باعزت روزگار، منصفانہ اجرت ،سماجی تحفظ ہرمحنت کش کا بنیادی حق ، پی پی پی انہیں بااختیاربنانے کے لئے پرعزم ہے ، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری
اشاعت کی تاریخ: 1st, May 2025 GMT
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی)کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ باعزت روزگار، منصفانہ اجرت اور سماجی تحفظ ہر محنت کش کا بنیادی حق ہے ، پی پی پی محنت کش طبقے کے حقوق، وقار اور انہیں بااختیار بنانے کے متعلق اپنے تاریخی اور غیر متزلزل عزم کے ساتھ کھڑی ہے ۔ بلاول بھٹو زرداری نے لیبر ڈے کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں دنیا بھر کے مزدور وں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے یوم مزدور کی مبارکباد دی اور ان کی ثابت قدمی اور محنت کو سلام پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ محنت کش ہی ہماری معیشت اور قوم کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں،پیپلز پارٹی محنت کش طبقے کے حقوق، وقار اور انہیں بااختیار بنانے کے متعلق اپنے تاریخی اور غیر متزلزل عزم کے ساتھ کھڑی ہے۔(جاری ہے)
ان کا کہنا تھا کہ یکم مئی نہ صرف شکاگو کے مزدوروں کی قربانیوں کو یاد کرنے کا دن ہے جنہوں نے مناسب اجرت اور باعزت کام کے حالات کی جدوجہد میں اپنی جانیں دیں بلکہ یہ ہمیں اس جدوجہد کو آگے بڑھانے کا عزم بھی دلاتا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے آغاز سے ہی مزدور طبقے کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر جدوجہد کی ،قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے نہ صرف مزدوروں کو یونین سازی کا حق دیابلکہ ان کی فلاح کے لیے ای او بی آئی جیسے ادارے بھی قائم کئے، شہید محترمہ بینظیر بھٹو وزیر اعظم بنیں تو اُن کا پہلا حکم آمریت کے دور میں سیاسی بنیادوں پر قید مزدور رہنماؤں کی رہائی تھا۔ اسی طرح صدر مملکت آصف علی زرداری کے پہلے دورِ حکومت میں بھی تمام مزدور مخالف شقوں کو آئین سے نکالا گیا۔ انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کے پہلے دورِ حکومت میں تنخواہوں و پنشنز میں تاریخی اضافہ کیا گیا اور ہم اپنی قیادت کے اُس ورثے کو فخر کے ساتھ آگے بڑھا رہے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ باعزت روزگار، منصفانہ اجرت اور سماجی تحفظ ہر محنت کش کا بنیادی حق ہے، پیپلز پارٹی مزدوروں کی بہبود کو اولین ترجیح دینے والی پالیسیوں پر کاربند ہے ،اس کے مزدوروں کے لیے اقدامات میں مناسب کم از کم اجرت، طبی سہولیات، پنشنز اور محفوظ کام کی جگہیں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ڈیجیٹل دور کی اکانومی کی حقیقتوں کے مطابق مزدور قوانین کو جدید بنانے کی فوری ضرورت ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ محنت کشوں کے حقوق اور فلاح کے حوالے سے سندھ اسمبلی نے نمایاں قانون سازی کی ہے،محنت کشوں کے حقوق اور فلاح کے حوالے سے حکومتِ سندھ کے اقدامات کی مثال کسی اور صوبے میں نہیں ملتی، سندھ حکومت کا بینظیر مزدور کارڈ انقلابی اقدام ہے جس کے ذریعے مزدوروں کو تعلیم، صحت، شادی گرانٹ، مالی امداد اور وظائف جیسی بنیادی سہولیات حاصل ہوں گی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ جدوجہد اور خدمت میں محنت کشوں کے ساتھ کھڑی رہے گی۔\932.ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ کے حقوق
پڑھیں:
پاکستان و بھارت ایٹمی طاقت ہیں، خدا نہ کرے کہ کوئی ایٹمی تصادم ہو، بلاول بھٹو
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری—فائل فوٹوچیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان و بھارت ایٹمی طاقت ہیں، خدا نہ کرے کہ دونوں ممالک کے درمیان کوئی ایٹمی تصادم ہو۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے برطانوی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کسی بھی بھارتی جارحیت کا مؤثر جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ فضائیہ اور بحریہ سمیت ہماری مسلح افواج بھرپور صلاحیتوں کی حامل ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے ماضی میں دونوں ممالک کے درمیان جنگیں ہو چکی ہیں، ہماری یہی امید ہے کہ اب ایسا نہ ہو، ہوش مندی غالب آئے۔
بلاول بھٹو نے زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ بین الاقوامی برادری دونوں ممالک سے رابطے میں رہے، بین الاقوامی برادری مؤثر طور پر مداخلت کرے تاکہ کشیدگی نہ بڑھے۔
سابق وزیرِ خارجہ نے پہلگام واقعے کےحوالے سے کہا کہ اس واقعے کی ایک شفاف، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں۔
انہوں نے خواہش کا اظہار کیا کہ ایسا ماحول پیدا کیا جائے جہاں بھارت اور پاکستان مل کر کام کر سکیں۔
انہوں نے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ پاک بھارت کشیدگی میں اضافے پر یہ خدشہ ہمیشہ موجود رہتا ہے، ایسا نہ ہوا تو معاملہ کسی محدود جھڑپ کی صورت اختیار کر سکتا ہے، جھڑپ فضائیہ یا کسی اور فوجی شعبے میں ہوسکتی ہے۔ یہ جھڑپ مکمل جنگ کی شکل بھی لے سکتی ہے۔