وائٹ ہاؤس کیجانب ایران کیساتھ "بلاواسطہ مذاکرات" کے دعوی کی تکرار
اشاعت کی تاریخ: 9th, April 2025 GMT
جہاں ایرانی حکام نے امریکہ کیساتھ جاری مذاکرات کی بالواسطہ نوعیت پر زور دیا ہے، وہیں واشنگٹن نے ایک بار پھر دعوی کیا ہے کہ یہ مذاکرات بلاواسطہ ہونگے! اسلام ٹائمز۔ ایران کے ساتھ مذاکرات کے بارے امریکی حکام کی جانب سے سامنے آنے والے حالیہ بیانات کے بعد آج وائٹ ہاؤس نے دعوی کیا ہے کہ ایرانی فریق کے ساتھ مذاکرات "بلاواسطہ نوعیت" کے ہوں گے۔ یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے کہ جب ایران نے امریکہ کی براہ راست مذاکرات کی خواہش کے باوجود عمان میں بالواسطہ مذاکرات پر اصرار کیا جس پر امریکی فریق کو یہ شرائط ماننے پر مجبور ہونا پڑا۔ قبل ازیں انتہاء پسند امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی دعوی کیا تھا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات "بلاواسطہ" اور "اعلی سطح" پر منعقد ہوں گے۔ ایران و امریکہ کے درمیان بالواسطہ مذاکرات ہفتے کے روز عمان میں منعقد ہونے والے ہیں جس میں ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی اور مشرق وسطی کے لئے ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی نمائندے اسٹیو وائٹیکر کی جانب سے شرکت کی جائے گی۔ علاوہ ازیں امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ میں شائع ہونے والے اپنے ایک مقالے میں آج ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے بھی تاکید کی ہے کہ عمان میں امریکہ کے ساتھ ہفتے کے روز منعقد ہونے والے مذاکرات "بالواسطہ" ہیں!
.ذریعہ: Islam Times
پڑھیں:
امریکہ کے ساتھ بڑے پیمانے پر معاشی روابط بڑھانا چاہتے ہیں، محمد اورنگزیب
بلوم برگ کو انٹرویو میں وزیرِ خزانہ کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکہ سے مزید کپاس اور سویا بین خریدنے کا خواہش مند ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ٹیرف رکاوٹوں کو ختم کرنے پر بھی بات چیت جاری ہے تاکہ امریکی مصنوعات کے لیے پاکستانی منڈیوں کے دروازے کھل سکیں۔ اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ہم امریکہ کے ساتھ بڑے پیمانے پر معاشی روابط بڑھانا چاہتے ہیں، ہم تعمیری انداز میں آگے بڑھیں گے، جلد ہی ایک سرکاری وفد امریکہ جائے گا۔ عالمی جریدے بلوم برگ کو انٹرویو میں وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکہ سے مزید کپاس اور سویا بین خریدنے کا خواہش مند ہے۔
انہوں نے کہا کہ غیر ٹیرف رکاوٹوں کو ختم کرنے پر بھی بات چیت جاری ہے تاکہ امریکی مصنوعات کے لیے پاکستانی منڈیوں کے دروازے کھل سکیں۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ امریکی مصنوعات پر پاکستان میں کوئی غیر ضروری جانچ پڑتال یا رکاوٹیں ہیں تو اس کا جائزہ لینے کو تیار ہیں، پاکستان میں امریکی فرموں کی سرمایہ کاری کو خوش آمدید کہیں گے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ خصوصی طور پر کان کنی اور معدنیات کے نئے شعبوں میں امریکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کریں گے، پاکستان معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر ڈالنے کا خواہشمند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کے سفر میں سرمائے کے حصول کے لیے عالمی مالیاتی منڈیوں سے رجوع کریں گے، پاکستان کو معاشی اتار چڑھاؤ کے چکر سے نکالنا ہمارا نصب العین ہے۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان کو مستحکم ترقی کے سفر پر گامزن کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔