کراچی: ڈسٹرکٹ جیل ملیر میں بھارتی قیدی کی خودکشی
اشاعت کی تاریخ: 27th, March 2025 GMT
ڈسٹرکٹ جیل ملیر میں بھارتی قیدی گورو ولد رام آنند نے گلے میں پھندا لگا کر خودکشی کرلی۔
جیل انتظامیہ کے مطابق بھارتی قیدی جیل کے واش روم میں گیا اور اس نے گلے میں رسی کا پھندا لگا کر خود کشی کرلی۔ بھارتی قیدی کی خودکشی سے متعلق مزید معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔
ملیر جیل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ملزم کو 17 فروری 2022 کو ڈسٹرکٹ جیل منتقل کیا گیا تھا۔خود کشی کا واقعہ 24 اور 25 مارچ کی درمیانی شب پیش آیا ، جیل کے ڈاکٹرز سے موت کی تصدیق کے بعد لاش کو قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا ، مجسٹریٹ کی زیر نگرانی لاش کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔
قیدی گورو کو دیگر بھارتی قیدیوں کےساتھ رکھا گیا تھا۔علاقہ پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد لاش ایدھی سرد خانے منتقل کر دی جبکہ واقعہ کی دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے ۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: بھارتی قیدی
پڑھیں:
سابق صدر عارف علوی نے غیر قانونی اقدام کیا ہے تو قانون کے مطابق کارروائی کا حکم
سابق صدر عارف علوی کے خلاف دائر اندراج مقدمے کی درخواست کا تحریری فیصلہ عدالت نے جاری کردیا۔
سیشن کورٹ لاہور نے ایف آئی اے کو قانون کے مطابق کارروائی کرنے کی ہدایت کردی ۔ عدالت نے حکم دیا کہ اگر کوئی غیر قانونی اقدام ہوا ہے تو قانون کے مطابق کارروائی کی جائے ۔
ایڈیشنل سیشن جج شفقت شہباز راجا نے کیس کا تحریری فیصلہ جاری کیا ۔
واضح رہے کہ درخواست گزار شہزادہ عدنان نے اپنے وکیل مدثر چوہدری ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر کی تھی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ عارف علوی نے بیرون ملک اپنی تقریر میں توہین آمیز الفاظ استعمال کیے۔ ایف آئی اے کو مقدمہ درج کرنے کی درخواست دی، لیکن مقدمہ درج نہیں کیا گیا ۔ عدالت عارف علوی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے۔