہنگی بجلی اور گیس، بھاری ٹیکسوں سے پیدواری لاگت بڑھی تو سیکڑوں صنعتیں بند ہوئیں، جس کے باعث لاکھوں لوگوں کے چولہے ٹھنڈے ہوگئے۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: ملازمین کو
پڑھیں:
ایم ڈی کیٹ رزلٹ میں کراچی کے طلبہ نے میدان مار لیا، 41 بچے ٹاپ 10 میں شامل
آئی بی اے سکھر یونیورسٹی کے تحت ہونے والے ایم ڈی کیٹ 2025 کے امتحان میں کراچی کے طلبہ نے سندھ بھر میں سبقت حاصل کرلی۔آئی بی اے سکھر یونیورسٹی کے ایم ڈی کیٹ 2025 کے ٹیسٹ میں پہلی تینوں پوزیشنز کراچی کے نام رہیں جبکہ ٹاپ ٹین میں شامل 124 امیدواروں میں سے 41 امیدواروں کا تعلق کراچی سے ہے۔ایم ڈی کیٹ کے ابتدائی نتائج کے مطابق سندھ بھر کے تعلیمی بورڈز سے اے ون اور اے گریڈ لانے والے طلبہ کی اکثریت یعنی 56 فیصد امیدوار ایم بی بی ایس کے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ میں فیل ہو گئے جبکہ بی ڈی ایس کے 48 فیصد امیدوار ٹیسٹ میں ناکام ہو گئے۔نتائج کے مطابق 14300 امیدوار 55 فیصد (99) یا اس سے زائد نمبر لا کر کامیاب ہو سکے جبکہ بی ڈی ایس کے لیے 17123 امیدوار 50 فیصد (90) یا اس سے زائد نمبر لا کر کامیاب ہوئے، اس طرح 56 فیصد امیدوار ایم بی بی ایس کے ٹیسٹ میں ناکام ہوگئے جبکہ بی ڈی ایس میں 48 فیصد امیدوار ناکام ہو گئے۔ایم ڈی کیٹ نتائج کے مطابق سید محمود خان ولد عدالت خان کراچی ضلع غربی نے ایم ڈی کیٹ میں سب سے زیادہ نمبر حاصل کیے، انہوں نے 180 میں سے 175 نمبر حاصل کیے، کراچی کورنگی کے فیصل اشرف خان ولد نوید اشرف خان اورضلع قمبر شہداد کوٹ کے شیراز حسین ولد نیاز حسین مغیری 174 نمبر لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔کراچی شرقی کے محمد ریان ہمایوں ولد ہمایوں فاروق، کورنگی کی ماہ نور شاہنواز بنت سید شاہنواز حسین اور حیدرآباد کی حرا عابد ولد عابد علی سیہتو 173 نمبر لا کر تیسرے نمبر پر رہے، 124 امیدوار ٹاپ ٹین میں شامل رہے جن میں سے 41 امیدواروں کا تعلق کراچی سے ہے۔