مقبوضہ کشمیر؛ مودی سرکار نے عید کی نماز سے بھی روک دیا
اشاعت کی تاریخ: 31st, March 2025 GMT
دنیا کے متعدد ممالک میں عید الفطر آج بروز پیر مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی۔
گزشتہ روز سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک سمیت مختلف ممالک میں عید الفطر منائی گئی تھی جب کہ ایشیائی ممالک میں آج یکم شوال تھی۔
مودی سرکار نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری نگر کی تاریخی مرکزی جامع مسجد میں عید کی نماز کی ادا کرنے سے روک دیا۔
خیال رہے کہ انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے اعلان کیا تھا کہ عیدالفطر کی نماز آج صبح 10 بجے سرینگر کی تاریخی عیدگاہ میں ادا کی جائے گی۔
انجمن اوقاف جامع مسجد نے قابض حکام سے اپیل کی تھی کہ شب قدر اور جمعتہ الوداع کی طرح نماز عید کی ادائیگی میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ کریں۔
تاہم جب مسلمانوں کی بڑی تعداد تاریخی جامع مسجد نماز پڑھنے پہنچی تو قابض بھارتی فوج کے اہلکاروں نے انھیں عید گاہ میں داخل ہونے سے روک دیا۔
قابض بھارتی فوج نے رات بھر حریت پسند کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے اور رہنماؤں کو گھروں میں نظر بند کردیا۔
اس کے باوجود غیور اور بہادر کشمیریوں نے عید الفطر مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی اور عید کے اجتماعات کے بعد بھارتی فوج کے خلاف مظاہرے بھی کیے گئے۔
علاوہ ازیں بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کی جامع مسجد میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع ہوا۔ تمام ریاستوں کے کھلے میدانوں میں نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے۔
امریکا، کینیڈا اور برطانیہ سمیت چند یورپی ممالک میں کچھ لوگوں نے کل عید الفطر منائی تھی جب کہ کچھ آج منا رہے ہیں۔
.
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: عید الفطر ممالک میں
پڑھیں:
میرواعظ عمر فاروق نے ایک ماہ بعد جامع مسجد سرینگر میں جمعہ خطبہ دیا، پہلگام حملہ پر شدید ردعمل
حریت کانفرنس کے چیئرمین نے کہا کہ افسوس کیساتھ کہنا پڑتا ہے کہ کشمیر کے سیاحتی مرکز پہلگام میں ایک نہایت ہی دل دہلا دینے والا سانحہ پیش آیا، جس نے ہمارے دل زخمی کر دیئے ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ میرواعظ کشمیر ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے ایک ماہ کی مسلسل نظر بندی کے بعد پہلی بار مرکزی جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ سے قبل ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بار بار جمعة المبارک کے دن جامع مسجد میں اپنی منصبی ذمہ داریاں نبھانے اور نماز ادا کرنے سے روکنا نہ صرف قابل مذمت ہے بلکہ یہ عمل میرے لئے اور ان تمام لوگوں کے لئے بھی نہایت تکلیفدہ ہے جو یہاں آ کر قال اللہ و قال الرسول (ص) سے فیضیاب ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی انتظامیہ کا یہ طرز عمل وادی کے تمام مسلمانوں کے لئے نہایت ہی اذیت ناک ہے۔ انہوں کہا کہ میں ایک بار پھر حکام سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ ان پابندیوں کے سلسلے کو بند کریں۔ میرواعظ نے پہلگام حملہ پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ کشمیر کے سیاحتی مرکز پہلگام میں ایک نہایت ہی دل دہلا دینے والا سانحہ پیش آیا، جس نے ہمارے دل زخمی کر دیئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جن قوموں نے خود دہائیوں سے اس طرح کے غم سہے ہوں وہی اس درد کو بہتر جان سکتی ہیں کہ اس دکھ کا کیا مطلب ہے۔ میرواعظ نے کہا کہ اس وقت جب میں آپ سے مخاطب ہوں تو آپ کو وہ المناک سانحہ یاد ہوگا کیونکہ اسلامی کلینڈر کے مطابق یہ میرے والد شہید ملت میرواعظ مولوی محمد فاروق صاحب اور اُن کے ساتھ شہید ہونے والے ستر سے زائد افراد کی شہادت کی 36ویں برسی بھی ہے۔ عمر فاروق نے پہلگام میں ہوئے خونین سانحہ میں ہلاک ہونے والوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے بھی دعاگو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک تاریخی حقیقت ہے کہ کشمیری عوام ہمیشہ سے باہر سے آنے والوں خصوصاً سیاحوں کے لئے اپنے دل اور گھر کے دروازے کھولتے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہمان نوازی ہماری پہچان ہے اور کشمیری عوام نے اس المناک موقع پر ایک بار پھر انسانیت، ایثار اور مدد کے جذبے کو زندہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب کوئی مدد موجود نہ تھی، مقامی لوگوں نے خود جان کا خطرہ مول لے کر زخمیوں اور متاثرین کی مدد کی۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے ہر ممکن انداز میں سیاحوں کی مدد کی، جیسا کہ وہ ویڈیوز ظاہر کرتی ہیں جن میں سیاح شکریہ ادا کر رہے ہیں کہ کیسے لوگوں نے ان کے لئے اپنے گھر کھول دیے، انہیں کھانا فراہم کیا، ایئرپورٹس تک مفت پہنچایا اور جذباتی سہارا دیا۔ میرواعظ نے کہا کہ کشمیری عوام نے اس انسانی سانحہ کے خلاف اپنی بھر پور ناراضگی کا اظہار کرنے کے لئے ایک دن کی مکمل ہڑتال کی، خاموش احتجاج اور شمع بردار اجتماعات منعقد کئے اور ان ہلاکتوں کی یاد میں یکجہتی کا مظاہرہ کرکے پوری دنیا کو ایک واضح پیغام دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بڑی بدقسمتی کی بات ہے کہ ملک کے ذرائع ابلاغ کا ایک بڑا طبقہ اس سانحے کو فرقہ وارانہ رنگ دے کر کشمیریوں کے خلاف نفرت انگیز بیانیہ پھیلا رہا ہے، جس کے باعث بھارت بھر میں کشمیری، خاص طور پر طلباء، شدید عدم تحفظ کا شکار ہوگئے ہیں اور انہیں شہروں اور قصبوں سے نکلنے پر مجبور ہونا پڑا ہے جس سے ان کے اہلِ خانہ اور ہم سب کو شدید پریشانی لاحق ہے۔