حکومت کیخلاف اپنا پلیٹ فارم استعمال کرینگے، کسی تحریک کا حصہ نہیں بنیں گے، حافظ نعیم
اشاعت کی تاریخ: 18th, February 2025 GMT
پشاور:
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت کیخلاف اپنا پلیٹ فارم استعمال کرینگے، کسی تحریک کا حصہ نہیں بنیں گے۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو نئے انتخابات کا مطالبہ نہیں کرنا چاہئے، فارم 45 موجود ہے تو نئے انتخابات مطالبہ نہیں بنتا، مجھے حیرانی ہے کہ پی ٹی آئی نئے انتخابات کا مطالبہ کیوں کررہی ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔ موجودہ اسمبلیوں میں 75 فیصد لوگ فارم 47 پر کامیاب ہوئے ہیں، فیک نیوز کی بات کرنے والے فیک پارلیمنٹ کی بات نہیں کرتے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ صحافی مشکل حالات میں اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں مگر انہیں ان کے جائز حقوق نہیں مل رہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافی بھی مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں جبکہ پوری حکومت اشتہارات پر چل رہی ہے۔ پیکا ایکٹ آزادی اظہار رائے پر حملہ ہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں بدامنی عروج پر ہے اور کرم میں افسوسناک واقعات پیش آ رہے ہیں۔ گورنر اور وزیر اعلیٰ کے درمیان ہم آہنگی کا فقدان ہے، صوبائی حکومت کو کرم میں امن قائم کرنے کی ذمہ داری پوری کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں موجودہ حالات 9/11 کے بعد کی پالیسیوں کا نتیجہ ہیں، جس سے ملک کو ڈیڑھ سو ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہوا۔ افغانستان ہماری محفوظ سرحد تھی لیکن 9/11 کے بعد یہ سرحد غیر محفوظ ہو گئی اور قبائلی عوام کو بے گھر ہونا پڑا۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ فوجی آپریشن امن کا حل نہیں ہے، پھر بھی آج دوبارہ فوجی آپریشن کی بات کی جا رہی ہے۔ یکطرفہ کارروائیاں نہیں ہونی چاہئیں کیونکہ سب پاکستانی ہیں، دشمن نہیں۔ کشمیر میں ایک لاکھ لوگ شہید ہوچکے ہیں، وہاں بھی امن کی بات کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے، پاکستان و افغانستان کے تنازع سے صرف دشمن فائدہ اٹھائیں گے۔ دونوں ممالک کے درمیان مصالحت کی کوششیں کی جا سکتی ہیں، افغان حکمرانوں کو یہ یقینی بنانا چاہیے کہ ان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہو۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ امن کا راستہ فوجی کارروائی نہیں بلکہ مذاکرات ہیں۔ تعلیم، صحت اور روزگار کے ذریعے بھی امن قائم کیا جا سکتا ہے، نیشنل ایکشن پلان میں بھی تعلیم اور روزگار کو ترجیح دینے کا وعدہ کیا گیا تھا، مگر آج خیبرپختونخوا میں لاکھوں بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔ خیبر پختونخوا میں گیارہ سال سے ایک ہی جماعت کی حکومت ہے مگر تعلیم کے لیے کچھ نہیں کیا گیا۔
حافظ نعیم الرحمان نے اعلان کیا کہ رمضان المبارک کے بعد بجلی کی قیمتوں میں کمی اور آئی پی پیز کے خلاف مؤثر تحریک شروع کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی دباؤ سے ہی حکومت آئی پی پیز پر بات کرنے کو تیار ہوئی اور اب اس معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: حافظ نعیم الرحمان نے کہا انہوں نے کہا کہ کی بات
پڑھیں:
پیپلز پارٹی نے کراچی کی نوکریوں پر قبضہ کر رکھا ہے: حافظ نعیم
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے شہر میں سڑکیں بنی ہوئی نہیں ہیں لیکن شہریوں کو ہزاروں کے ای چالان آ رہے ہیں، ہم لوٹ مار اور قبضے کے نظام سے شہر کو آزادی دلائیں گے۔ایک تقریب سے خطاب میں حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کراچی میں جماعت اسلامی کے منتخب اراکین اپنی بساط سے زیادہ کام کر رہے ہیں اور کریں گے، ایک مرتبہ پھر 9 ٹاؤنز میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو گیا ہے۔ان کا کہنا تھا مرتضیٰ وہاب کے کام بھی ان کو دیکھنے پڑتے ہیں، ایس تھری منصوبہ کہاں چلا گیا، شہر میں ٹرانسپورٹ ہے نہیں، سڑکیں بنی نہیں ہیں اور ای چالان ہزاروں میں آرہا ہے، کراچی سرکلر ریلوے نہیں بن رہا ہے، ریڈ لائن نے یونیورسٹی روڈ کا برا حال کر رکھا ہے، اورنج لائن میں بھی پورے اورنگی کو کور نہیں کیا گیا۔حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کراچی میں قبضے کی سیاست جاری ہے، گاؤں اور دیہات پر قبضے کے بعد شہروں پر قبضہ کر لیا گیا ہے، لاہور میں جو چالان 200 روپے کا ہے سندھ میں 5 ہزار روپے کا ہے، یہ کیا ڈرامہ ہے سڑکیں ٹھیک نہیں اور مہنگے ای چالان کیے جارہے ہیں، ہم لوٹ مار اور قبضے کے نظام سے کراچی شہر کو آزادی دلائیں گے۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں پیپلزپارٹی کی سیٹوں میں من پسند حلقہ بندیوں کی وجہ اضافہ ہوا، پیپلز پارٹی نے دھاندلی کرکے اپنا میئر بنایا، بلدیاتی انتخابات جیت کر لوگ کہتے تھے اختیارات ملیں گے نہیں تو کام کیسے کریں گے، ابھی تک پیپلزپارٹی نے ٹاؤن کو اختیارات منتقل نہیں کیے۔امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کچرا اٹھانے کے اختیارات بھی سندھ حکومت کے پاس ہے، گھر سے جو کچرا اٹھایا جاتا ہے اس کے پیسے لوگ خود ادا کرتے ہیں، سالڈ ویسٹ منیجمنٹ کے پاس گھر سے کچرا اٹھا کر لینڈ فیلڈ سائٹ تک پہنچانے کا پورا میکنزم موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹاؤنز کو کام کرنے سے روکا جا رہا ہے، سٹی وارڈنز کو استعمال کرکے کام میں روڑے اٹکائے جا رہے ہیں، جماعت اسلامی اپنے ٹاؤن میں اختیارات سے بڑھ کر کام کر رہی ہے، جماعت اسلامی کے تحت تعمیر و ترقی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، نارتھ ناظم آباد میں کچھ بلاک کے لوگ شکایت کر رہے ہیں، ٹاؤن چیئرمین وہاں پر بھی کام کریں، شہر کی اونر شپ لیں۔ان کا کہنا تھا 12 سے 15 سال سے کراچی کے بڑے منصوبے تاخیر کا شکار ہیں، 15 سالوں میں پیپلز پارٹی نے کراچی کے لیے کچھ نہیں کیا، سیوریج کا نظام بھی ٹاؤن کو دیکھنا پڑ رہا ہے۔امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا پیپلز پارٹی نے کراچی کی نوکریوں پر قبضہ کر لیا ہے، کراچی کے نوجوانوں کو روزگار سے دور کر دیا گیا۔حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا تعلیم خیرات نہیں یہ ہمارے بچوں کا حق ہے، جنریشن زی دنیا میں انقلاب لا رہی ہے، اسی جنریشن زی کو مایوس کیا جا رہا ہے، جنریشن زی اگر مایوس ہوگئی تو پھر غلط راہ پر لگے گی، جماعت اسلامی بنو قابل پروگرام کے ذریعے جنریشن زی کو باصلاحیت بنا رہی ہے۔انہوں نے کہا حکومت سے کہنا چاہتا ہوں ہمیں کام کرنے دو، قبضہ کی سیاست اور کرپشن بند کرو، جماعت اسلامی تیاری کر رہی ہے اگر لوگ ہمارے ساتھ نکلے تو آپ کو جانا ہو گا۔