کینالز معاملے میں شہباز شریف اور پیپلز پارٹی دونوں شریک ہیں، عمر ایوب
اشاعت کی تاریخ: 15th, April 2025 GMT
پشاور:
پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب نے کہا ہے کہ کینالز کے معاملے میں شہباز شریف اور پیپلز پارٹی دونوں شریک ہیں۔
پشاور ہائی کورٹ میں کیس کی سماعت کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ جب ہم اپنے حق کے لیے آواز اٹھاتے ہیں تو ہمارے خلاف ایف آئی آر درج ہوتی ہیں۔ وفاقی حکومت نے میرے خلاف مقدمات کی رپورٹ جمع کرائی تو اس میں آئی جی اسلام آباد نے 2 ایف آئی آرز کو چھپایا۔
عمر ایوب کا کہنا تھا کہ آج عدالت نے حفاظتی ضمانت میں توسیع کردی ہے، اس پر شکرگزار ہیں۔ ہمارے ساتھیوں کو پارلیمنٹ کے اندر سے اٹھایا گیا، اسپیکر نے کمیٹی بنائی، اس پر کچھ نہیں ہوا۔ کینالز کے معاملے پر ہم نے قومی اسمبلی میں قرار داد جمع کرائی، وہ غائب ہو گئی۔
انہوں نے کہا کہ کینالز کے معاملے میں شہباز شریف اور پیپلزپارٹی برابر کے شریک ہیں۔ پیپلز پارٹی مگر مچھ کے آنسو بہا رہی ہے۔ مائنز اینڈ منرل ایکٹ پر بھی بات ہو رہی ہے۔ خیبرپختونخوا میں اس بل پر بات تک ہوگی جب بانی پی ٹی آئی احکامات دیں گے۔
پی ٹی آئی رہنما نے بتایا کہ آج عمران خان سے وکلا پینل کی ملاقات ہے۔ 3 ماہ ہو گئے، میں خود بانی پی ٹی آئی سے نہیں ملا۔ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ کسی طور قابل قبول نہیں ہے۔ اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہیں۔
پارٹی میں اختلافات سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی کے اندر مختلف مکاتب فکر کے لوگ بیٹھے ہوتے ہیں، ہم ایک دوسرے کے ساتھ بات کرتے ہیں۔ مسلم لیگ اور پیپلزپارٹی کی طرح ہماری پارٹی میں بادشاہت نہیں ہے۔ پارٹی میں کوئی اختلاف نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے ہفتے جنید اکرم نے ڈرون حملے کے حوالے سے خطاب کیا تھا،مجھے اطلاع ملی ہے کہ کوئی نامعلوم اسمبلی گیا اور ان کا خطاب اڑا دیا ہے۔ اسپیکر صاحب قومی اسمبلی کی پراپرٹی کی حفاظت آپ نے نہیں کی۔ بحیثیت اسپیکر آپ اپنا رول ادا کریں۔ جنید اکبر کا خطاب غائب ہوا، اس میں جو بھی ملوث ہے ان کو کیفر کردار کو پہنچائیں۔
قبل ازیں پشاور ہائی کورٹ میں مقدمات کی تفصیل کے لیے دائر درخواست پر سماعت جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ اور جسٹس صلاح الدین نے کی، جس میں عدالت نے عمر ایوب کو 15 مئی تک حفاظتی ضمانت دے دی۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی عمر ایوب
پڑھیں:
وزیراعظم شہباز شریف سے ورلڈ بینک کے ریجنل نائب صدر کی ملاقات
اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف سے ورلڈ بینک کے ریجنل نائب صدر عثمان ڈیون نے ملاقات کی ہے۔
عالمی بینک کے مشرق وسطیٰ، شمالی افریقا، افغانستان اور پاکستان کے ریجنل نائب صدر عثمان ڈیون نے وزیراعظم شہباز شریف سے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں وزیراعظم نے پاکستان کے ساتھ طویل شراکت داری پر عالمی بینک کا تہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
شہباز شریف نے خاص طور پر عالمی بینک کے صدر اجے بنگا اور پاکستان کے لیے عالمی بینک کے سابق کنٹری ڈائریکٹر ناجی بنہسین کا پاکستان کے لیے نئے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک (CPF) کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرنے پر تہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے پاکستان کی ترقی کی ترجیحات بالخصوص توانائی، انسانی وسائل ، موسمیاتی تبدیلی اور گورننس اصلاحات کے شعبوں میں CPF (Country Partnership Framewok) کے اسٹریٹجک کردار کو سراہا۔
وزیراعظم نے سندھ طاس معاہدے جیسے اہم بین الاقوامی معاہدے کو نقصان پہنچانے کے بھارت کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کی روشنی میں پاکستان کے جائز مؤقف کے لیے عالمی بینک کی اصولی حمایت کو سراہا۔
انہوں نے بین الاقوامی قانون کی پاسداری، خوشحالی کے حصول اور علاقائی امن کو برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور تمام مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے 2022 کے تباہ کن سیلاب کے دوران عالمی بینک کی بروقت اور فراخدلانہ مدد پر شکریہ ادا کیا، جس نے پاکستان کو فوری امدادی سرگرمیاں شروع کرنے اور تعمیر نو اور بحالی کے اقدامات شروع کرنے میں مدد کی۔
اس موقع پر عثمان ڈیون نے پاکستان کے دورے کے دوران پر تپاک مہمان نوازی پر وزیر اعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان کی دیرینہ شراکت داری اور معیشت کے اہم شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا اور وسعت دینے کے لیے عالمی بینک کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے پاکستان کی جاری میکرو اکنامک بحالی کی تعریف کی اور ملک کو مالیاتی استحکام اور پائیدار ترقی کی طرف لے جانے پر وزیر اعظم کی حکومت کی تعریف کی۔ انہوں نے خاص طور پر موجودہ انتظامیہ کے اصلاحاتی ایجنڈے کی تعریف کی، جس میں وزیر اعظم شہباز شریف کی مضبوط قیادت کو ادارہ جاتی جاتی اصلاحات کو آگے بڑھانے، سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے اور جامع اقتصادی ترقی کو فروغ دینے میں اہم قرار دیا۔
ملاقات کے اختتام پر حکومت پاکستان اور ورلڈ بینک کی جانب سے طویل المدتی ترقیاتی اہداف کے حصول اور پاکستان کے عوام کے لیے ایک خوشحال مستقبل کی تعمیر کے لیے آنے والے سالوں میں دونوں کے مابین تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ عزم کا اظہار کیا گیا۔