بائنانس کے بانی پاکستان کرپٹو کونسل کے اسٹریٹجک مشیر مقرر
اشاعت کی تاریخ: 7th, April 2025 GMT
بائنانس کے بانی چانگ پینگ ژاؤ کو پاکستان کرپٹو کونسل کا اسٹریٹجک مشیر مقرر کردیا گیا۔
وفاقی وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دنیا میں کرپٹو معیشت کے منظرنامے کو نئی جہت دینے والے ایک تاریخی اقدام میں، بائنانس کے بانی اور ویب 3 (Web3) کے سب سے بااثر رہنماؤں میں شمار ہونے والے چانگ پینگ ژاؤ (سی زیڈ) کو باضابطہ طور پر پاکستان کرپٹو کونسل (پی سی سی) کا اسٹریٹجک مشیر مقرر کر دیا گیا ہے۔
یہ اعلان آج پاکستان کرپٹو کونسل کے ساتھ سی زیڈ کی ملاقات کے دوران کیا گیا، ملاقات کی صدارت وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کی، جس میں چیئرمین سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی)، گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان، اور وفاقی سیکریٹریز برائے قانون و آئی ٹی سمیت اہم سرکاری شخصیات شریک ہوئیں۔
دورے کے دوران سی زیڈ نے وزیراعظم اور نائب وزیراعظم سے بھی علیحدہ ملاقاتیں کیں۔
اعلامیے کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اور پاکستان کرپٹو کونسل کے چیئرمین سینیٹر محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے، ہم دنیا کو واضح پیغام دے رہے ہیں کہ پاکستان جدت کے لیے تیار ہے، سی زیڈ کی شمولیت کے ساتھ ہم Web3، ڈیجیٹل فنانس اور بلاک چین پر مبنی ترقی کے ذریعے پاکستان کو علاقائی طاقت بنانے کے اپنے ویژن کو تیز کر رہے ہیں۔
اس موقع پر پاکستان کرپٹو کونسل کے سی ای او بلال بن صقیب کا کہنا تھا کہ پاکستان مالیاتی دنیا کے مستقبل کے لیے اپنے دروازے کھول رہا ہے اور اس سفر میں ہماری رہنمائی کے لیے سی زیڈ سے بہتر کون ہو سکتا ہے، وہ رہنما جس نے دنیا کا سب سے بڑا کرپٹو ایکسچینج قائم کیا اور اربوں لوگوں کی مالیاتی آزادی سے متعلق سوچ بدل دی۔
کونسل کے اسٹریٹجک مشیر کی حیثیت سے سی زیڈ ضوابط، انفراسٹرکچر، تعلیم اور اپنانے سے متعلق امور پر مشاورت فراہم کریں گے، اور حکومت پاکستان و نجی شعبے کے ساتھ مل کر ایک جامع، شفاف اور عالمی معیار کا کرپٹو نظام تشکیل دینے میں کردار ادا کریں گے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ اعلان کے موقع پر سی زیڈ نے کہا کہ پاکستان 24 کروڑ سے زائد افراد کا ملک ہے، جن میں سے 60 فیصد سے زیادہ کی عمر 30 سال سے کم ہے، یہاں کی صلاحیتیں بے پناہ ہیں۔
اعلامیے کے مطابق وزارت خزانہ کے تحت قائم کردہ پاکستان کرپٹو کونسل اس ڈیجیٹل تبدیلی کی قیادت کر رہی ہے، سی زیڈ کی تقرری ایک جرات مندانہ نئے دور کا آغاز ہے، جہاں پاکستان سنگاپور، دبئی اور سوئٹزرلینڈ کی صف میں کھڑا ہو کر Web3 کے لیے تیار ایک ترقی پسند قوم بننے جا رہا ہے۔
.ذریعہ: Daily Ausaf
کلیدی لفظ: پاکستان کرپٹو کونسل کے اسٹریٹجک مشیر کے لیے سی زیڈ
پڑھیں:
امریکا نے پاکستان پر 10 فیصد کمی کے بعد علاقائی ممالک میں سب سے کم ٹیرف عائد کر دیا
اسلام آباد:امریکا نے پاکستانی مصنوعات پر10 فیصد کمی کے بعد 19فیصد ٹیرف عائد کردیا ہے جوبھارت سمیت دیگر علاقائی ممالک کے مقابلے میں سب سے کم ہے۔
امریکا کی جانب سے جاری کردہ نئی ٹیرف فہرست کے مطابق بھارت پر25فیصد، بنگلہ دیش، سری لنکا، ویتنام، تائیوان پر 20 فیصد ٹیرف عائد کیا گیا ہے۔ یوں امریکا کے ساتھ تجارت میں پاکستان کو جنوبی ایشیا کے بڑے ممالک کے مقابلے میں سب سے زیادہ ترجیحی پوزیشن حاصل ہوگئی ہے۔
جمعے کو وزارت خزانہ کی جانب سے جاری بیان میں اس بات پر خوشی کا اظہارکیا گیا ہے کہ نیا ٹیرف امریکی حکام کی جانب سے ایک متوازن پالیسی کی عکاسی کرتا ہے اور پاکستان کو جنوبی و جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کے ساتھ مسابقتی حیثیت فراہم کرتا ہے۔ٹیرف کی یہ سطح پاکستان کی برآمدی استعداد بالخصوص ٹیکسٹائل کے شعبے کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہو گی۔
وزارتِ خزانہ متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ قریبی مشاورت کے بعد پرعزم ہے کہ موجودہ ٹیرف معاہدہ امریکی منڈی میں پاکستان کی موجودگی کو وسعت دینے کا ایک اہم موقع فراہم کریگا۔وزارت خزانہ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان پرامریکی ٹیرف کم شرح سے عائد ہونے کے سبب امریکا کو پاکستانی برآمدات میں20فیصد تک اضافے کی توقع ہے۔
نئی ٹیرف ڈیل کے باعث امریکا کو نئی سرمایہ کاری کرنے پر ٹیکس رعایتیں بھی حاصل ہوں گی، امریکا کے ساتھ ٹریڈ ڈیل فائنل کرنے میں ایس آئی ایف سی کی معاونت کے علاوہ یہ چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقاتوں،پاکستان کی مؤثر اور فعال خارجہ پالیسی کا بھی نتیجہ ہے۔
اس پیش رفت میں وزیراعظم شہباز شریف،وزیرخارجہ اسحاق ڈارکے امریکی حکام سے موثر رابطوں اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی کامیاب اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کا بھی اہم کردار ہے ۔
امریکی حکومت کی طرف سے دیگر ممالک پرلگائی گئی ٹیرف شرحوں میں جنوبی افریقا پر 30 فیصد،سوئٹزرلینڈ 39فیصد،ترکیہ اور اسرائیل 15فیصد،کینیڈا 35فیصد ،برطانیہ،برازیل، فاک لینڈ آئی لینڈز 10فیصد،میانمار، لائوس40فیصد،شام پر41 فیصد ٹیرف لگایا گیا ہے۔
پاکستان انڈونیشیا، ملائیشیا، فلپائن، تھائی لینڈ اور کمبوڈیا 19 فیصد ٹیرف والے ممالک میں شامل ہیں۔