خاتون جنت سیدہ فاطمۃ الزہراء (ع) سے عقیدت و محبت جز و ایمان ہے، متحدہ علماء محاذ
اشاعت کی تاریخ: 5th, March 2025 GMT
مجلس مذاکرہ سے خطاب کرتے ہوئے علماء مشائخ و ذاکرین نے کہا کہ اہل بیتؑ سے بغض و عناد گمراہی و ضلالت و جہنم کی نشانی ہے، اہل بیتؑ سے عقیدت و محبت کرنیوالے بلاامتیاز مسلک شیعہ و سنی استعمار کے خلاف متحد و بیدار ہوجائیں۔ اسلام ٹائمز۔ متحدہ علماء محاذ پاکستان کے زیراہتمام مرکزی بانی صدر حجۃ الاسلام علامہ مرزا یوسف حسین کی زیر صدارت ان کی رہائش گاہ جامع مسجد و امام بارگاہ نور ایمان ناظم آباد میں دختر رسولؐ، زوجہ مولا علیؑ، ام الحسنین کریمینؑ، خاتون جنت سیدہ فاطمۃ الزہراءؑ کے یوم وصال پر منعقدہ مجلس مذاکرہ سے خطاب کرتے ہوئے مختلف مکاتب فکر کے علماء مشائخ و ذاکرین نے کہا ہے کہ خاتون جنت سیدہ فاطمۃ الزہراءؑ کی سیرت خواتین عالم کیلئے مشعل راہ ہے، مغربی افکار و نظریات کی حامل بے راہ روی کا شکار خواتین کی اصلاح و نجات کیلئے سیدہ فاطمہؑ کے کردار کو اجاگر کیا جائے، خاتون جنت بحیثیت بیٹی، ماں، زوجہ ہر حیثیت سے نمونہ عمل ہیں، مسلم خواتین سیرت فاطمہؑ پر عمل کرکے دنیا میں شرم و حیا، زُہد و تقویٰ کے حوالے سے انقلاب برپا کرسکتی ہیں، آج دشمنان اہل بیتؑ کا مقابلہ جرأت و صبر استقامتِ فاطمہؑ سے ہی کیا جا سکتا ہے، آپﷺ نے ایک موقع پر فرمایا کہ فاطمہؑ میرے جگر کا ٹکڑا ہے جس نے ان سے بغض رکھا اس نے مجھ سے بغض رکھا، اگر آج خواتین، سیدہ فاطمہؑ اور حیدرکرار علی المرتضیٰؑ کی مثالی جوڑی کے حالات زندگی اور شب و روز کا مطالعہ کرکے اسے نمونہ عمل بنایا جائے تو آج طلاق و خلع کے بڑھتے ہوئے تناسب اور عدم برداشت اورنہ حل ہونیوالی خانگی لڑائیوں سے نجات حاصل ہوسکتی ہے، خاتون جنت سے عقیدت و محبت جز و ایمان اور ذریعہ نجات ہے۔
علماء مشائخ و ذاکرین نے کہا کہ اہل بیتؑ سے بغض و عناد گمراہی و ضلالت و جہنم کی نشانی ہے، اہل بیتؑ سے عقیدت و محبت کرنیوالے بلاامتیاز مسلک شیعہ و سنی استعمار کے خلاف متحد و بیدار ہوجائیں۔ مجلس مذاکرہ سے بانی سیکریٹری جنرل و میزبان مولانا محمد امین انصاری، مرکزی چیئرمین علامہ عبدالخالق فریدی، خطیب شعلہ بیاں صاحبزادہ مولانا منظرالحق تھانوی، شیخ الحدیث مولانا مفتی محمد داؤد، علامہ ڈاکٹر سید شمیل احمد قادری حنبلی، قانونی مشیر ناصر احمد ایڈووکیٹ ہائی کورٹ، علامہ سید سجاد شبیر رضوی، مرکزی جمعیت اہلحدیث کے علامہ مرتضیٰ خان رحمانی، پاک سول سولجر موومنٹ سندھ کے رہنما مولانا مفتی وجیہہ الدین، علامہ ڈاکٹر شاہ فیروزالدین رحمانی، مولانا مفتی علی المرتضیٰ، مولانا پیر حافظ گل نواز خان ترک نے خطاب کیا جبکہ معروف نعت و منقبت خواں خواجہ پیرسید معاذ علی نظامی نے بارگاہ اہل بیتؑ میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ سیمینار میں اسرائیلی و بھارتی جارحیت اور پاکستان میں ہونیوالی اندرونی و بیرونی سازشوں کیخلاف افواج پاکستان سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔
ذریعہ: Islam Times
پڑھیں:
شہید صوبیدار لیاقت علی کی چوتھی برسی پر عقیدت کے پھول
آج پاک فوج کے بہادر سپاہی صوبیدار لیاقت علی شہید کی چوتھی برسی عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے۔
وطن کی محبت میں جان نچھاور کرنا پاک فوج کے جوانوں کی پہچان ہے، اور دفاع وطن میں اپنی جان قربان کرنے والے انہی جری سپوتوں میں صوبیدار لیاقت علی شہید کا نام بھی سنہری حروف سے لکھا گیا ہے۔
ضلع گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے اس بہادر سپاہی نے 25 جولائی 2021 کو آزاد کشمیر میں ڈیوٹی کے دوران شہادت کا عظیم رتبہ حاصل کیا۔ ان کی قربانی نہ صرف پاک فوج بلکہ پوری قوم کے لیے باعث فخر ہے۔
قوم آج اپنے اس عظیم فرزند کو سلام پیش کرتی ہے جس نے وطن کی سلامتی کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ صوبیدار لیاقت علی شہید کی یہ قربانی آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ کی حیثیت رکھتی ہے اور ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہے گی۔
وطن کی محبت میں اپنی جان قربان کرنے والے تمام شہداء کو ہمارا سلام۔ صوبیدار لیاقت علی شہید جیسے جانثاروں کی قربانیوں کی بدولت ہی ہم محفوظ وطن میں سکون کی زندگی گزار رہے ہیں۔