پاکستان اپنی خود مختاری اور سرحدوں کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، دفتر خارجہ
اشاعت کی تاریخ: 25th, April 2025 GMT
اسلام آباد:
دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور اس کی مسلح افواج اپنی خودمختاری، سرحدوں اور عوام کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان انڈس واٹرز ٹریٹی کو معطل کرنے کے بھارتی فیصلے کو سختی سے مسترد کرتا ہے۔ پانی پاکستان کے لیے زندگی و موت کا مسئلہ ہے اگر بھارت نے پانی روکنے یا رخ موڑنے کی کوشش کی تو یہ جنگی اقدام تصور ہوگا۔
ترجمان کے مطابق ہم سندھ طاس معاہدے پر اپنی پالیسی کا اعادہ کرتے ہیں، یہ معاہدہ 250 ملین افراد کی زندگی کا معاملہ ہے۔
ترجمان شفقت علی خان نے کہا کہ بھارت کے غیر ذمہ دارانہ رویے کے پیش نظر پاکستان تمام دو طرفہ معاہدے بشمول شملہ معاہدہ، معطل کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
ترجمان کے مطابق گزشتہ روز نیشنل سیکیورٹی کونسل کا اہم اجلاس ہوا جس میں بھارت کی طرف سے دیے گئے بیان میں موجود درپردہ دھمکی کی بھی شدید مذمت کی گئی۔
اجلاس میں عالمی برادری کو بھارت کے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی، بیرون ملک قتل کی وارداتوں اور دہشت گردی کے واقعات کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ واہگہ بارڈر فوری طور پر بند کیا جاتا ہے، صرف 30 اپریل 2025 تک واپس جانے والوں کو اجازت ہوگی۔ سارک ویزا اسکیم کے تحت بھارتی شہریوں کے تمام ویزے منسوخ کر دیے گئے، صرف سکھ یاتری مستثنا ہوں گے۔
ترجمان نے کہا کہ بھارتی نیول، ایئر اور ڈیفنس ایڈوائزرز کو ناپسندیدہ شخصیات قرار دے کر 30 اپریل تک ملک چھوڑنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ بھارتی ہائی کمیشن کے عملے کی تعداد 30 افراد تک محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
شفقت علی خان نے کہا کہ بھارتی ایئر لائنز کے لیے فضائی حدود بند کی جاتی ہیں اور بھارت کے ساتھ تمام تجارتی روابط فوری طور پر معطل کیے جاتے ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے ترکیہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ترک صدر سے ملاقات کی۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دنوں متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ نے پاکستان کا دورہ کیا، انہوں نے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سے ملاقاتیں کی۔ ملاقاتوں میں خطے اور عالمی منظر نامے پر گفتگو ہوئیں، کلچرل کوآپریشن پر ایم او یوز دستخط ہوئیں۔ روانڈا کے وزیر خارجہ نے بھی پاکستان کا دورہ کیا۔
ترجمان کے مطابق پاکستان نے پاپ فرانسیس کی وفات پر دلی افسوس کا اظہار کیا ہے، پاکستان ان کے شاندار خدمات کو سراہتا ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: انہوں نے نے کہا کے لیے
پڑھیں:
پاکستان تیار ہے، کسی بھی مہم جوئی کا انجام خطرناک ہوگا، وزیر دفاع کی بھارت کو تنبیہ
اسلام آباد:وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہے، بھارت کو مشورہ ہے کہ کسی بھی مس ایڈونچر سے باز رہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر صورتحال تیزی سے بگڑ رہی ہے، ایسے میں بھارت خبردار رہے کہ اگر کسی جارحانہ اقدام کی کوشش کی گئی تو اس کا بھرپور اور دوٹوک جواب دیا جائے گا۔
وزیرِ دفاع نے واضح الفاظ میں کہا کہ پاکستان نہ صرف تیار ہے بلکہ "دو سو فیصد تیار" ہے کہ اگر بھارت نے کوئی غلط قدم اٹھایا تو اسے اس کا سخت جواب ہی ملے گا۔
انہوں نے یاد دلایا کہ ماضی میں بھی بھارت کو فضائی حدود کی خلاف ورزی مہنگی پڑی تھی اور اس کی یادگار مثال بھارتی پائلٹ ابھی نندن کی گرفتاری اور چائے نوشی کے بعد واپسی ہے۔
خواجہ آصف نے زور دے کر کہا کہ بھارت کشیدگی کو ہوا دینے کے بجائے احتیاط کا دامن تھامے۔ پہلگام حملے میں پاکستان کو مؤرد الزام ٹھہرانے کے بھارتی دعوے کو مسترد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس واقعے میں بڑی تعداد میں مسلمان بھی جاں بحق ہوئے۔
وزیر دفاع نے بھارتی میڈیا پر بھی تنقید کی اور کہا کہ وہاں کی رپورٹنگ میں سنجیدگی کم اور فلمی رنگ زیادہ ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا دراصل بالی ووڈ سے متاثرہ ایک پروپیگنڈہ مشین ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کالعدم تنظیموں کو پاکستان کے اندر دہشت گردی کے لیے استعمال کر رہا ہے، جو کہ دراصل بھارت ہی کی پراکسیز ہیں۔
مزید برآں برطانوی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بھارت اگر جنگی جنون میں مبتلا ہوا تو نتیجہ دونوں ایٹمی ممالک کے درمیان کھلی جنگ کی صورت میں نکل سکتا ہے، جس کے اثرات صرف خطے تک محدود نہیں رہیں گے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ دنیا کو اس ممکنہ تصادم پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے کیونکہ ایک غلط قدم بڑے پیمانے پر تباہی کا باعث بن سکتا ہے۔