بلدیاتی انتخابات میں تاخیر؛ پنجاب حکومت کی جلد قانون سازی کی یقین دہانی
اشاعت کی تاریخ: 26th, February 2025 GMT
پنجاب حکومت نے الیکشن کمیشن کو بلدیاتی انتخابات سے متعلق جلد قانون سازی کرنے کی یقین دہانی کروا دی۔
پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں تاخیر پر الیکشن کمیشن میں سماعت ہوئی۔ چیف سیکرٹری،سیکرٹری بلدیات اوراسپیشل سیکرٹری بلدیات پنجاب الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔ پنجاب حکومت نے جلد بلدیاتی انتخابات سے متعلق قانون سازی کی یقین دہانی کرادی۔
سیکریٹری بلدیات پنجاب نے کہا کہ بلدیاتی قانون منظوری کے لیے جلد پنجاب اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ بلدیاتی قانون رولز پر کام آخری مراحل میں ہے۔ بلدیاتی قانون کی منظوری کے بعد الیکشن کمیشن حلقہ بندیاں کرے گا۔ چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں الیکشن کمیشن نے ان چیمبر سماعت کی۔ الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کی یقین دہانی پر معاملہ موخر کردیا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: بلدیاتی انتخابات کی یقین دہانی الیکشن کمیشن پنجاب حکومت
پڑھیں:
بلدیاتی حکومتوں کے قیام کی ترمیم مزید غور کیلئے وزارت قانون کو بھیجنے کا فیصلہ
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف نے بلدیاتی حکومتوں کے قیام کی ترمیم مزید غور کیلئے وزارت قانون کو بھیجنے کا فیصلہ کرلیا۔
چیئرمین محمود بشیر ورک کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کا اجلاس ہوا جس میں رکن علی محمد خان نے کہا کہ اٹھارہویں ترمیم آسمانی صحیفہ نہیں بلکہ انسانوں کا بنایا ہوا قانون ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ اختیارات عوام تک منتقل ہوں۔
وزیر مملکت برائے قانون وانصاف بیرسٹرعقیل ملک نے کہا کہ آئینی ترمیم کیلئے دو تہائی اکثریت چاہیے، ہم گلیاں نالیاں بنانا نہیں چاہتے لیکن اس لئے بنانی پڑتی ہیں کیونکہ بلدیاتی نظام نہیں ہے۔
چیئر مین کمیٹی نے کہا بلدیاتی نظام ضروری تھا لیکن صوبوں نےمنتقل نہیں کیا، ہمیں دیکھنا ہوگا کہ یہ کیسے ہوگا۔
کمیٹی رکن عالیہ کامران نے کہا جب وفاق میں بلدیاتی اںتخابات ملتوی کئے گئے تو کس کی حکومت تھی؟ اور یہ بھی بتایا جائے کہ اس وقت یہ انتخابات کیوں ملتوی کئےگئے؟۔
علی محمد خان نے جواباً کہا کہ اس گنگا میں سب نے ہاتھ دھوئے ہیں، ہم سمیت کسی پارٹی کی حکومت نے بلدیاتی انتخابات نہیں کروائے، بلدیاتی انتخابات ہمیشہ آمروں کے دور میں ہوئے ہیں۔
بعدازاں قائمہ کمیٹی نے بلدیاتی حکومتوں کے قیام کی ترمیم مزید غور کیلئے وزارت قانون کو بھیجنے کا فیصلہ کر لیا۔