صدرمملکت آصف علی زرداری کا ڈیرہ اسماعیل خان میں کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
اشاعت کی تاریخ: 7th, April 2025 GMT
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اپریل2025ء) صدر مملکت آصف علی زرداری نے ڈیرہ اسماعیل خان میں کامیاب آپریشن میں 9 خوارج جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد عناصر کے خاتمے اور ملکی دفاع کیلئے ہمارا عزم غیر متزلزل رہے گا۔
(جاری ہے)
پیر کو ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے انٹیلیجنس پر مبنی کارروائیوں کے دوران ہائی ویلیو ٹارگٹ سمیت فتنہ الخوارج کے 9 دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا۔
انہوں نے کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے سرغنہ کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے سرغنہ کو ہلاک کرنا سکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کا دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کامیاب کارروائیاں کرنا خوش آئند ہے۔ صدر مملکت نے فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کا بھی اظہار کیا۔.ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے سیکیورٹی فورسز صدر مملکت فورسز کی
پڑھیں:
اے ایس ایف کا کامیاب آپریشن، 1.5 کلو منشیات ضبط
ایئرپورٹس سیکیورٹی فورس نے پشاور اور ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹس پر کارروائیوں کے دوران 1.5 کلو سے زائد منشیات برآمد کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق اے ایس ایف اہلکاروں نے مسافروں کے سامان کی کمال مہارت سے تلاشی کے دوران منشیات برآمد کیں۔ ترجمان ایئرپورٹس سیکیورٹی نے بتایا کہ پشاور ایئرپورٹ پر ایک مسافر کے جوتوں کے اندر سے خفیہ طور پر چھپائی گئی 823 گرام چرس برآمد کی گئی جبکہ ملتان ایئرپورٹ پر ایک اور مسافر کے سامان سے 926 گرام آئس ہیروئن برآمد کی جو کے بیگ کے اندر بڑی ہوشیاری سے چھپائی گئی تھی۔ دونوں مسافر بیرون ملک، بالترتیب دبئی اور شارجہ، روانہ ہو رہے تھے۔ یہ کامیابیاں اے ایس ایف کے تربیت یافتہ اہلکاروں کی مسلسل نگرانی، مشکوک مسافروں کی پروفائلنگ، سامان کی ماہرانہ تلاشی اور سٹاف کی شاندار تفتیشی تکنیکوں کا نتیجہ ہیں۔ اے ایس ایف قومی مفاد، بین الاقوامی ساکھ اور مسافروں کے اعتماد کے تحفظ کے لیے کسی بھی ممکنہ خطرے اور غیر قانونی سرگرمی کے خلاف فیصلہ کن اقدام سے دریغ نہیں کرے گی۔ گرفتار ملزمان کو ابتدائی تفتیش کے بعد برآمد شدہ منشیات سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی نارکوٹکس فورس کے حوالے کر دیا گیا ہے.