حکومت متنازع نہری منصوبہ روکے ورنہ ساتھ نہیں چل سکتے، بلاول بھٹو نے شہباز شریف کو خبردار کردیا
اشاعت کی تاریخ: 18th, April 2025 GMT
پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو نے وفاقی حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر فی الفور دریائے سندھ پر متنازع کینالز منصوبہ نہ روکا گیا تو ہم ساتھ نہیں چل سکیں گے، وزارتوں کو لات مارتے ہیں۔
حیدرآباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اگر ہمارا مطالبہ نہ مانا گیا تو پھر ہمیشہ کی طرح مشکل وقت کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں، اصولوں پر کوئی سودے بازی نہیں ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں وی نیوز ڈیبیٹ: نہروں کے معاملے پر پنجاب اور سندھ کے وزرائے آبپاشی کے درمیان دلچسپ بحث
انہوں نے کہاکہ عمران خان نے بھی اپنے دور میں دریائے سندھ سے 2 کینالز بنانے کی منظوری دی تھی، لیکن ہم نے ڈٹ کر مقابلہ کیا اور عدم اعتماد کے ذریعے گھر بھیج دیا۔
بلاول بھٹو نے کہاکہ عمر کوٹ کے ضمنی انتخابات میں عوام نے پاکستان پیپلزپارٹی کو جتوا کر ثابت کردیا کہ وہ کینالز منصوبے کی مخالفت کرتے ہیں، ہم اس منصوبے کے خلاف اس لیے ہیں کہ اس کی وجہ سے وفاق خطرے میں ہے۔
انہوں نے کہاکہ اسلام آباد میں بیٹھے لوگ گونگے اور بہرے ہیں، انہیں عوام کی سمجھ نہیں آتی، لیکن میں اپنے عوام کے ساتھ کھڑا ہوں۔
چیئرمین پی پی پی نے کہاکہ عمر کوٹ کے ضمنی انتخابات میں 17 یتیم سیاسی پارٹیوں کو شکست ہوئی، اور حیرت کی بات یہ ہے کہ یہاں پاکستان مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی بھی ہمارے خلاف ایک پیج پر تھیں، ہمارے مخالفین اب منہ دکھانے کے قابل نہیں رہے۔
بلاول بھٹو نے کہاکہ ہم پاکستان کھپے کا نعرہ لگانے والے ہیں، بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد جب سازش ہورہی تھی تو صدر زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا۔
بلاول بھٹو نے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا قیدی نمبر 420 کا لقب دیا، اور کہاکہ متنازع کینالز کے معاملے پر ہم نے اس کا بھی ڈٹ کر مقابلہ کیا۔
انہوں نے کہاکہ ایک ایسے وقت میں جب ملک بھر میں دہشتگردی ہورہی ہے، آپ نے ایسا موضوع چھیڑ دیا جس سے بھائی کے بھائی سے لڑنے کا خطرہ ہے۔ پیپلزپارٹی اس پر خاموش نہیں رہے گی۔
بلاول بھٹو نے کہاکہ ہمیں وزارتیں نہیں عزت چاہیے، وزارتوں کو ٹھوکر مارتے ہیں، شہباز شریف کو معلوم ہونا چاہیے کہ وہ ہماری وجہ سے دو بار وزیراعظم بنے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان بھر کے کسانوں کے ہونے والے معاشی قتل کا ساتھ نہیں دے سکتے، چاہتے ہیں کہ چاروں صوبوں میں معاشی ترقی ہو اور عوام کو روزگار کے مواقع ملیں۔
انہوں نے مسلم لیگ ن پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ شیر والے عوام کا خون چوستے ہیں، ان کا ہر منصوبہ کسان دشمن ہوتا ہے، کسانوں پر اضافی ٹیکس لگا دیا گیا، اب وہ کہاں جائیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ پانی تو پہلے ہی موجود نہیں، تو کینالز بنانے کا منصوبے کا پھر کیا مطلب ہے؟ حکومت کینالز منصوبہ روکے، ہم 50 سالہ پلان بتائیں گے کہ زراعت میں کیسے ترقی کرنی ہے۔
یہ بھی پڑھیں نہریں بنانے کے معاملے پر وفاقی حکومت اور صوبہ سندھ آمنے سامنے کیوں ہیں؟
انہوں نے کہاکہ میں کیوں نہیں چاہوں گا کہ تھرپارکر اور چولستان میں ترقی، مگر سندھ کا سودا نہیں کروں گا۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
wenews بلاول بھٹو زرداری پاکستان پیپلزپارٹی تنقید خبردار کر دیا دریائے سندھ شہباز شریف عمران خان کینالز منصوبہ متنازع نہری منصوبہ مسلم لیگ ن وزیراعظم وی نیوز.ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: بلاول بھٹو زرداری پاکستان پیپلزپارٹی خبردار کر دیا دریائے سندھ شہباز شریف کینالز منصوبہ مسلم لیگ ن وی نیوز انہوں نے کہاکہ بلاول بھٹو نے کرتے ہوئے
پڑھیں:
چینی باشندوں کی سیکیورٹی کو مؤثر بنانے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسلام آباد سمیت پورے ملک میں چینی باشندوں کی سیکیورٹی کو مؤثر بنانے کے لیے متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں چینی باشندوں کی سیکیورٹی انتظامات سے متعلق اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک کا دورہ چین، پاکستان اور چین کا سیکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ سیف سٹی منصوبے اس بڑھتی ہوئی استعداد کی بہترین مثال ہیں اور پورے ملک میں عالمی معیار کے مطابق سیف سٹی منصوبے تعمیر کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہاکہ چین ہمارا دوست ملک ہے اور چین کے ساتھ بھائی چارے پر مبنی ہمارے تاریخی تعلقات ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ چینی بھائیوں کا تحفظ حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔
شہباز شریف نے کہاکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری پاکستان اور چین کا انتہائی اہم مشترکہ منصوبہ ہے جو اب اپنے دوسرے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے، جس میں دونوں ممالک کے مابین بزنس ٹو بزنس طرز پر معاملات طے کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہاکہ اس تناظر میں پاکستان میں چینی باشندوں کا تحفظ مزید اہمیت اختیار کر گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہم ملک میں چینی برادری کے لیے ایک محفوظ اور کاروبار دوست ماحول تعمیر کر رہے ہیں۔ پاکستانی معیشت میں چینی کمپنیوں کا اعتماد ہمارے معاشی مستقبل کے لیے انتہائی اہم ہے اور ہوائی اڈوں پر چینی باشندوں کی آمد و رفت کو سہولت دینے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم کو پورے ملک میں چینی باشندوں کے لیے خصوصی سیکیورٹی انتظامات کی پیشرفت سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو پورے ملک میں سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے آگاہ کیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ دہشتگردی کے خدشات کے پیش نظر چینی باشندوں کی خصوصی سیکیورٹی کے انتظامات نافذ العمل ہیں اور وفاق و تمام صوبے اس ضمن میں بھرپور تعاون کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ پورے ملک میں سیف سٹی منصوبے زیر تعمیر ہیں اور چینی باشندوں کو سفر کے لیے سیکیورٹی ایسکورٹ کی سہولت بھی دی جا رہی ہے۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ تمام نئے رہائشی منصوبوں میں سیف سٹی کے معیار کے کیمرے نصب کیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: چین خطے کی سیکیورٹی صورت حال میں استحکام کا ضامن ہے، جنرل ساحر شمشاد مرزا
اجلاس میں وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وزیر مملکت طلال چوہدری، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام شریک تھے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
wenews چینی باشندے سیف سٹی سیکیورٹی اقدامات شہباز شریف وزیر داخلہ وزیراعظم پاکستان وی نیوز