کراچی: فائرنگ کے واقعے میں ایک جاں بحق، واقعہ ذاتی رنجش کا شاخسانہ قرار
اشاعت کی تاریخ: 18th, February 2025 GMT
کورنگی کے علاقے زمان ٹاؤن میں فائرنگ سے سسر جاں بحق جبکہ داماد زخمی ہوگیا۔ پولیس واقعہ کو ذاتی رنجش کا شاخسانہ قرار دے رہی ہے۔
اس حوالے سے ایس ایچ او زمان ٹاؤن عتیق الرحمٰن نے بتایا کہ کورنگی سیکٹر 51 سی میں روڈ پر موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے 2 افراد زخمی ہوگئے جس میں 55 سالہ متین زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج جاں بحق ہوگیا جبکہ 27 سالہ کامران زخمی ہوگیا جو کہ مقتول کا داماد ہے۔
زخمی داماد نے ابتدائی تفتیش کے دوران بتایا کہ وہ اپنے سسر متین کے ہمراہ آر او پلانٹ کی صفائی کرا رہے تھے اور سڑک پر کھڑے تھے کہ اس دوران موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان نے ان پر فائرنگ کر دی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول متین کو جسم پر 4 گولیاں لگی تھیں جبکہ اس کے داماد کو ٹانگ پر ایک گولی لگی تھی۔ پولیس کو جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے متعدد خول ملے ہیں۔ مقتول متین علاقے میں کیبل والے کے نام سے مشہور ہے جبکہ پولیس واقعہ کو زاتی رنجش کا شاخسانہ قرار دیتے ہوئے دیگر پہلوؤں پر بھی تفتیش کر رہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے کچھ اہم شواہد ملے ہیں جو تفتیش میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں ۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
چارسدہ میں ملزمان کی فائرنگ سے پولیس کانسٹیبل شہید، سب انسپکٹر زخمی
خیبرپختونخوا کے ضلع چارسدہ کی تحصیل پڑانگ میں چھاپے کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے پولیس کانسٹیبل شہید ہوگیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق تحصیل پڑانگ میں پولیس پارٹی پر چھاپے کے دوران نامعلوم افراد نے فائرنگ کی جس میں پولیس کانسٹیبل اور ایس ایچ او کے گن مین شہید جبکہ سب انسپکٹر زخمی ہوگئے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چارسدہ کے مطابق شہید اہلکار کی لاش اور زخمی پولیس اہلکار کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چارسدہ منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس اطلاع پر اشتہاری ملزمان کے خلاف چھاپے مارنے گئی تھی۔
فائرنگ کے واقعہ کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔ شہید ہیڈ کانسٹیبل فصیح الدین کی میت کو ضابطے کی کارروائی کے بعد پولیس لائنز چارسدہ منتقل کر دیا گیا جہاں رات کو 12 بجے نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد جسد خاکی آبائی گاؤں درگئی روانہ کیا جائے گا۔