ہندو انتہا پسند تنظیم کی دھمکی کے بعد فواد خان کی فلم کا میوزک دبئی میں لانچ ہو گا
اشاعت کی تاریخ: 17th, April 2025 GMT
نیو دہلی:
معروف پاکستانی اداکار فواد خان بالی ووڈ میں اپنی واپسی کے لیے تیار ہیں، اور اس بار وہ نئی فلم عبیر گلال میں اداکارہ وانی کپور کے ساتھ جلوہ گر ہوں گے۔
فلم 9 مئی 2025 کو دنیا بھر کے سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔ تاہم بھارت میں پاکستانی فنکاروں کی شمولیت پر جاری تنازعے کے باعث فلم کو سخت مخالفت کا سامنا ہے، خاص طور پر مہاراشٹر میں، جہاں اس کی ریلیز کے خلاف احتجاج اور بائیکاٹ کی آوازیں بلند ہو رہی ہیں۔
فلم عبیر گلال کا میوزک دبئی میں لانچ کیا جائے گا، جہاں 19 اپریل کو گلوبل ولیج میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہوگی۔
اس ایونٹ میں فلم کے مرکزی کردار فواد خان اور وانی کپور کے ساتھ ساتھ معروف موسیقار امیت ترویدی بھی شریک ہوں گے، جو فلم کے چند گانے لائیو پرفارم کریں گے۔
موسیقی اس فلم کا ایک اہم جز ہے، اور ٹائٹل ٹریک خدایا عشق کو حال ہی میں ریلیز کیا گیا ہے، جسے ارجیت سنگھ اور شلپا راؤ نے گایا ہے۔
فلم کے قریبی ذرائع کے مطابق ٹیم نے ابتدا ہی سے بھارت میں ممکنہ ردِعمل کا اندازہ لگا لیا تھا، اس لیے میوزک لانچ کے لیے دبئی جیسے نیوٹرل اور فواد خان کے مضبوط مداحوں والے مقام کا انتخاب کیا گیا۔
ادھر، مہاراشٹر نونرمان سینا (ایم این ایس) کی جانب سے فلم کی مخالفت شدت اختیار کر چکی ہے۔ ایم این ایس کے سینئر رہنما امیہ کھوپکر نے فلم سازوں کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستانی فنکاروں پر مشتمل کسی فلم کو مہاراشٹر میں ریلیز نہیں ہونے دیں گے، اگر ہمت ہے تو ریلیز کر کے دکھائیں۔
یاد رہے کہ 2014 کے اڑی حملوں کے بعد بھارتی فلم انڈسٹری نے پاکستانی فنکاروں پر غیر اعلانیہ پابندی عائد کر دی تھی، تاہم 2023 میں بمبئی ہائی کورٹ نے پاکستانی اداکاروں پر مکمل پابندی کی درخواست کو مسترد کر دیا تھا۔ اس کے باوجود کچھ حلقے اب بھی پاکستانی فنکاروں کی شمولیت پر نالاں ہیں۔
عبیر گلال کی ہدایت کاری آرتی ایس بگدی نے کی ہے اور فلم کا میوزک امیت ترویدی نے کمپوز کیا ہے۔ فلم کا پروموشنل شیڈول بدستور جاری ہے اور فلم سازوں نے عندیہ دیا ہے کہ وہ دباؤ کے باوجود اپنی تخلیقی آزادی پر قائم رہیں گے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: پاکستانی فنکاروں فواد خان فلم کا
پڑھیں:
دبئی سے آئی خاتون نے کسٹم ڈیوٹی مانگنے پر 10 تولے سونا ایئر پورٹ پر پھینک دیا، پھر کیا ہوا؟
نئی دہلی (نیوز ڈیسک) تھرواننتاپورم انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اُس وقت ہنگامہ کھڑا ہو گیا جب دبئی سے آئی ایک خاتون نے کسٹمز حکام سے تکرار کے بعد اپنے زیورات ان پر پھینک دیے۔ خاتون کا تعلق بھارتی ریاست کیرالہ کے ضلع کولم سے بتایا جا رہا ہے اور وہ ایمریٹس کی پرواز سے واپس لوٹی تھیں۔
بھارتی خبررساں ادارے کے مطابق خاتون اپنے ساتھ تقریباً 120 گرام (10 تولہ) سونے کے زیورات لے کر آئی تھیں جن پر حکام نے 36 فیصد کسٹم ڈیوٹی یعنی تقریباً دو لاکھ روپے سے زائد رقم کا مطالبہ کیا۔ خاتون کا کہنا تھا کہ یہ زیورات ان کی ذاتی ملکیت ہیں اور انہوں نے انہیں بیرونِ ملک قیام کے دوران پہنا تھا اس لیے ان پر ڈیوٹی نہیں لگتی ۔ تاہم کسٹم حکام نے وضاحت کی کہ جب تک اس بات کا ثبوت نہ ہو کہ زیورات پہلے ہی انڈیا سے لے جائے گئے تھے، انہیں درآمدی مال شمار کیا جائے گا اور اس پر مکمل ڈیوٹی لاگو ہوگی۔
تنازع شدت اختیار کر گیا اور خاتون نے غصے میں آ کر اپنے بیگ اور زیورات کسٹمز کاؤنٹر پر پھینک دیے اور ٹرمینل سے باہر چلی گئیں۔ صورتحال کی نزاکت دیکھتے ہوئے کسٹمز نے فوری طور پر سی آئی ایس ایف کو مطلع کر دیا۔ کچھ دیر بعد خاتون اپنے رشتہ داروں کے ہمراہ واپس آئیں اور دوبارہ بات چیت شروع ہوئی۔ خاتون کے اہلِ خانہ کی جذباتی اپیلوں اور بحث و تکرار کے باوجود حکام نے واضح کر دیا کہ ڈیوٹی کی ادائیگی کے بغیر زیورات واپس نہیں کیے جا سکتے۔ البتہ یہ یقین دہانی کرائی گئی کہ اگر خاتون دوبارہ بیرونِ ملک سفر کریں تو وہ یہ زیورات لے جا سکتی ہیں۔
آخرکار طویل گفت و شنید کے بعد خاتون نے کسٹم حکام کی شرائط مان لیں اور اپنے خاندان کے ساتھ ایئرپورٹ سے روانہ ہو گئیں۔ حکام نے اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ آیا خاتون کے خلاف مزید کوئی قانونی کارروائی کی جائے گی یا نہیں۔
مزیدپڑھیں:کوئٹہ میں روٹی 10 روپے سستی، قیمت 30 روپے مقرر