UrduPoint:
2026-06-03@05:35:48 GMT
عمران خان سے مشاورت ہوچکی، احتجاج پر لائحہ عمل کا اعلان جلد کر دیا جائے گا، شیخ وقاص اکرم
اشاعت کی تاریخ: 7th, April 2025 GMT
پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 اپریل 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ پارٹی کے قائد عمران خان سے مشاورت ہوچکی ہے اور اب احتجاج پر لائحہ عمل کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔ پارٹی امور پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ایک بڑی سیاسی جماعت ہے اندرونی اختلافات فطری بات ہے، تحریک انصاف کے علاوہ ملک میں کوئی ایسی سیاسی جماعت نہیں جس کے اندر احتساب کمیٹی ہو، عمران خان نے اپنی حکومت میں اپنے وزراء پر احتساب کمیٹی بنائی ہے، انہیں یہ پروا نہیں ہے کہ میڈیا یا مخالفین کیا کہیں گے۔
پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری اطلاعات کہتے ہیں کہ وزیراعلٰی خیبرپختونخواہ اپنے قائد عمران خان سے ملاقات کا استحقاق رکھتے ہیں لیکن انہیں بھی ڈیڑھ ماہ تگ و دو کے بعد ملنے دیا گیا، اس کے علاوہ عدالتی احکامات کے باوجود عمران خان کے وکلاء اور فیملی ممبران کی ملاقات نہیں ہو سکی، اب پی ٹی آئی کی جانب سے گرینڈ الائنس کے ساتھ احتجاج پر لائحہ عمل کا اعلان جلد کر دیا جائے گا اس ضمن میں عمران خان سے مشاورت ہو چکی ہے۔(جاری ہے)
بجلی قیمتوں سے متعلق وزیراعظم کے اعلان پر انہوں نے کہا کہ فی یونٹ قیمت میں ن لیگی حکومت نے 30 سے 35 روپے اضافہ کیا، دو سال بعد اس میں 7 فیصد کمی کو یہ اپنی معاشی کامیابی بتا رہےہیں، تحریک انصاف کے دور میں بجلی کا فی یونٹ تمام ٹیکس ملا کر بھی 19 سے 20 روپے تھا، اپریل 2022ء میں یہ آئی ایم ایف کی وجہ سے 30 روپے تک گیا لیکن اب یہی یونٹ ٹیکس ملا کر 60 روپے تک عوام کو پڑ رہا ہے، اب شہباز شریف یہ بتا دیں کہ 25 روپے والا یونٹ سستا تھا یا آج جو یہ بڑھکیں مار رہے ہیں کہ 7 روپے کمی کر دی وہ سستا ہے؟۔ ن لیگی شخصیات کے بیانات پر کا پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے جواب دیتے ہوئے شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ سے محروم فارم سینتالیس زدہ ٹولہ گلے پھاڑ پھاڑ کر جھوٹ بولنے اور عوام کو گمراہ کرنے کے خواب دیکھ رہا ہے، تاریخ نے ثابت کیا ہے کہ ن لیگ ملک اور اس کی سیاست کیلئے ہمیشہ ایک لعنت اور وبال ثابت ہوئی ہے، جب جب پاکستان میں جمہوریت پر آنچ آئی ہے نون لیگ آمریت کا مرکزی مہرہ بنی ہے اور اس نے قوم کے مفادات کو بیچا ہے، پاکستان کے مستقبل کو بیچ کر ان سیاسی قزاقوں نے اپنی سیاست اور اقتدار کا الو سیدھا کرنے کی کوشش کی ہے، خود سر سے لے کر پیروں تک دھڑوں اور گروہوں میں بٹی جماعت ملک کی سب سے بڑی نظریاتی اور جمہوری جماعت میں تقسیم کے خواب دیکھ رہی ہے، عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف پوری طرح متحد اور سیاسی قزاقوں سے ملک بچانے کیلئے یکسو ہے۔ ترجمان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں نمائشی کمی کا ڈھنڈورا پیٹنے والوں سے قوم بجلی کی قیمت میں کم و بیش 4 سو فیصد اضافے کا حساب مانگ رہی ہے، عوامی مینڈیٹ اور منشاء کے برعکس قوم پر مسلط کئے جانے والوں کے ہاتھوں تین سال سے جاری معاشی تباہی کا حساب بھی عوام کے ایجنڈے میں سرفہرست ہے، سیاسی انتشار کو ہوا دیکر ناجائز اور حرام اقتدار کو طول دینے کے منصوبے اب مزید کامیاب نہیں ہوں گے، قوم اپنے مینڈیٹ کی واپسی اور سیاست و حکومت سے نالائق، نکمے اور مجرم عناصر کی بے دخلی کیلئے ایک فیصلہ کن جدوجہد کی جانب بڑھ رہی ہے، عوام ہرگز اپنی آئندہ نسلوں کو چور اچکّوں اور ان کی نئی نسل کے رحم و کرم پر چھوڑنے پر آمادہ نہیں، پاکستان کی بقا و سلامتی جمہوریت کی بحالی، دستور کی حرمت کے تحفظ، قانون کی حکمرانی اور عوام کی حقیقی آزادی میں پوشیدہ ہے جنہیں درباریوں کے شور و غل سے دھندلایا نہیں جا سکتا۔.
ذریعہ
ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے تحریک انصاف کے
پڑھیں:
حکومت نے 11 ماہ میں عوام اور کاروباری اداروں کی جیبوں سے سوا 11 ہزار ارب روپے کا ٹیکس نکال لیا
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 جون2026ء) حکومت نے 11 ماہ میں عوام اور کاروباری اداروں کی جیبوں سے سوا 11 ہزار ارب روپے کا ٹیکس نکال لیا، ایف بی آر نے پہلے 11 ماہ میں 11 ہزار 257 ارب روپے ٹیکس اکٹھا کیا ، مئی میں 994 ارب روپے وصول کیے ۔ تازہ ترین حکومتی اعداد و شمار کے مطابق ایف بی آر کی ٹیکس وصولیاں نظرثانی شدہ اہداف کے مطابق جاری ہیں۔ مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد کے مطابق 864 ارب روپے کے ٹیکس شارٹ فال کا تاثر ابتدائی 14 ہزار 130 ارب روپے کے ہدف کی بنیاد پر دیا جا رہا ہے جو گمراہ کن ہے۔معاشی حالات میں تبدیلی کے بعد آئی ایم ایف کی مشاورت سے ریونیو ہدف تقریباً 13 ہزار ارب روپے تک ایڈجسٹ کیا گیا۔ مشیر وزیر خزانہ نے کہا کہ مہنگائی،درآمدات اور عالمی صورتحال میں تبدیلی کے باعث اہداف پر نظرثانی معمول کا مالی عمل ہے، نظرثانی شدہ مالی فریم ورک کیتحت ایف بی آر کی کارکردگی مضبوط،11 ماہ کا تقریباً مکمل ہدف حاصل کیا گیا، ایف بی آر نے پہلے 11 ماہ میں 11 ہزار 257 ارب روپے ٹیکس اکٹھا کیا جبکہ مئی میں 994 ارب روپے وصول کیے۔(جاری ہے)
مشیر وزیر خزانہ نے کہا کہ مئی میں ایف بی آر نے ماہانہ ہدف کا 97 فیصد جبکہ 11 ماہ کے ہدفکا 99.8 فیصد حاصل کیا، موجودہ کارکردگی ریونیو بحران یا بڑے ٹیکس شارٹ فال کے دعوؤں کی نفی کرتی ہے، جون 2026 کا 1 ہزار 727 ارب ریونیو ہدف 15 فیصد اضافے کے ساتھ نظرثانی شدہ مالی فریم ورک کے مطابق قابل حصول ہے، کاروباری طبقے اور سرمایہ کار غیر معمولی ٹیکس اقدامات سے متعلق قیاس آرائیوں پر توجہ نہ دیں، مالی معاملات پر تبصرہ پرانے اہداف کے بجائے موجودہ معاشی حقائق اور درست اعداد و شمار پر ہونا چاہیے۔