کراچی: فائرنگ کے مختلف واقعات میں نو عمر لڑکے سمیت تین افراد زخمی
اشاعت کی تاریخ: 28th, March 2025 GMT
کراچی میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں نوعمر لڑکے اور سیکیورٹی گارڈ سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔ نوعمر لڑکا ڈاکوؤں کی فائرنگ کا نشانہ بنا۔
تفصیلات کے مطابق موچکو کے علاقے مشرف کالونی میں ڈاکوؤں نے موبائل فون چھیننے کے دوران مزاحمت پر نو عمر لڑکے کو فائرنگ کر کے شدید زخمی کر دیا جسے فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال لیجایا گیا۔
موچکو پولیس کے مطابق مضروب کی شناخت 15 سالہ عبداللہ ولد شہباز کے نام سے کی گئی جبکہ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ عبداللہ گھر کے باہر بیٹھا ہوا تھا جسے موبائل فون چھیننے کے دوران ڈاکوؤں نے فائرنگ کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں اسے دونوں ہاتھوں پر گولیاں لگی تھیں۔
بوٹ بیسن کے علاقے کلفٹن بلاک 5 پاک ٹاور کے قریب فائرنگ کے واقعہ میں سیکیورٹی گارڈ زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لیے جناح اسپتال لیجایا گیا۔
بوٹ بیسن پولیس کا کہنا ہے کہ مضروب کی شناخت آصف کے نام سے کی گئی جبکہ واقعہ گارڈ سے اتفاقیہ گولی چلنے کے باعث پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے جس کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہے۔
دریں اثنا پیر آباد کے علاقے قصبہ ڈھائی نمبر شاہین ہوٹل کے قریب فائرنگ سے 22 سالہ بلال ولد تاج محمد زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال لیجایا گیا۔
پیر آباد پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ زاتی جھگڑے کے دوران پیش آیا ہے جس کی مزید چھان بین کی جا رہی ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی، مختلف علاقے کے گھروں سے 2 افراد کی گلے میں پھندا لگی لاشیں برآمد
کراچی:شہر قائد کے مختلف علاقوں میں گھروں سے 2 افراد کی گلے میں پھندا لگی لاشیں ملیں ، ابتدائی تحقیقات میں پولیس دونوں واقعات کو خودکشی بتا رہی ہے جس کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کورنگی کے علاقے ضیا کالونی میں گھر سے نوجوان کی گلے میں پھندا لگی لاش ملی جسے ایدھی کے رضا کاروں نے ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال پہنچایا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ متوفی کی شناخت 17 سالہ حیدر علی کے نام سے کی گئی۔
جبکہ کورنگی پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر واقعہ گلے میں رسی کا پھندا لگا کر خودکشی کا بتایا جا رہا ہے جس کی پولیس مزید چھان بین کر رہی ہے۔
چاکیواڑہ 2 نمبر جھٹ پٹ مارکیٹ کے قریب رہائشی عمارت کے فلیٹ سے ایک شخص کی گلے میں پھندا لگی لاش ملی جسے ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دی گئی۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ متوفی کی شناخت 36 سالہ نعیم کے نام سے کی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اہلخانہ نے بیان دیا ہے کہ متوفی کا ذہنی توازن درست نہیں تھا اور اس سے قبل بھی خودکشی کی کوشش کر چکا ہے۔
تاہم پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد متوفی کی لاش ورثا کے حوالے کر دی جبکہ واقعے کی پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے ۔