بھارتی پولیس کے سرینگر میں چھاپے، تفسیر قرآن سمیت دیگر اسلامی کتب ضبط
اشاعت کی تاریخ: 20th, February 2025 GMT
سرینگر: بھارتی پولیس نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے کئی کتاب فروشوں پر چھاپے مار کر اسلامی اسکالر مولانا ابوالاعلیٰ مودودی کی کتابیں ضبط کر لیں، جس پر مقامی عوام اور مسلم رہنماؤں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
پولیس کے مطابق یہ کارروائیاں “کسی ممنوعہ تنظیم کی نظریات کو فروغ دینے والی کتابوں” کی فروخت روکنے کے لیے کی گئی ہیں۔ تاہم، مقامی دکانداروں نے تصدیق کی کہ ضبط شدہ کتابیں جماعتِ اسلامی کے بانی مولانا مودودی کی تصانیف ہیں۔
سرینگر کے علاوہ دیگر شہروں میں بھی کتابوں کی ضبطی کے واقعات پیش آئے۔ ایک دکاندار نے بتایا کہ “پولیس اہلکار آئے اور مولانا مودودی کی تمام کتابیں اٹھا کر لے گئے، یہ کہہ کر کہ ان پر پابندی عائد ہے۔”
پاکستان نے بھارتی مظالم اور کشمیریوں کو ہراساں کرنے کی اس نئی کارروائی کی شدید مذمت کی۔ دفترِ خارجہ کے ترجمان شفقات علی خان نے کہا کہ “کشمیری عوام کو آزادی دی جانی چاہیے کہ وہ اپنی پسند کی کتابیں پڑھ سکیں۔”
کشمیر کے معروف مذہبی رہنما میرواعظ عمر فاروق نے اس اقدام کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ “جب اسلامی کتب آن لائن دستیاب ہیں، تو ان کی ضبطی بے معنی ہے۔”
شمیم احمد ٹھوکر نے کہا کہ “یہ کتابیں اخلاقیات اور ذمہ دار شہری بننے کی تعلیم دیتی ہیں۔ ان پر کریک ڈاؤن کرنا غیر منطقی ہے۔”
ناقدین اور مقبوضہ وادی کے شہریوں کا کہنا ہے کہ 2019 میں نریندر مودی کی حکومت کی جانب سے کشمیر کی خودمختاری ختم کیے جانے کے بعد شہری آزادیوں پر شدید قدغن لگائی گئی ہے۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
سیکیوٹی فورسز کا مستونگ میں آپریشن، 3 دہشتگرد ہلاک، میجر سمیت دو جوان شیہد
فائل فوٹو۔سیکیورٹی فورسز نے مستونگ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جس کے دوران 3 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں میجر سمیت 2 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔
آپریشن کے دوران 3 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا، شدید فائرنگ کے تبادلے میں میجر زید سلیم اور سپاہی نظم حسین نے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق میجر زید سلیم اپنی ٹیم کی فرنٹ سے قیادت کر رہے تھے،31 سال کے میجر زید سلیم کا تعلق خوشاب اور 22 سال کے سپاہی نظم حسین کا جہلم سے تعلق تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں مزید بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کےخاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کےخاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہمارے ان بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔