بھارت کے خلاف جیت کیلیے کھلاڑیوں کو پرفارم کرنا ہوگا، شاہد آفریدی
اشاعت کی تاریخ: 20th, February 2025 GMT
کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی کاکہنا ہے کہ بھارت کے خلاف جیت کے لیے کھلاڑیوں کو بھرپور پرفارم کرنا ہوگا، خود اعتمادی ہی ہمیں کامیابی دلائے گی اور اگر کسی بھی کھلاڑی کو ہیرو بننا ہے، تو بھارت کے خلاف بہترین کارکردگی دکھانی ہوگی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ انہوں نے بطور کپتان محمد رضوان کو ہمیشہ سپورٹ کیا اور وہ وکٹ کیپر بیٹر کے طور پر سب سے بہترین انتخاب ہیں، تمام فاسٹ بولرز کو اظہر محمود کے ساتھ مل کر ایک مضبوط پلان بنانا ہوگا۔
شاہد آفریدی کاکہناتھا کہ ہماری ٹیم میں میچ ونرز کی کمی محسوس ہو رہی ہے، ہر کھلاڑی کو اپنی ذمہ داری نبھانی ہوگی، یہ غلط ہے کہ صرف بابر اعظم اور فخر زمان پر جیت کی ذمہ داری چھوڑ دی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کے خلاف بابر اعظم اور امام الحق کو اوپننگ کرنی چاہیے کیونکہ بابر لمبی اننگز کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور ماضی میں وہ ایسا کر چکے ہیں، بھارت کی فرسٹ کلاس کرکٹ کو 100 سال ہو چکے ہیں اور ان کا وہی نظام چل رہا ہے جبکہ ہمارے کرکٹ بورڈ میں چیئرمین بدلتے ہی پورا نظام تبدیل کر دیا جاتا ہے۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: بھارت کے خلاف
پڑھیں:
شہریوں کیلیے بڑی سہولت؛ ملکی تاریخ میں پہلی بار انڈر پاس صرف 35 روز میں تعمیر ہوگا
اسلام آباد:پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ صرف 35 روز میں انڈر پاس مکمل ہونے جا رہا ہے، جس سے شہریوں کے لیے ٹریفک کی روانی میں نمایاں بہتری آئے گی۔
جناح اسکوائر مری روڈ پر انڈر پاس کی کھدائی کا کام تیزی سے جاری ہے اور اسے ریکارڈ مدت میں مکمل کرنے کا ٹاسک دے دیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ اسلام آباد ایئرپورٹ سے مری تک سگنل فری کوریڈور کا حصہ ہے، جو آمدورفت میں آسانی فراہم کرے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے منصوبے کا دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے انڈر پاس منصوبے کو صرف 35 دن میں مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی اور کہا کہ رفتار کے ساتھ ساتھ تعمیراتی معیار پر بھی کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔
وزیر داخلہ نے شہریوں کی آمدورفت کو متاثر نہ ہونے دینے کے لیے متبادل راستوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کی بھی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ سگنل فری کوریڈور سے سیاحوں کو مری پہنچنے میں سہولت ملے گی اور ٹریفک جام کا برسوں پرانا مسئلہ حل ہوگا۔ یہ منصوبہ کشمیر چوک کے قریب ٹریفک کے دباؤ کو بھی کم کرے گا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اس منصوبے سے اسلام آباد کے مجموعی ٹریفک نظام میں بہتری آئے گی اور ایندھن کی بچت بھی ممکن ہوگی۔
اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے وزیر داخلہ کو منصوبے کی پیش رفت پر بریفنگ دی اور بتایا کہ منصوبے میں 479 میٹر طویل انڈر پاس شامل ہے، جو تین ٹریفک لینز کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ منصوبے کے تحت ملحقہ پل کو بھی چوڑا کیا جا رہا ہے، دونوں اطراف میں دو دو لینز کا اضافہ کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ 4 ملحقہ سلپ روڈز کو بھی کشادہ کیا جائے گا تاکہ ٹریفک کی روانی بہتر ہو۔ حکام کا کہنا ہے کہ انشاءاللہ منصوبے کو مقررہ وقت میں مکمل کر لیا جائے گا۔
Post Views: 1