15 ملین درخت لگانے کا ہدف گرین زون کیلئے 12 ہزار مقام منتخب، ہر طبقہ شجرکاری میں شامل ہو: مریم نواز
اشاعت کی تاریخ: 21st, March 2025 GMT
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی ہدایت پر جنگلات کے عالمی دن پر صوبے بھر میں شجر کاری مہم کا آغاز آج 21 مارچ سے ہوگا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کے ویژن کے مطابق مساجد، درباروں اور بھٹوں کے گرد ’’گرین زون‘‘ بنانے کا فیصلہ کیا گیا جس کے لئے 12 ہزار مقامات منتخب کر لئے گئے۔ شجر کاری مہم میں پہلی بار ہر پودے کی جیو ٹیگنگ ہوگی۔ ’’لنگز آف لاہور‘‘ اور’’رنگ آف لاہور‘‘ کے تحت شہر میں خصوصی درخت اگاؤ مہم کا بھی آغازکیا جارہا ہے۔ مہم کا عنوان ’’درخت لگاؤ‘‘ (ٹو پلانٹ اے ٹری) رکھا گیا ہے۔ عوام میں پودے تقسیم کرنے کا بھی آغاز ہو گیا۔ سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں آگاہی مہم کا بھی آغاز ہوچکا ہے۔ تعلیمی اداروں میں آگاہی سیمینارز، تقریری مقابلے اور پینٹنگ کے مقابلے بھی ہوں گے اور نماز جمعہ کے خطبات میں دینی حوالوں سے شجرکاری کی مہم کی اہمیت کو اجاگر کیا جائے گا۔ شجرکاری مہم کے لئے تمام اضلاع کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو اہداف سونپ دیئے گئے اور اس کے ساتھ ساتھ مقامی سیاسی راہنماؤں اور کارکنوں کو بھی شجر کاری مہم میں حصہ لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ صحت اور دیگر سرکاری اداروں کا عملہ بھی مہم میں حصہ لے گا اور وزراء بھی شریک ہوں گے۔ شجرکاری مہم کے لئے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی ہدایت پر براہ راست نگرانی کے لئے خصوصی ڈیش بورڈ قائم کر دیا گیا اور اس کے ساتھ ہی موبائل ایپ پر ڈیٹا اپلوڈ کیا جائے گا۔ ’’پلانٹ فار پاکستان‘‘ مہم کے تحت، نجی و سرکاری یونیورسٹیاں، ہاؤسنگ سوسائٹیاں، سرکاری دفاتر اور بے آباد اراضی پر شجرکاری ہوگی۔ ساڑھے 5 ہزار ایکڑ خالی پڑی صنعتی اراضی پر شجرکاری کی جائے گی اور ویڈیوز ریکارڈنگ کے ذریعے ریکارڈ محفوظ کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے علماء کرام، مشائخ عظام، اساتذہ، طلباء، وکلا، ڈاکٹرز، کسان، مزدور، میڈیا، سمیت تمام طبقات اور تعلیمی، تجارتی، سماجی، کاروباری اداروں، صنعتوں، کارخانوں سے شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لینے کی اپیل کی ہے۔ شجرکاری مہم کے لئے سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیر صدارت اجلاس کے دوران 15 ملین درخت لگانے کا ہدف مقررکر دیا گیا ہے۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ’’پلانٹ فار پاکستان‘‘– ’’ہر شہری ایک درخت‘‘ کا پیغام عام کرنے کیلئے عوامی آگاہی مہم ضروری ہے۔ آج درخت لگائیں گے تو آنے والی نسلوں کی زندگی کی حفاظت ہوگی۔ علاوہ ازیں مریم نوازشریف نے نوروز کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ نوروز مختلف ثقافتوں، مشترکہ روایات اور اقدار کو نمایا ں کرتا ہے۔ نوروز ایسا تہوار ہے جو خاندانوں، برادریوں اور قوموں کے درمیان تعلقات کو مضبوط کرتا ہے۔ موسم بہار کی آمد پر دنیا بھر میں نوروز منانے والی سبھی اقوام کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ ایران، افغانستان، تاجکستان، ترکمانستان، عراق، آذربائیجان اور پاکستان میں بھی نوروز کی خوشیوں میں شریک ہے۔ امید اور خوشی نوروز کا آفاقی پیغام ہے۔ نوروز تجدید مسرت، امن اور خوشحالی کی عالمگیر خواہش کی عکاسی کرتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنما حافظ حسین احمد کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور سوگوار خاندان سے ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: مریم نوازشریف شجرکاری مہم مہم کے کے لئے مہم کا
پڑھیں:
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس، تعلیمی اداروں میں اصلاحات اور معیار تعلیم کو بہتر بنانے کے لیے کئی اہم فیصلے
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ہائر ایجوکیشن سے متعلق ایک اہم اجلاس ہوا جس میں پنجاب کی تعلیمی اداروں میں اصلاحات اور معیار تعلیم کو بہتر بنانے کے لیے کئی اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے تفصیلی بریفنگ دی گئی جس میں جی سی یونیورسٹی، گورنمنٹ کالج برائے خواتین یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کو ماڈل تعلیمی ادارے بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ برطانیہ، کوریا اور قازقستان سمیت متعدد غیر ملکی یونیورسٹیوں نے پنجاب میں کیمپس بنانے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ ان یونیورسٹیوں میں یونیورسٹی آف لندن، یونیورسٹی آف برنل، یونیورسٹی آف گلاسیسٹرشائر اور یونیورسٹی آف لِیسٹر شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے اس پیشکش کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ اس سے پنجاب کی تعلیمی سطح کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔پنجاب کے سرکاری کالجز میں کالج مینجمنٹ کونسل قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا، جس کا مقصد تعلیمی اداروں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانا ہے۔ اجلاس میں "کے پی آئی" سسٹم کو پنجاب کی یونیورسٹیوں میں نافذ کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا تاکہ تدریسی معیار اور وائس چانسلرز کی کارکردگی کو بہتر طریقے سے جانچا جا سکے۔وزیراعلیٰ نے انڈر پرفارمنگ کالجز سے متعلق بھی رپورٹ طلب کی اور کہا کہ تعلیمی معیار کو یقینی بنانے کے لیے ان اداروں پر نظر رکھی جائے۔ مزید برآں، ایجوکیشن ویجی لینس سکواڈ قائم کرنے کی منظوری دی گئی جو تعلیمی اداروں میں اچانک حاضری، صفائی، معیار تعلیم اور دیگر امور کی جانچ کرے گا۔اجلاس میں سی ایم پنجاب ہونہار سکالر شپ اور لیپ ٹاپ سکیم کی بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ پنجاب کے علاوہ، دوسرے صوبوں کے 19,000 سے زائد طلبہ نے اس اسکیم میں درخواست دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس اسکیم کو مزید فعال بنانے کے لیے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔ہائر ایجوکیشن کا سٹریٹجک پلان 2025-2029 کے حوالے سے بھی اجلاس میں تفصیل سے بات چیت کی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کی یونیورسٹیوں میں تدریسی معیار، اختراعی تحقیق، تخلیقی علم، اور ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کو ترجیحات میں شامل کیا جائے گا۔پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں میں گورننس ریفارمز اور ادارہ جاتی خودمختاری لانے کی تجویز پر بھی اتفاق کیا گیا تاکہ یونیورسٹیوں کی کارکردگی میں مزید بہتری آئے۔وزیراعلیٰ نے پنجاب میں پہلی مرتبہ ہائر ایجوکیشن کانفرنس کے انعقاد کی اصولی منظوری دی جس کا مقصد تعلیمی اداروں میں درپیش چیلنجز اور ان کے حل کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔وزیراعلیٰ نے کامرس کالجز کے حوالے سے بھی رپورٹ طلب کی تاکہ غیر فعال اداروں کی بہتری کے لیے اقدامات کیے جا سکیں۔