بزنس کمیونٹی غیر جانبدار میڈیا کے ساتھ کھڑی ہے، صدر ایف پی سی سی آئی
اشاعت کی تاریخ: 3rd, May 2025 GMT
اسلام آباد :فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی ) کے صدر عاطف اکرام شیخ نے عالمی یومِ آزادی صحافت کے موقع پر دنیا بھر، بالخصوص غزہ اور پاکستان کے صحافیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد صحافت ایک جمہوری معاشرے کی بنیاد ہے۔
عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ پاکستان کا آئین آزادیٔ اظہار رائے اور آزادانہ صحافت کی مکمل ضمانت دیتا ہے، جبکہ شہریوں کے حقوق، ذمہ داریوں اور سماجی و اقتصادی مسائل سے متعلق آگاہی پیدا کرنے میں میڈیا کا کردار کلیدی ہے۔انہوں نے اس دن کو صحافیوں اور میڈیا اداروں کو درپیش چیلنجز پر غور کرنے کا موقع قرار دیا اور کہا کہ میڈیا پر غیر ضروری پابندیاں جمہوری اقدار کو کمزور اور معاشرتی تقسیم کا باعث بنتی ہیں۔صدر ایف پی سی سی آئی نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں صحافیوں کے خلاف بڑھتے ہوئے پرتشدد واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ صحافیوں کو محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کرنے کیلئے فوری اقدامات ضروری ہیں۔
انہوں نے سوشل میڈیا کے دور میں جھوٹی خبروں اور غیر مصدقہ معلومات کو میڈیا کا سب سے بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس رجحان کے سدباب کے لیے صحافتی تنظیموں اور ریاستی اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
عاطف اکرام شیخ نے یقین دہانی کرائی کہ ایف پی سی سی آئی اور بزنس کمیونٹی آزاد اور غیرجانبدار صحافت کے ساتھ کھڑی ہے اور صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل میں بھرپور تعاون فراہم کیا جائے گا۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
آزادیِ اظہار اور حقِ گوئی جمہوری معاشروں کی پہچان اور بنیاد ہیں، کامران ٹیسوری
اپنے پیغام میں گورنر سندھ نے کہا کہ صحافیوں کے خلاف جرائم میں ملوث عناصر کو کیفرِ کردار تک پہنچانا ناگزیر ہے تاکہ آزادیِ صحافت کو محفوظ بنایا جا سکے، سندھ پروٹیکشن آف جرنلسٹس ایکٹ کے تحت قائم کمیشن کو مزید فعال کردار ادا کرنا چاہیئے۔ اسلام ٹائمز۔ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے ’’صحافیوں کے خلاف جرائم سے استثنیٰ کے خاتمے کے عالمی دن‘‘ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آزادیِ اظہار اور حقِ گوئی جمہوری معاشروں کی پہچان اور بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو خوف و دباؤ سے آزاد ماحول فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ گورنر سندھ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے میں صحافیوں کے تحفظ اور انصاف کی فراہمی کو ہر ممکن یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے خلاف جرائم میں ملوث عناصر کو کیفرِ کردار تک پہنچانا ناگزیر ہے تاکہ آزادیِ صحافت کو محفوظ بنایا جا سکے۔
کامران خان ٹیسوری نے مزید کہا کہ سندھ پروٹیکشن آف جرنلسٹس ایکٹ کے تحت قائم کمیشن کو مزید فعال کردار ادا کرنا چاہیئے، جبکہ صحافیوں پر تشدد یا ہراسانی کے واقعات کی شفاف تحقیقات اور فوری انصاف یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے میڈیا اداروں، سول سوسائٹی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ صحافیوں کے تحفظ کے لیے مشترکہ طور پر مؤثر اقدامات کریں۔ گورنر سندھ نے اس موقع پر کہا کہ آئیے عزم کریں کہ پاکستان میں آزاد اور ذمہ دار صحافت کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔