پختونخوا میں موسم خشک، محکمہ موسمیات نے بارشوں کی پیش گوئی کردی
اشاعت کی تاریخ: 7th, April 2025 GMT
جنوبی اضلاع میں دن کے اوقات میں گرم رہنے کا امکان ہے، تاہم چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، ایبٹ آباد، مانسہرہ میں چند مقامات پر گرچ چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا میں خشک موسم کا سلسلہ جاری ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے بارشوں کی بھی پیش گوئی کردی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور جنوبی اضلاع میں دن کے اوقات میں گرم رہنے کا امکان ہے، تاہم چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، ایبٹ آباد، مانسہرہ میں چند مقامات پر گرچ چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ گزشتہ روز پشاور کا درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا جب کہ دیر بالا، چترال، پاراچنار کا درجہ حرارت 10، کالام 7، دیو لوئر، 11، مالم جبہ 12، ڈیرہ اسماعیل خان 23 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
.ذریعہ: Islam Times
پڑھیں:
خیبر پختونخوا میں امن و امان کے بارے صوبائی اور وفاقی حکومت کے جرگے
وزیر اعظم ہاؤس میں ہونے والے جرگے میں قبائلی راہنماؤں نے شکوہ کیا کہ صوبائی حکومت کو خطیر رقم دی گئی لیکن قبائلی اضلاع میں سکول بنا نہ ہسپتال۔ قبائلی عمائدین نے کہا کہ وفاق سے دی جانے والی رقم صوبائی حکومت کے اکاؤنٹ میں جاتی ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ قبائلی اضلاع کیلئے الگ اکاؤنٹ بنایا جائے۔ اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال، صوبائی اور وفاقی حکومت کے الگ الگ جرگے، امن و امان کی بحالی کیلئے صوبائی حکومت کے اقدامات سے نالاں قبائلی عمائدین وزیر اعظم ہاؤس پہنچ گئے۔ جرگہ میں قبائلی اضلاع کے سابق اور موجودہ سینیٹرز، ایم این ایز ملکان اور دیگر نمائندوں نے شرکت کی، جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور گورنر خیبر پختونخوا بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔
جرگے میں رانا ثناءاللہ، احسن اقبال، اختیار ولی سمیت وفاقی وزراء نے شرکت کی، آئی جی خیبر پختونخوا، چیف سیکرٹری اور ایف بی آر حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ ذرائع کے مطابق قبائلی عمائدین نے شکوہ کیا کہ خطیر رقم دی گئی لیکن قبائلی اضلاع میں سکول بنا نہ ہسپتال۔
وزیراعظم شہباز شریف نے استفسار کیا کہ قبائلی اضلاع کیلئے اب تک کتنی رقم دی جاچکی ہے۔؟ جس پر حکام نے شرکا کو بریفنگ دی کہ قبائلی اضلاع کیلئے اب تک 7 سو ارب روپے دیئے جاچکے ہیں۔ قبائلی عمائدین نے کہا کہ وفاق سے دی جانے والی رقم صوبائی حکومت کے اکاؤنٹ میں جاتی ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ قبائلی اضلاع کیلئے الگ اکاؤنٹ بنایا جائے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ امن و امان کی بحالی اور قبائلی اضلاع کیلئے فوری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ امیر مقام کی زیر صدارت کمیٹی میں قبائلیوں کو نمائندگی دی جائے، اس موقع پر شرکا نے دہشتگردی کے خلاف مل کر لڑنے کا عزم کیا۔