پنجاب پولیس نے بھاری ہتھیاروں سے لیس 20 سے 25 دہشتگردوں کا ایک اور حملہ ناکام بنا دیا
اشاعت کی تاریخ: 9th, March 2025 GMT
پنجاب پولیس نے خیبر پختونخوا کی سرحد پر دہشت گردوں کا ایک اور حملہ پسپا کر دیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق، سرحدی چوکی لکھانی پر خوارجی دہشت گردوں نے بھاری اسلحے سے حملہ کیا، تاہم پولیس اہلکاروں نے بروقت اور جراتمندانہ کارروائی کرتے ہوئے انہیں پسپائی پر مجبور کر دیا۔ترجمان کے مطابق، گزشتہ 24 گھنٹوں میں یہ دوسرا جبکہ رواں ہفتے میں تیسرا بڑا حملہ تھا جسے ناکام بنایا گیا۔ حملہ آوروں کی تعداد 20 سے 25 تھی اور وہ راکٹ لانچرز سمیت جدید اسلحے سے لیس تھے۔تاہم، ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سید علی کی زیرِ کمانڈ کیو آر ایف ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنایا۔ پولیس نے تھرمل امیج کیمروں کی مدد سے دہشت گردوں کی بروقت نشاندہی کی اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے انہیں بھاری نقصان پہنچایا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری رہے گا اور عوام کے تحفظ کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سید علی نے کہا کہ ’خوارجی دہشت گرد بزدلانہ حملوں سے ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔ پنجاب پولیس ہر قیمت پر عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے گی۔‘آر پی او کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے کہا کہ پولیس فورس کا مورال بلند ہے اور دہشت گردوں کا ہر حملہ ناکام بنایا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم دہشت گردوں کا ہر طرح سے مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔‘آئی جی پنجاب نے بھی پولیس کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ ’پنجاب پولیس کے بہادر سپوت خوارجی دہشت گردوں کے خلاف مسلسل لڑ رہے ہیں اور دشمن کو پنجاب میں داخل نہیں ہونے دیں گے۔ ہمارا ہر جوان سینہ تان کر دہشت گردوں کا مقابلہ کر رہا ہے اور ہم دشمن کو ان کے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ خیبر پختونخوا سرحد پر ہماری فورس ہر لمحہ چوکس ہے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا۔‘سرحدی علاقے میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ مزید کسی بھی ممکنہ خطرے کو بروقت روکا جا سکے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: دہشت گردوں کا پنجاب پولیس
پڑھیں:
بدترین سیلاب، بروقت انخلا سے 25 لاکھ انسانی زندگیوں کو محفوظ بنایا گیا
ترجمان ریسکیو کا کہنا تھا کہ ریسکیو 1122 اس وقت بھی پنجاب کے مختلف سیلابی علاقہ جات میں عوام الناس کی خدمت میں مصروف ہے۔ ریسکیو عملہ ضروریات زندگی کی فراہمی میں ریسکیو بوٹ کے زریعے معاونت کررہا ہے۔ اسلام ٹائمز۔ پنجاب میں بدترین سیلاب کے دوران پیشگی اور بروقت انخلاء سے 2.5 ملین افراد کی زندگیوں کو محفوظ بنایا گیا۔ ترجمان ریسکیو 1122 پنجاب فاروق احمد نے کہا کہ قبل از وقت انخلا سے نہ صرف انسانوں بلکہ 2 ملین سے زائد جانوروں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، قبل از وقت کئی ملین افراد کا انخلاء اور جانوروں کی محفوظ منتقلی اپنی نوعیت کا منفرد اور کامیاب آپریشن تھا۔
انہوں نے کہا کہ انسانوں اور جانوروں کے پیشگی انخلاء میں ضلعی مینجمنٹ کیساتھ ریسکیو کی فیلڈ فارمیشن اور ریسکیو سکاؤٹس (رضاکار) نے کلیدی کردار ادا کیا، پیشگی انخلاء میں رہ جانے والے لوگوں کے لیے سیلابی علاقہ جات میں خصوصی ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔ فلڈ ریسکیو آپریشن میں 1500 سے زائد کشتیوں اور ریسکیو کے تربیت یافتہ عملے نے حصہ لیا، پیشگی انخلاء سے رہ جانے والے 4 لاکھ22 ہزار سے زائد لوگوں اور 54 ہزار سے زائد جانوروں کو کشتیوں کے ذریعے ریسکیو کیا گیا۔
ترجمان ریسکیو کا کہنا تھا کہ پنجاب میں سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے مختلف اضلاع میں ریسکیو 1122 کے فلڈ ریسکیو آپریشن کو خود لیڈ کیا، ریسکیو 1122 اس وقت بھی پنجاب کے مختلف سیلابی علاقہ جات میں عوام الناس کی خدمت میں مصروف ہے۔ ریسکیو عملہ ضروریات زندگی کی فراہمی میں ریسکیو بوٹ کے زریعے معاونت کررہا ہے، متاثرہ سیلابی کے علاقوں میں فوری مدد کے لیے ریسکیو ہیلپ لائن 1122 پر کال کریں یا قریبی ریسکیو پوسٹ پہ رابطہ کریں۔