ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے معلومات لیکر ڈکیتی اور اغوا میں ملوث 2 جعلی پولیس اہلکار گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 3rd, April 2025 GMT
کراچی:
ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے معلومات حاصل کرکے ڈکیتی اور اغوا کرنے والے 2 جعلی پولیس اہل کار گرفتار کرلیے گئے۔
ترجمان ایسٹ پولیس کے مطابق ملزمان ڈیجیٹل سائٹس کا ڈیٹا چوری کرکے صارفین کے گھر پہنچتے تھے اور جعلی پولیس وردی میں اپنا تعارف کرواکر گھروں میں گُھس جاتے تھے۔
ملزمان کسٹمرز کی شارٹ ٹرم کڈنیپنگ اور ڈکیتی کی وارداتیں سرانجام دیتے تھے۔ گاڑی میں واردات کرنے والے ملزمان گھروں سے قیمتی اشیا کا صفایا کرتے تھے۔ اسی دوران ملزمان شہری کو اغوا کرکے مختلف اے ٹی ایمز پر لے جاکر رقم بھی نکلواتے تھے۔
ترجمان کے مطابق جائے وقوع سے موصول سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے شناخت کے بعد ملزمان کو گرفتارکیا گیا ہے۔ملزمان سے 2 غیر قانونی 30 بور پسٹلز بمعہ ایمونیشن، موبائل فونز، ایل ای ڈی اور گھڑیاں برآمد ہوئی ہیں۔
گرفتار ملزمان سے جعلی پولیس یونیفارمز سمیت جعلی نمبر پلیٹ لگی گاڑی کو بھی قبضے میں لے لیا گیا۔ گرفتار ملزمان میں بلاول خلجی اور سید وقاص حسین شامل ہیں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: جعلی پولیس
پڑھیں:
فیصل آباد: شہریوں کے فنگر پرنٹ چوری کرکے بینک اکاؤنٹ کھلوانے والا گروہ گرفتار
فائل فوٹو
فیصل آباد میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے کارروائی کرتے ہوئے شہریوں کے فنگر پرنٹ چوری کرکے بینک اکاؤنٹس کھلوانے والے گروہ کو گرفتار کرلیا ہے۔
این سی سی آئی اے کا کہنا ہے کہ گروہ کے 4 ارکان سرگودھا سے گرفتار کیے گئے، ملزمان سے درجنوں ڈیجیٹل نشان انگوٹھا، موبائل سمز، ڈیوائسز اور برانچ لیس اکاؤنٹس برآمد کیے گئے ہیں۔
ترجمان نیشنل سائبر کرائم ایجنسی کا کہنا ہے کہ ملزمان انگوٹھے کے نشانات حاصل کرکے موبائل سمز جاری کرواتے تھے، متاثرہ افراد اپنے انگوٹھے کے نشان کے استعمال ہوجانے سے مکمل لاعلم ہوتے تھے، تحقیقات میں سرکاری اداروں میں چھپی کالی بھیڑیں بھی بےنقاب ہونے کا امکان ہے۔
سلیکون کی بجائے اب ڈیجیٹل طور پر نشان انگوٹھا کا استعمال کیا جانے لگا ہے، گرفتار 4 ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہے۔