لاہور ایئرپورٹ پر جعلی دستاویزات والے دو مسافر گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 8th, March 2025 GMT
لاہور:
علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے جعلی سفری دستاویزات پر بیرون ملک جانے کی کوشش کرنے والے دو مسافروں کو ایف آئی اے نے گرفتار کرلیا۔
مدثر علی قطر ایئرویز کی پرواز QR-621 کے ذریعے اٹلی جانے کی کوشش کر رہا تھا جبکہ ذیشان کھوکھر امارات ایئر لائن کی پرواز EK-625 کے ذریعے ساؤتھ افریقا کا سفر کرنے والا تھا۔ امیگریشن کلیئرنس کے دوران دونوں مسافروں کو مشکوک پایا گیا اور تفتیش کرنے پر ان کے پاسپورٹ پر جعلی ویزے برآمد ہوئے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان نے یہ جعلی ویزے بھاری رقوم کے عوض ایجنٹوں سے حاصل کیے تھے، ذیشان کھوکھر نے اٹلی کا ویزہ عثمان نامی ایجنٹ سے 27 لاکھ روپے میں حاصل کیا تھا، ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل لاہور منتقل کر دیا گیا ہے۔
ترجمان ایف آئی اے نے عوام سے گزارش کی ہے کہ وہ اپنی سفری دستاویزات غیر متعلقہ افراد کے حوالے نہ کریں اور ویزا حاصل کرنے کے لیے صرف متعلقہ ملک کی ایمبیسی یا نامزد کردہ ویزا ایپلیکیشن سینٹر سے رجوع کریں۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
ایران میں زائرین کو اغوا کرکے تاوان وصول کرنے والے نیٹ ورک کا اہم ملزم گرفتار
لاہور:وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) نے ایران میں زائرین کو اغوا کرکے تاوان وصول کرنے والے نیٹ ورک کے اہم ملزم کو لاہور سے گرفتار کرلیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ایف ائی اے کارپوریٹ کرائم سرکل لاہور نے ایک بڑی کارروائی کی اور ملزم کو گرفتار کرلیا، جن کی شناخت محمد ادریس کے نام سے ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ملزم نے ایران میں اپنے نیٹ ورک کے ذریعے پاکستان سے ایران جانے والے 2 شہریوں کو اغوا کروایا اور ان کے اہل خانہ سے تاوان کی مد میں 50 لاکھ روپے وصول کیے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم نے اپنے مکروہ دھندے کو چھپانے کے لیے رقوم کی بیرون ملک منتقلی بذریعہ حوالہ ہنڈی کی۔
انہوں نے بتایا کہ ملزم ایران میں اپنے نیٹ ورک کے ذریعے پاکستان سے ایران جانے والے زائرین کو اغوا کرواتا تھا۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم متاثرین کو رہا کروانے کی مد میں پاکستان میں ان کے اہل خانہ سے بھاری رقوم وصول کرتا تھا۔