5 سال میں برآمدات 60 ارب ڈالر تک لے جانے کیلئے جامع حکمت عملی تشکیل دی جائے، وزیر اعظم شہباز شریف
اشاعت کی تاریخ: 20th, February 2025 GMT
فائل فوٹو۔
وزیراعظم شہباز شریف نے 5 سال میں برآمدات 60 ارب ڈالر تک لے جانے کیلئے جامع حکمت عملی تشکیل دینے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت ملکی برآمدات بڑھانے کیلئے اقدامات پر جائزہ اجلاس ہوا۔
اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے معاشی ٹیم کو ٹیرف کے نظام میں پائیدار اصلاحات متعارف کرانے کی ہدایت کی اور کہا کہ ٹیرف کے نرخوں کو کم اور نظام کو آسان بنایا جائے اور ٹیرف اصلاحات لا کر صنعتوں کی پیداوار میں اضافے کی حکمت عملی اپنائی جائے۔
شہباز شریف نے برآمدات میں اضافے کیلئے سروسز، آئی ٹی اور زراعت کے شعبوں پر توجہ دینے کی بھی ہدایت کی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ برآمدات پر مبنی معاشی ترقی "اڑان پاکستان" وژن کا اہم جزو ہے، برآمدی صنعتوں کی ترقی کیلئے ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ فنڈ کے گورننس نظام میں ضروری اصلاحات کی جائیں۔
اس سے قبل اجلاس کو آئندہ 5 سال میں برآمدات کا ہدف 60 ارب ڈالر تک لے جانے کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ 2 سال میں ٹیرف میں بتدریج کمی کی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ 30-2025 اسٹرٹیجک ٹریڈ پالیسی فریم ورک پر تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت جاری ہے، ای کامرس پالیسی پر مشاورت تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ پالیسی کو اگلے مہینے کابینہ کی منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔
بریفنگ کے مطابق پاکستانی مصنوعات کی بین الا قوامی معیار سے ہم آہنگ کرنے کیلئے نیشنل کمپلائنس سینٹر تیار ہو چکا، سینٹر پاکستان کی برآمدی صنعتوں کی استعداد میں اضافہ اور تربیت کے پروگرام مرتب کرے گا۔
.ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
عام صارفین اور تاجروں کیلئے اکاؤنٹ کھولنا مزید آسان، جامع فریم ورک متعارف کرا دیا گیا
کراچی:اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے عام صارفین اور تاجروں کے لیے اکاؤنٹ کھولنے کا عمل مزید آسان بنانے کے لیے جامع فریم ورک متعارف کرادیا اور بینکوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تاجروں کو ادائیگیوں کے ڈیجیٹل طریقے فراہم کریں۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق نئے فریم ورک کا مقصد اکاؤنٹ کھولنے کا عمل آسان اور معیاری بنانا کے ساتھ ساتھ دستاویزات کے تقاضوں کو معقول بنانا ہے اوراس سے عام صارفین کو نئے بینک اکاؤنٹ کھولنے میں دو دن سے زیادہ کا وقت نہیں لیا جائے گا۔
اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ صارفین کے پاس اپنی درخواستوں کو ٹریک کرنے کی سہولت بھی ہونی چاہیے جس سے یہ عمل شفاف اور صارف دوست بن جائے گا۔
اس حوالے سے بتایا گیا کہ کسٹمر آن بورڈنگ کا عمل مزید آسان، محفوظ اور مؤثر بنا دیا گیا ہے، اب صارفین تمام اقسام کے اکاؤنٹس آن لائن کھول سکیں گے۔
اسٹیٹ بینک نے بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ تمام تاجروں کو ڈیجیٹل ادائیگی قبول کرنے والے کم از کم ایک طریقے سے ضرور لیس کیا جائے اور نئے تاجروں کو اکاؤنٹ کھولنے میں معاونت دی جائے۔
اس ضمن میں بتایا گیا کہ یہ اقدامات مالی شمولیت بڑھانے اور صارفین کے لیے سہولتیں بہتر بنانے کی کوششوں کا تسلسل ہیں اور یہ اقدامات بینکنگ سٹم سے باہر افراد اور تاجروں کو نظام میں شامل کرنے اور نقد ادائیگیاں ڈیجیٹلائز کرنے کا ماحول بہتر بنائیں گے۔