صدرمملکت نے ایک سالہ پروگرام دیا، حکومت عمل کرے گی، خواجہ آصف
اشاعت کی تاریخ: 10th, March 2025 GMT
اسلام آباد: وزیردفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ صدر کا خطاب اچھا تھا، ایک سالہ پروگرام دیا، حکومت عمل کرے گی، تحریک انصاف دہشت گردوں کی اتحادی بنی ہوئی ہے، دہشت گردی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ جاری ہے، کامیابی بھی ہورہی ہے، سیکیورٹی فورسز کی جانب سے مسلسل آپریشنز ہورہے ہیں، افواج کو پچھلے ڈیڑھ ماہ میں کئی کامیابیاں ملی ہیں، دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، بہت سے خوارج مارے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے لگائے پودوں کا قلع قمع ہونے تک یہ جنگ جاری رہے گی، جب تک دہشت گردی کا خاتمہ نہ ہوگا، چین سے نہیں بیٹھیں گے، تحریک انصاف تو دہشت گردوں کی اتحادی بنی ہوئی ہے۔
صحافی نے سوال کیا کہ تحریک انصاف سے متعلق کوئی ثبوت ہے؟، جس پر خواجہ آصف نے جواب دیا کہ کون لایا، کس کے دور میں ہزاروں دہشتگرد یہاں بسائے گئے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ صدر مملکت کے خطاب کے دوران احتجاج روایت ہے، صدر کے خطاب کے دوران احتجاج نہ ہو تو ہاضمہ خراب ہوجاتا ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ دیامیر بھاشا ڈیم کے معاملات کو ٹھیک ہونا چاہئے، صدر زرداری کا خطاب اچھا تھا ایک سالہ پروگرام دیا، حکومت عمل کرے گی، کوئٹہ لاک ڈاؤن کا مجھے تو کوئی علم نہیں، وزیراعلیٰ کو ہی معلوم ہوگا۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: نے کہا
پڑھیں:
پی ٹی آئی کی تحریک سے ہمیں کوئی خطرہ نہیں، عرفان صدیقی
وفاقی دارالحکومت سے جاری ایک بیان میں راہنما مسلم لیگ نون اور سینیٹر کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے لیے ہمارے دروازے کھلے ہیں لیکن چھت پر چڑھ کر پی ٹی آئی کو آوازیں نہیں دیں گے، 26ویں ترمیم کے بعد جو ترمیم جب بھی آئے گی وہ 27ویں ہو گی لیکن اس وقت حکومت ایسی کسی ترمیم پر کام نہیں کر رہی۔ اسلام ٹائمز۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی تحریک سے ہمیں کوئی خطرہ نہیں۔ وفاقی دارالحکومت سے جاری ایک بیان میں سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے بیٹے خوشی سے پاکستان آئیں، احتجاج کے جو طریقے انہوں نے برطانیہ میں دیکھے ہیں ان کے مطابق بیشک احتجاج بھی کریں۔ انہوں نے کہا کہ محمود اچکزئی کے بیان کے مطابق کے پی میں اے پی سی موجودہ حکومت کے خاتمے کیلئے بلائی جا رہی ہے، ہم کسی ایسی سازش کا حصہ کیسے بن سکتے ہیں۔؟ پی ٹی آئی کی تحریک سے کوئی خوف نہیں، 5 اگست کو 10 دن رہ گئے۔
راہنما مسلم لیگ نون اور سینیٹر کا کہنا تھا کہ ہماری کوئی دلچسپی نہیں، اس لئے کوئی میٹنگ بھی اب تک نہیں بلائی، مذاکرات کے لیے ہمارے دروازے کھلے ہیں لیکن چھت پر چڑھ کر پی ٹی آئی کو آوازیں نہیں دیں گے، 26ویں ترمیم کے بعد جو ترمیم جب بھی آئے گی وہ 27ویں ہو گی لیکن اس وقت حکومت ایسی کسی ترمیم پر کام نہیں کر رہی۔
عرفان صدیقی نے کہا کہ 9 مئی کو دفاعی تنصیبات اور شہداء کی یادگاروں پر حملے جرم تھے تو مجرموں کو سزائیں بھی ملنی چاہییں، محمد نواز شریف مسلم لیگ (ن) کے صدر کے طور پر اپنا کردار ادا کر رہے ہیں، بلا وجہ بیان بازی اور تشہیر ان کا شیوہ نہیں، وقت آنے پر متحرک سیاسی کردار بھی ادا کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خارجہ امور کی ذمہ داری وفاقی حکومت پر ہے، یہ کام علی امین گنڈاپور کا نہیں، وہ اپنے صوبے میں امن و امان اور اربوں روپے کی کرپشن پر نظر رکھیں۔