وزیراعلیٰ سندھ نے حکومت کی ایک سالہ کارکردگی رپورٹ پیش کردی
اشاعت کی تاریخ: 13th, March 2025 GMT
2022کے سیلاب سے متاثرہ کسانوں کو ایک لاکھ 68 ہزار ہاری کارڈ تقسیم کیے گئے
196نئی سڑکوں کی تعمیر مکمل کی گئی جن پر 54ارب روپے خرچ ہوئے، کارکردگی رپورٹ
زیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اپنی حکومت کی ایک سالہ کارکردگی رپورٹ پیش کردی۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ سندھ میں زراعت، صحت، انفرااسٹرکچر، ڈیجیٹلائزیشن اور فلاحی منصوبوں سمیت بڑے ترقیاتی کام کیے ۔انھوں نے کہا دو لاکھ سولر یونٹس کی تقسیم، 168,000 کسانوں میں ہاری کارڈز، 196نئی سڑکوں کی تعمیر اور 14لاکھ مریضوں کا این آئی سی وی ڈی میں علاج کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اپنی کابینہ کے ایک سال مکمل ہونے پر تفصیلی میڈیا بریفنگ دی اور کہا کہ ہماری حکومت کی تمام کامیابیاں بھٹو خاندان کے وژن اور بلاول بھٹو زرداری کی قیادت کا نتیجہ ہیں۔انھوں نے بتایا کہ 2022کے سیلاب سے متاثرہ کسانوں کے لیے ایک لاکھ 68 ہزار ہاری کارڈ تقسیم کیے گئے ، وزیر اعلیٰ کے مطابق اس سال 196 نئی سڑکوں کی تعمیر مکمل کی گئی، جن پر 54ارب روپے خرچ ہوئے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سندھ حکومت نے دو لاکھ سولر یونٹس تقسیم کیے ، جبکہ مزید تین لاکھ یونٹس فراہم کیے جائیں گے ۔ کراچی کی مختلف سرکاری عمارتوں سمیت 24 سرکاری دفاتر کو سولرائز کیا گیا۔صحت کے میدان میں جناح اسپتال، ڈاؤ یونیورسٹی، ایس آئی یو ٹی اور انڈس اسپتال کے ساتھ پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ میں کام کیا جا رہا ہے ، جبکہ این آئی سی وی ڈی میں 14 لاکھ مریضوں کا علاج کیا گیا۔حکومت سندھ کی کارکردگی پر سید مراد علی شاہ نے مزید بتایا کہ ریسکیو 1122 کا مانیٹرنگ سسٹم قائم کر دیا گیا ہے اور 110 نئی ریسکیو گاڑیاں شامل کی گئی ہیں۔انھوں نے کہا کہ ان کی حکومت عوامی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے ۔
.ذریعہ: Juraat
پڑھیں:
دریائے چناب اور دریائے سندھ کے مختلف مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب, قریبی علاقوں میں الرٹ جاری
دریائے چناب اور دریائے سندھ کے مختلف مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ۔فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن (ایف ایف ڈی)کے مطابق دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ اور قادرآباد کے مقامات پر پانی کی سطح میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ہیڈ مرالہ پر پانی کی آمد ایک لاکھ 44 ہزار 378 کیوسک اور اخراج ایک لاکھ 20 ہزار 728 کیوسک ریکارڈ کیا گیا جبکہ قادرآباد پر پانی کی آمد ایک لاکھ 19 ہزار 844 کیوسک جبکہ اخراج ایک لاکھ 4 ہزار 844 کیوسک ریکارڈ ہوا۔اسی طرح دریائے سندھ کے مختلف مقامات پر بھی پانی کی سطح بلند ہوگئی ، تربیلا بیراج پر آمد 3 لاکھ 58 ہزار کیوسک اور اخراج 3 لاکھ 49 ہزار 900 کیوسک ہے، کالاباغ پر پانی کی آمد 3 لاکھ 66 ہزار 503 کیوسک اور اخراج 3 لاکھ 58 ہزار 503 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔چشمہ بیراج پر پانی کی آمد 3 لاکھ 59 ہزار 753 کیوسک جبکہ اخراج 3 لاکھ 40 ہزار 753 کیوسک ہے۔اس کے علاوہ تونسہ بیراج پر آمد 3 لاکھ 11 ہزار 896 کیوسک اور اخراج 3 لاکھ 5 ہزار 396 کیوسک ریکارڈ ہوا جبکہ گڈو بیراج پر پانی کی آمد 3 لاکھ 45 ہزار 474 کیوسک اور اخراج 3 لاکھ 12 ہزار 781 کیوسک ہے۔ایف ایف ڈی کے مطابق تمام مقامات پر اس وقت نچلے درجے کا سیلاب موجود ہے تاہم اگر بارشوں کا سلسلہ جاری رہا تو صورتِ حال مزید سنگین ہو سکتی ہے، متعلقہ حکام نے قریبی علاقوں کے رہائشیوں کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔